کولگام میں اپنی پارٹی کا یک روزہ کنونشن منعقد | جموں و کشمیر کی روایتی سیاسی جماعتیں اپنے وعدوں سے مکر گئیں: الطاف بخاری
سری نگر//جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف احمد بخاری نے اتوار کو حالیہ ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات کے دوران جموں و کشمیر کی کچھ روایتی سیاسی جماعتوں کے کھوکھلے وعدوں کا سخت تنقید کی ہے ۔کے این ایس کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے دمحال ہانجی پورہ میں پارٹی کی جانب سے یک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے زور دے کر کہا کہ جموں و کشمیر میں ایسی سیاسی جماعتیں ایک بار پھر دہری اور انتخابی فوائد کے لئے ایکسپوز ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان سیاسی پارٹیوں کی دوغلی سیاست کو لوگوں نے دیکھا ہے کہ ان کی سیاست دھوکہ دہی کی سیاست ہے۔انہوں بتایا جن سیاسی پارٹیوں نے ڈی ڈی سی انتخابات کے دوران عوام سے دفعہ370اور 35Aکی بحالی کے وعدے کئے ، آج وہ خاموش کیوں بیٹھے ہیں ۔؟بخاری نے کہا ایسے لوگوں کو اپنے جھوٹے وعدوں پر کوئی افسوس نہیں ہے اور نا ہی ایسا کر کے شرم آتی نہیں ہے ۔تاہم انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام ان کی بدانتظامیوں اور سیاسی چال چلن کے لئے انھیں جوابدہ بنائیں گے۔ بخاری نے کہا ،’’ان سیاسی جماعتوں کو ڈی ڈی سی انتخابات سے قبل عوام سے کئے گئے وعدوں کے بارے میں جواب دینا ہوگا ۔اپنے خطاب کے دوران ، بخاری نے کہا کہ اپنی پارٹی نے کبھی بھی جذباتی نعرے بازی کا مظاہرہ نہیں کیا یا غیر سنجیدہ معاملات پر زور دیا ہے جو جموں و کشمیر میں عام طور پر عام زندگی کو متاثر کرتی ہیں۔اپنی پارٹی’ سیاست کی سچائی ‘کے اصول پر کاربند ہے اور اس نے ہمیشہ ایسے ٹھوس معاملات پر توجہ دی ہے جو لوگوں کی فلاح و بہبود سے متعلق ہیں۔ اس کے لئے ہمارا ایک سالہ سفر اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم نے اب تک کیا حاصل کیا ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے مفاد میں اور کیا سختی سے عمل پیرا ہے۔بخاری نے یہ بھی اعادہ کیا کہ ریاست کو دوبارہ حاصل کرنا اپنی پارٹی کا بنیادی مطالبہ ہے۔ بخاری نے کہا ، ہم مرکزی حکومت سے جلد از جلد جموں و کشمیر میں ریاست کے درجہ کی بحالی کے لئے درخواست کریں گے تاکہ جمہوری عمل مناسب انداز میں شروع ہوسکے۔اس ایک روزہ پارٹی کنونشن کا انعقاد پارٹی کے چیف کوآرڈینٹر عبدالمجید پڈر نے کیا تھا اور پارٹی کارکنوں اور عام عوام کی ایک بڑی تعداد نے اس میں شرکت کی۔
’پاکستان میں انتہا پسندی کے کیمپ اب بھی موجود‘ | نوجوانوں کے بندوق اُٹھانے پرفوجی سربراہ کو تشویش
سرینگر//فوج کے سربراہ جنرل منوج مکند نروانے،نے کہاہے کہ پاکستان میںجن انتہا پسند کیمپوں کی بھارت نے نشاندہی کی ہے وہ اب بھی وہاں قائم ہیں اور کشمیرمیں جو نوجوان بندوق اُٹھا کرانتہا پسندی کے راستے پرچلتے ہیں ،وہ باعث تشویش ہے۔سی این آئی کے مطابق فوج کے سربراہ جنرل منوج مکند نروانے،نے کہا کہ ایسے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ملک اور کشمیرکی تعمیروترقی میں اپنا رول نبھائیں۔انہوں نے کہا کہ فوج کشمیرمیں لوگوں کے دل جیتنے کی حکمت عملی پر کام کررہی ہے اور اس میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوںکو شامل کیا جارہا ہے تاکہ وہ کسی غلط ہاتھ میں نہ پڑے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کشمیر نوجوان بندوق کوچھوڑ کر تعلیم اورروزگار کے بارے میں فکر کریں۔ فوجی سربراہ جنرل منوج مکند نروانے ،نے کہا ہے کہ پاکستان میں جن مراکز کی نشاندہی کی ہے وہ اب بھی قائم ہیں اور بھارت کی فوج کے پاس ان کی تفصیلی معلومات ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ہمارے پاس ان مراکز کی تمام تفصیلی خفیہ معلومات ہیں۔ ان کیمپوں کاجائے وقوع، وہاں موجود افراد کی ممکنہ تعداد، وہاں تربیت حاصل کرنے والے افراد کی تفصیلات۔ اسی لیے میں نے آپ سے کہا ہے کہ ہمیں ان پر نظر رکھنا اور انتظار کرنا ہو گا۔معاہدے کی پاسداری کرنے پر پاکستان کی سنجیدگی کے بارے میں سوال پر جنرل منوج مکند نراونے، کہتے ہیں کہ پاکستان کو جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرنا ہو گی، اپنے ملک میں موجود انتہا پسندکیمپوں کو ختم کرنے کے اقدامات کرنے ہوں گے جو کہ بھارت کا بنیادی مطالبہ ہے اور 'ڈرونز کے ذریعے حدمتارکہ کے علاقے اور پنجاب کے کچھ علاقوں میں گولہ بارود پھینکنے کو بھی روکنا ہو گا۔
بڈگام میں پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کااجلاس | لوگوں کے عزت ووقار کی بحالی کیلئے عوامی تعاون لازمی:محبوبہ
بڈگام//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدرمحبوبہ مفتی نے جموں کشمیرکے لوگوں پرزوردیا ہے کہ وہ بامعنی جدوجہد کیلئے اُٹھ کھڑے ہوجائیں اور جموں کشمیر کے وقار کی بحالی کیلئے اپنے موقف کافیصلہ کریں۔بڈگام میں پارٹی کارکنوں کے ایک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ جموں کشمیرکے لوگوں کیلئے آوازبلند کرنے سے دریغ نہیں کریں گی۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے لئے یہ فیصلہ کیا ہے اور باہوش وحواس فیصلہ کیا ہے کہ میں جموں کشمیر کے لوگوں کے وقاراورحقوق کی بحالی کیلئے آوازبلند کروں گی اور نہ صرف جموں کشمیر بلکہ پورے برصغیرمیںقیام اور مفاہمت کیلئے کام کروں گی۔انہوں نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں دھوکہ دہی اور بے عزتی کوبرداشت نہیں کروں گی۔مجھے معلوم ہے کہ یہ راستہ مشکلوں سے بھرا پڑا ہے اور ہر لمحہ میراامتحان لیا جائے گا۔لیکن جموں کشمیرکی شہری اور پی ڈی پی کی صدر ہونے کے ناطے مجھ سے یہ امید کی جاسکتی ہے اور میں یقین دلاتی ہوں ،کہ پارٹی مفتی صاحب کے ایجنڈاپر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور کسی دبائو میں آکر اپنے لوگوں کو چھوڑ کر نہیں جائوں گی۔محبوبہ مفتی نے اس بات کا بھی انتباہ کیا کہ یہ جدوجہد طویل ہوگی اور اس راستے پرمشکلات ہوں گی اور یہ کمزور دلوں کاکام نہیں ہے ۔انہوں نے عوام سے اس کیلئے حمایت طلب کی اور کہا کہ وہ یہ اکیلی انجام نہیں دے سکتی۔انہوں نے کہا کہ مجھے آپ کی بھر پورحمایت چاہیے تاکہ جو ہم سے ناانصافی کرکے چھیناگیا ہے اُسے واپس حاصل کیا جائے ۔ہمیں معلوم ہے کہ اس میں مشکلات پیش آئیں گی اورہم نے باہوش وحواس یہ فیصلہ لیا ہے کہ ہم اٹھ کھڑے ہوکر لوگوں کیلئے لڑیں گے ۔ پی ڈی پی کو توڑنے کے درپے طاقتوں کویاد دلاتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہاکہ پیپلزڈیموکریٹک پارٹی ایک تحریک ہے ،ان لوگوں کی وراثت ہے جنہوں نے جموں کشمیرمیں عزت ووقاراورامن کی بحالی کیلئے اپنی جانیں نچھاور کی ہیں اور اسے خاموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت نے مجھے اور میری پارٹی کو بدنام کرنے کیلئے ہر ایک ذرائع استعمال کیالیکن ہم نے مقابلہ کیا کیوں کہ ہمارے پاس چھپانے کیلئے کچھ نہیں ہے۔ہندپاک تعلقات میں بہتری کی وکالت کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت کو میزپرآکر کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل کو حل کرنا چاہیے۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محبوب بیگ نے کہا کہ5اگست2019کے واقعات نے اس حقیقت کوعیاں کیا ہے کہ پی ڈی پی جموں کشمیر کے لوگوں کی آواز پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
آکاش مہرہ کے لواحقین سے تعزیت پرسی کی
سرینگر // پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے اتوار کو آکاش مہرہ کے گھرجاکر مہلوک کے اہلخانہ سے تعزیت کی،جسے گذشتہ مہینے جنگجووں نے ہلاک کیا تھا۔ آکاش مہرا کرشنا ڈھابہ کے مالک راجیش مہرا کا بیٹا تھا۔ جسے 17فروری کو گولی مار کرزخمی کردیا جبکہ وہ 28فروری کو فوت ہوگیا ۔ محبوبہ مفتی نے مہرا کے گھر جاکر انکے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔محبوبہ مفتی کے ہمراہ پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری محبوب بیگ بھی تھے۔
کنگن میں پاور کنال سے خاتون کی لاش برآمد
غلام نبی رینہ
کنگن//کنگن میں پاور کنال سے سمبل کی ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔اطلاعات کے مطابق ضلع گاندربل کے کائوڈیرن کنگن میں لوگوں نے علاقے سے گزرنے والی پاور کنال میں ایک لاش کو تیرتے پایا،جس کے بعد انہوں نے پولیس کو مطلع کیا۔پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے لاش کو کنال سے برآمد کرکے سب ضلع اسپتال کنگن پہنچایا۔پولیس کے مطابق قانونی لوازمات پوراکرنے کے بعدلاش کو وارثوں کے حوالے کیا گیا ،جس کی شناخت بونی بیگم زوجہ عبدالرحمان شیخ ساکن سمبل بالا گنڈ کے طور ہوئی ۔پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
امرناتھ یاترا سے قبل حضرتبل۔وائیل سڑک کی مرمت کی جائے:میاں الطاف
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے سینئررہنما اور سابق ممبراسمبلی میاں الطاف احمد نے اتوار کو صوبائی کمشنر،کشمیرپی کے پولے ،کے ساتھ ملاقات کی اور علاقے کے لوگوں کے مسائل سے انہیں باخبر کیا۔ایک بیان کے مطابق میاں الطاف نے حضرتبل ۔وائیل سڑک کی ناگفتہ بہہ حالت کامعاملہ صوبائی کمشنر کے گوش گزار کیا۔انہوں نے کہا کہ اہمیت کی حامل یہ سڑک خستہ حال ہے اور کئی بر س سے اس پر تارکول نہیں بچھایا گیاجس کی وجہ سے مسافروں کو اس سڑک پر سفر کے دوران کوفت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحتی اورامرناتھ یاترا کے نکتہ نگاہ سے یہ سڑک کافی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے صوبائی کمشنر پرزوردیا کہ اس سڑک پرامرناتھ یاترا سے قبل ہی ترجیحی طور میڈم بچھایاجائے تاکہ لوگوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے۔ میاں الطاف نے پرائمری ہیلتھ مرکز سونہ مرگ کا درجہ بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا اوریہاں مناسب اسٹاف کو تعینات کرنے کی مانگ کی،تاکہ عام لوگوں،امرناتھ یاتریوں اورسیاحوں کو کسی مشکل کاسامنا نہ کرناپڑے۔صوبائی کمشنر نے میاں الطاف کے مطالبات کو بغورسُنااوریقین دلایا کہ ان پر ہمدردانہ غورکیا جائے گا۔
عوامی خدمت نیشنل کانفرنس کاشعار: کمال
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انکی جماعت نے ہمیشہ جموں کشمیر کے تینوں خطوں کے لوگوں کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی اور بے لوث خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے۔ جموں میں پارٹی ہیڈ کواٹر پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کمال نے کہا کہ جموں کشمیر میں صدیوں کے بھائی چارے کی ریت اور امن کی مشعل فروزاں رکھنے میں نیشنل کانفرنس نے کلیدی رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے ہند پاک کی دوستی میں سرعت اور مثبت رویہ اپنانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی دوستی میں ہی عوام کی خوشحالی بالخصوص آزادی کی ضمانت ہے۔
غیرقانونی کان کنی پرروک | بڈگام اور ہندوارہ میں7 افراد گرفتار،کئی گاڑیاںضبط
سرینگر//ہندوارہ اوربڈگام میں پولیس نے ریت ومٹی کی غیرقانونی کان کنی کرکے اس کے نقل وحمل کے الزام میں7افراد کو گرفتار کرکے کئی گاڑیوںکو ضبط کیاگیا۔سی این آئی کے مطابق پولیس اسٹیشن بڈگام کی پولیس پارٹی نے نصراللہ پورہ کڈی پورہ بڈگام میں ایک ناکہ لگایا اور پانچ ٹپر گاڑیوں کو روک لیا جن کے ڈرائیوروں کی شناخت امتیاز احمد ڈار ساکن بونہما ، ساحل احمد صوفی ساکنہ حاجی باغ ، سید مدثر ساکن واگیپورہ ، تنویر احمد راتھر ساکن واترون اور بشیر احمد راتھر ساکن کرسو پاشاہی باغ سرینگر کے طور ہوئی،کو ریت ومٹی کی کھدائی کے غیر قانونی کام میں ملوث پایااور انہیں گرفتار کرکے تھانہ بڈگام منتقل کردیا گیا ،جہاں وہ زیر حراست ہیں۔ جرم میں استعمال ہونے والی تمام گاڑیوں کوبھی قبضے میں لیاگیا اور ایف آئی آر زیرنمبر 64/2021 پولیس اسٹیشن بڈگام میں درج کیا گیا ۔ادھر ہندوارہ پولیس نے غیرقانونی کان کنی کے الزام میں 2افراد کوگرفتار کیا ہے۔پولیس پارٹی نے نالہ ماور کے مختلف مقامات پرچھاپہ مارااور 3 ٹپروںکو، جو غیر قانونی کان کنی سے حاصل کئے گئے مواد کولے جا رہے تھے،روک لیا۔ان ڈرائیوروں کی شناخت نصیراحمد ڈار ساکن درنگہ بل بارہمولہ اوررامراحمد بٹ ساکن آدی پورہ سوپور کے طور ہوئی۔ملزم ڈرائیوروں میں ایک موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوااوراُسے گرفتار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔دونوں گرفتار ڈرائیوروںکوپولیس نے حراست میںلیا ہے اوران کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔
مالی سال کے اختتام پر تعمیراتی ٹھیکداروں کو مایوس کیا گیا | میگڈم کی مد میں رقومات واگزار | چھوٹے کنٹریکٹرنظرانداز: کارڈی نیشن کمیٹی
سرینگر// حکومت کی جانب سے وادی میں تعمیر و ترقی کے دروازے کھولنے کے اعلان پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے تعمیراتی ٹھیکیداروں نے کہا ہے کہ مالی سال کے اختتام ہونے پر بھی ٹھیکیداروں کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ سرینگر میں اپنے دفتر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تعمیراتی ٹھیکیداروں کے مشترکہ پلیٹ فارم سینٹرل کنٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری فاروق احمد ڈار نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکار نے ٹھیکیداروں کو بجٹ کے بعد مالی سال کے اختتام پر بھی واجب الادا رقومات کی عدم ادائیگی سے کہا۔انہوں نے کہا کہ پہلے بجٹ میں واجبات کی ادائیگی پر خاموشی کا اظہار کیا گیا اور اب مالی سال کے اختتام پر بھی وہی وطیرہ اپنایا گیا۔ ڈار نے کہا کہ کرونا وائرس کے دوران بھی تعمیراتی ٹھیکیداروں نے اپنی اور اپنے اہل و عیال کی جان خطرے میںڈال کر ائمرجنسی نوعیت کے کام کئے تاہم سرکار انہیں فراموش کر گئی۔ انہوں نے کہا کہ سابق مشیر کے کے شرما نے تمام چیف انجینئروں سے واجبات کی فہرست اور تفصیلات طلب کی تھیں،تاہم معلوم ہوتا ہے کہ چند ایک چیف انجینئر وں کو صرف میگڈم نظر آیا اور اس کے علاوہ اور کسی چیز پران کی نظر نہیں گئی۔ ڈار نے کہا کہ جہاں رپورٹوں کے مطابق میگڈم کی مد میں900 کروڑ روپے کی رقم واگزار کی گئی وہیں دیگر شعبہ جات کو فراموش کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل میں لگتا ہے کہ سابق انجینئروں نے ملی بھگت کرکے صرف ایک شعبے کو ملحوظ نظر رکھا اور چھوٹے ٹھیکیداروں کو نظرانداز کیا۔سینٹرل کنٹریکٹر س کارڈی نیشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری،جو کہ کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین بھی ہیں،نے کہا کہ ان انجینئروں کو بے نقاب کیا جائے گا،جنہوں نے چھوٹے ٹھیکیداروں کے حقوق پر شب خون مارا۔اس دوران ڈار نے تعمیراتی میٹریل کی عدم دستیابی اور ان میں ہو شربا اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سرکار سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر کان کنی پر عائد پابندی ہٹائی جائے۔انہوں نے کہا کہ میٹریل کی عدم دستیابی سے جہاں سرکاری پروجیکٹوں پر سست رفتاری سے کام چل رہا ہے،وہیں عام غریبوں کیلئے رہائشی مکانات کی تعمیر اب ایک خوب بن چکا ہے۔پریس کانفرنس میں کارڈی نیشن کمیٹی کے سیکریٹری ارشد احمد بٹ،سنیئر لیڈران اشفاق احمد خان اور عمر جاوید بھی موجود تھے۔
انجمن حمایت الاسلام ،جمعیت ہمدانیہ،علمائے احناف ، حقانی ٹرسٹ ،اپنی پارٹی، پی ڈی ایف اور پی ڈی پی یوتھ ونگ کی مبارکباد
سرینگر// انجمن حمایت الاسلام ،جمعیت ہمدانیہ،حقانی میموریل ٹرسٹ ،انجمن علمائے احناف ، اپنی پارٹی،پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ اور پی دی پی کے یوتھ لیڈر نے عوام کو شب برات کے مقدس موقع پر مبار کباد پیش کی ہے۔انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے شب برات پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس رات کو نمازوں اور تلاوت قرآن کا اہتمام کرکے توبہ و استغفار کریں۔انہوں نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہاپنی مغفرت کیلئے توبہ و استغفار کریں۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے شب برات کے مقدس موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جموں کشمیر کی خوشحالی کیلئے دعا کریں۔ انجمن علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس رات کوتوبہ و استغفار کرلیں۔حقانی ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے کہا ’’ اس متبرک رات کوہمیں اللہ کے حضور سربسجود ہونا چاہئے اور توبہ و استغفار کرلینا چاہئے ‘‘۔ انہوں نے مسلمانوں سے گزارش کی کہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں کورونا کے خاتمہ کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔ ٹرسٹ سے وابستہ دیگر اداروں نے بھی شب برات کے مقدس موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔ادھراپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے عوام کو شب برات کے مقدس موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقدس رات کواللہ کی بارگاہ میں سربسجود ہوکر توبہ و استغفار کریں۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر جموں کشمیر کی خوشحالی اور امن کیلئے دعا کریں۔ پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم محمد یاسین نے مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ کرے اس شب کے طفیل امت مسلمہ بالخصوص جموں کشمیر کو مسائل و مشکلات سے نجات ملے۔پی ڈی پی کے سٹیٹ یوتھ سیکریٹری عارف لائیگرو نے عوام کو شب برات کے مقدس موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔ایک بیان میں لائیگرو نے کہا کہ یہ رات اللہ تعالیٰ سے مغفرت مانگنے کی رات ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس مقدس رات میں امن، بھائی چارہ اورخوشحالی کیلئے دعا کریں۔
ٹرائبل ریسرچ اِنسٹی چیوٹ کھمبر ہارون | تعمیر اتی منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کریں: فاروق خان
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے کھمبر ہارون ٹرائبل ریسرچ اِنسٹی چیوٹ کھمبر ہارون سرینگر کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے تعمیراتی اور دیگر کاموں کا معائینہ کیا۔ اِس موقعہ پر سیکریٹری قبائلی اَمور ریحانہ بتول اور ریوینو، آر اینڈ بی اور محکمہ قبائلی اَمور کے دیگر اَفسران بھی موجود تھے۔متعلقہ افسر نے مشیر کوجانکاری دی کہ قبائلی ریسرچ اِنسٹی چیوٹ کی تعمیر کا تخمینہ 794 لاکھ روپے کی لاگت سے جاری ہے۔ اُنہوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ عمارت کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے البتہ گریلنگ ، بجلی، صفائی ستھرائی ، دروازے اور کھڑکیاں ، لفٹ کا کام اور دیگر کام شد و مد جاری ہیں۔مشیر نے عمل آوری ایجنسی پر زور دیا کہ وہ اَفرادی قوت اور مشینری کو مزید فعال کریں تاکہ منصوبہ مقررہ مدت کے اندر مکمل ہوسکے ۔مشیرفاروق خان نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ معیار کی وضاحتوں پر سختی سے عمل کریں اور کاموں کے معیار پر کڑی نگرانی کو یقینی بنائیں ۔ اُنہوں نے تعمیراتی ایجنسیوں سے بھی کہا کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اہداف کے حصول کے لئے اَپنی پوری کوششیں کریں۔
فیاض میر کا کپوارہ پہنچنے پر استقبال | گپکار الائنس کوایک مذاق سے تعبیر کیا
اشرف چراغ
کپوارہ//پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے لیڈر اور سابق راجیہ سبھا ممبر میر محمد فیا ض نے کہا کہ گپکار لائنس میں کچھ بھی نیا نہیں ہے بلکہ یہ الائنس ایک مذاق بن کر رہ گیا ہے ۔ان باتو ں کا ظہار انہو ں نے راجیہ سبھا ممبر سے سبکدوشی کے بعد کپوارہ میں کیا ۔سبکدوشی کے بعد فیا ض میر اتوار کو کپوارہ پہنچ گئے جہا ں سینکڑوں لوگو ں نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور جلوس کی صورت میں گھر تک پہنچایا۔فیا ض میر نے کہا کہ گپکار الائنس جس مقصد کے لئے قائم کیا گیا تھا وہ ایک اچھا قدم تھا لیکن ڈی ڈی سی الیکشن نے اس لائنس کی پول کھول دی کیونکہ کئی جماعتوں نے الائنس امیدوار کے مد مقابل اپنے امیدواردر پردہ کھڑے کئے تھے ۔انہو ں نے کہا کہ جب ای ڈی نے ڈاکٹر فاروق عبد اللہ کو طلب کیا تو گپکار الائنس میں شامل سبھی جماعتو ں نے اس کی مذمت کی لیکن جب پی ڈی پی سر پرست محبوبہ مفتی کو طلب کیا گیا تو خاموشی کیوں اختیار کی گئی ۔انہو ں نے کہا کہ ماضی کی طرح اب کشمیری عوام کے ساتھ گپکار الائنس کے نام پر دھوکہ ہو رہا ہے ۔فیا ض میر کے ہمراہ یاسر ریشی اور نذیر احمد لاوے بھی تھے ۔
مدرسہ مصباح المدارس بجبہاڑہ کاسالانہ جلسہ | حافظ قرآن کی دستار بندی ،علماء کا بچوں کی تربیت پر زور
سرینگر//مدرسہ مصباح المدارس نصیبی بجبہاڑہ میں سالانہ جلسہ انجمن علماء وائمہ مساجدکے سربراہ حافظ عبد الرحمن اشرفی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں علماء نے ادارے سے فارغ ہونے والے ایک حافظ قران کی دستاربندی کی ۔اس موقع پر علمائے کرام نے بچوں کی تعلیم و تربیت پرزور دیا۔ انہوں نے عوام سے تاکید کی کہ وہ اپنے بچوں کو مدارس و مکاتب میں داخل کریں۔ اجلاس میں مفتی غلام محی الدین مہتمم مدرسہ احسن العلوم ہاکھورہ اننت ناگ بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ حافظ ریاض الاسلام بانہال،حافظ بلال الاسلام رشیدی،مفتی ضیاء الدین ناظمی،مولانا جمال الدین ،مفتی رمیض احمد قاسمی ،مولانا ظہور احمد مفتاحی بھی موجود تھے ۔ اس موقع مدرسہ کے ناظم اعلیٰ قاری خورشید احمد رحیمی نے علماء ، عوام ، مقامی انتظامیہ اور اوقاف کمیٹی بجبہاڑہ کا شکریہ ادا کیا۔
بارہمولہ کے صحافی زرگر گلزار کی والدہ کا انتقال | سماج کے مختلف طبقوں کا اظہار تعزیت
فیاض بخاری
بارہمولہ //ضلع بارہمولہ کے سینئر صحافی زرگر گلزار ساکن بہرام پورہ کی والدہ اتوار کو مختصرعلالت کے بعد انتقال کر گئیں ۔اس دوران بارہمولہ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن اور شمالی کشمیر جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے چیئرمین کرامت قیوم کی سربراہی میں بہرام پورہ پہنچ کرنماز جنازہ میں شرکت کرنے کے بعد لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی ۔ مرحومہ کے انتقال پر کئی صحافی، سیاسی ، سماجی و دینی تنظیموں نے زرگر گلزار کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ ہومن ایڈ سوسائٹی کشمیر کے چیئرمین بشیر احمد میر نے زرگر گلزار کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔ادھر ٹنگمرگ اور پٹن جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے بھی زرگر گلزار کے ساتھ تعزیت کا اظہارکیا ہے۔جموں و کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی نے بھی تعزیت کی ہے۔سابق اسسٹنٹ انفارمیشن آفیسر بشیر احمد صوفی نے بھی صحافی گلزار احمد زرگر کی والدہ کے انتقال پر ان سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ ادھر چیئرمین جموں کشمیر سول سوسائٹی فورم عبدالقیوم وانی نے سوگوار کنبے سے تعزیت کی ہے۔
ڈاکٹر فاروق کااظہار تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے انجینئر محمد اقبال قرہ کے انتقال پر گہرے صدمے کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کے جملہ سوگواراں خصوصا اُن کے فرزند مظفر احمد قرہ کے ساتھ تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور ڈاکٹر کمال نے فون پر مرحوم کے لواحقین سے تعزیت کی۔ یاد رہے کہ مرحوم تحریک کشمیر کے ممتاز رہنما خواجہ محی الدین قرہ کے فرزند تھے۔
ایس ایس پی بارہمولہ نے قصبے کا دورہ کیا
فیاض بخاری
بارہمولہ// ایس ایس پی بارہمولہ رئیس احمد بٹ نے پولیس کے دیگر افسران کے ہمراہ بارہمولہ قصبے کا دورہ کیا ۔اُن کے ہمرہ ایڈیشنل ایس پی بارہمولہ مکیش کہکھر ، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر گلزار راشد ، ایس ایچ او بارہمولہ غضنفر اوردیگر افسران تھے ۔ دورہ کے دوران ٹریفک جام سمیت دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیااور اہلکاروں کو ہدایت دی گئی کہ بہتر سہولیات یقینی بنانے کیلئے اسٹیک ہولڈروں کے ساتھ لائحہ عمل مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی مختلف عوامی نمائندوں ، اسٹیک ہولڈرز ، قابل احترام افراد اور انجمنوں سے وابستہ افراد کے ساتھ اپنے خیالات رکھنے اور عوام کے مطالبات کے ازالے کے لئے مشترکہ مشاورتی لائحہ عمل مرتب کرنے کے ساتھ بات چیت کی جائے گی۔
مہجور کی برسی پرکئی تقریبات ہونگی
سرینگر//شاعر کشمیر مہجور کی برسی 9 اپریل کو منائی جارہی ہے۔ اس حوالے سے وادی کے اطراف و اکناف میں ادبی کانفرنسوں اور مشاعروں کا اہتمام کیا جارہاہے۔اس سلسلے میں وادی میں کئی تقربیات کا انعقاد ہونے جارہا ہے۔ادبی تنظیموں کی طرف سے آن لائن بھی سوشل میڈیا پر تقریبات منعقد ہونے جارہی ہیں۔
سوپورمیں5افراد گرفتار، نشیلی دوائیاں ضبط
سوپور/غلام محمد/منشیات مخالف مہم کے دوران سوپورولیس نے 5افرادکو گرفتارکرکے اُن کے قبضے سے نشیلی دوائیاں ضبط کی ہیں۔سوپور پولیس تھانہ سے وابستہ اہلکاروں نے کپواڑہ کراسنگ پر ناکے کے دوران ایک گاڑی زیر نمبر JKO5E-1271میں سوارپانچ افرادعبدالمجید ڈار،مدثر احمد ڈار ساکنان مہاراج پورہ سوپور، مدثراحمد راتھر ساکن چٹلورہ رفیع آباد، عمیر احمد ڈار ساکن ممکاک سوپور اورنثارر احمد ڈار ساکن آرمپورہ سوپور کو گرفتارکر کے اُنکی تحویل سے بھاری مقدار میں نشیلی دوائیاں اور نقدی رقم ضبط کر لی ۔اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر 76/2021کے تحت درج کیا گیا۔
بجلی فیس میں مجوزہ اضافہ نامنظور:کے ٹی ایم ایف
سرینگر//بجلی فیس میں مجوزہ اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے ایک دھڑے نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے جموں کشمیر بالخصوص وادی کی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔ کے ٹی ایم ایف(راتھر) کی ایک میٹنگ قائمقام صدر بشیر احمد کینو کی صدارت میں منعقد ہوئی،جس کے دوران تمام ممبران نے یک زباں ہوکر سرکار کی جانب سے بجلی فیس میں مجوزہ اضافے کی مخالفت کی۔بشیر احمد کینو نے کہا کہ سرکار کی جانب سے فیس میں اضافے کے نتیجے میں لوگ مایوس اور برہم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مرکز کی جانب سے جموں کشمیر کو ریاست سے مرکزی زیر انتظام خطے میں تبدیل کرنے کے بعد حکومت نے بار ہا اعلانات کئے کہ جموں کشمیر میں اب ترقی کے دروازے کھل جائیں گے تاہم ایسا لگتا ہے کہ سرکار اپنے وعدوں کو فراموش کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے5اگست کے مابعد صورتحال اور بعد میں کورونا لاک ڈائون سے رہی سہی کثر بھی پوری ہوئی اور تاجروں سمیت دیگر عام لوگ اور کاروباری خون کے آنسوں رو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے سرکار بجلی فیس میں اضافہ کرنے کا کس طرح سوچ سکتی ہے۔کینو نے کہا’’ ہم اس مجوزہ منصوبے اور اگرئمنٹ کو دو گناہی کرنے کی پالیسی کو یکسر طور پر مسترد کرتے ہیں‘‘۔