پونچھ میں تین روزہ مصنوعی اعضاء کیمپ کا آغاز
حسین محتشم
پونچھ// ضلع پولیس پونچھ نے سیوک ایکشن پروگرام کے تحت پریتم سپریچول ٹرسٹ پونچھ کے ہاہمی اشتراک سے تین روزہ مفت مصنوعی اعضاء کیمپ کا آغاز کیا جس کا افتتاح ایس ایس پی پونچھ رمیشن انگرال اور ٹرسٹ کے چیئرمین سردار جگجیت سنگھ نے کیا۔ اس موقع پر ریاست اور بیرون ریاست کے ماہر ڈاکٹر بھی موجود تھے۔ یہ کیمپ تین روز تک جاری رہے گا اور اس میں ضلع پونچھ اور دیگر اضلاع کے معذوروں کو مفت آرٹیفیشیل لمبس لگائے جائیں گے۔پرتیم سپرچول ٹرسٹ کے چئیرمین نے بتایا کہ ان کے پاس پہلے روز ستر معذوروں کی رجسٹریشن ہوئی ہے جن کا تین روز قیام و طعام کا انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا اس دوران دہلی سے آئے ہوئے ڈاکٹر ان کا طبی معائنہ کریں گے اور ان کے اعضاء تیار کر کے ان کو لگایا جائے گا۔
سرنکوٹ میں دو افراد منشیات سمیت گرفتار
پونچھ// پونچھ میں جموں و کشمیر پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے منشیات کی ایک کھیپ برآمد ہوئی۔ ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال نے بتایا کہ پونچھ کے سرنکوٹ سب ڈویژن کی پولیس ٹیم سرنکوٹ کے مدانا میں معمول کی گشت پر تھی جب دو افراد کو معمول تلاشی کے لئے روکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن دونوں نے فرار ہونے کی کوشش کی۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے دونوں کو پکڑ لیا اور تلاشی میں ان کے قبضے سے 124 گرام منشیات پاؤڈر برآمد کرلی۔ دونوں کی شناخت سجاد احمد ولد مظفر احمد اور اہواز احمد ولد عبدالسلام ساکنان سیری خواجہ کے نام سے ہوئی ہے۔
بانہال میں منشیات فروش سمیت3گرفتار
بانہال// بانہال میں پیر کے روز ایک منشیات فروش کو دو افراد کے ساتھ پولیس نے گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے ہیروئن ضبط کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ معمول کی چیکنگ کے دوران پولیس پارٹی نے ایک راہگیر کو روکا اور اس کے قبضے سے 30 گرام ہیروئن ضبط کی۔ اس کی شناخت تنویر احمد عرف جمی کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق بانہال سے ہے۔حکام نے بتایا کہ دو مزید افراد کو بھی موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران تنویر نے اعتراف کیا کہ وہ نوجوانوں میں غیر قانونی طور پر کالعدم دوائیں فروخت کررہا تھا۔
نامور سیاسی و سماجی کارکن غلام محمد میر کاانتقال | متعدد سیاسی و سماجی شخصیات کا اظہار افسوس
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ کی تحصیل کاہرہ کے نامور سیاسی و سماجی کارکن غلام محمد میر مختصر علالت کے بعد پیر کو انتقال کر گئے ۔وہ 80 برس کے تھے۔مرحوم کا شمار علاقہ کے نامور سیاسی و سماجی شخصیات میں ہوتا تھا۔وہ تین بار پنچائت ہلارن کے سرپنچ بھی رہ چکے ہیں اور اپنے علاقہ میں ان کا کافی اثرو رسوخ تھا۔مرحوم جہاں آپسی معاملات کا نپٹارا کرنے میں مشہور تھے وہیں تعمیر و ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کاہرہ جائی سڑک، ہلارن ہائر سیکنڈری اسکول و علاقہ میں قائم طبی مراکز کو منظوری دلانے میں کافی جدوجہد کی ہے۔ وہ کانگریس پارٹی سے وابستہ تھے۔مرحوم نے علاقہ میں ہندو مسلم اتحاد کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ان کی وفات پر متعدد سیاسی شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔اپنے الگ الگ بیان میں سابق وزیر غلام محمد سروڑی، کانگریس رہنما غلام مصطفی بٹ، سابق ایم ایل سی نریش کمار گپتا ،سابق رکن اسمبلی دلیپ سنگھ پریہار، ڈی ڈی سی ممبر معراج الدین ملک،ندیم شریف نیاز بی ڈی سی چیرمین، سماجی کارکن آصف اقبال بٹ، سابق سرپنچ فاروق شکاری نے کہا کہ مرحوم کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا اس کا پر کرنا ناممکن ہے۔
لوگوں کو اولڈ ایج سرٹیفکیٹ تقسیم
منجاکوٹ//پرویز خان//تحصیل منجا کوٹ کے پرائمری ہیلتھ سینٹر میں محکمہ صحت کی طرف سے بلاک میڈیکل آفیسر منجا کوٹ نے اولڈ ایج سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ بلاک میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمود چوہدری نے بتایا کہ اس قسم کے کیمپ آگے بھی لگائے جائیں گے تاکہ اولڈ ایج پنشن خدمات والے لوگوں کو اس کا فائدہ ہو سکے۔
بورڈ امتحانات میں عمدہ کارکردگی | طلاب کو مبارک باد پیش
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ میں چلڈرن کیئر انسٹی ٹیوٹ یعنی الفلاح منزل باندرنا نے دسویں جماعت کے بورڈ امتحانات میں اعلی نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر چیئرمین ملت الفلاح ٹرسٹ کشتواڑ ڈاکٹر محمد اقبال ملک نے کہا کہ مذکورہ بالا ادارے کے طلبہ اکیڈیمک اور دینی علوم دونوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اس کے علاوہ کھیلوں میں بھی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں طلبہ کے ان کے شاندار نتائج پر انکی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔