شیعہ فیڈریشن صدر کا دورہ پونچھ | اجلاس منعقد کر کے کیا تبادلہ خیال
پونچھ//شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں کے صدر عاشق خان ان دنوں پونچھ کے دورہ پر ہیں ۔اس دوران انھوں نے مینڈھر ،گورسائی، سرنکوٹ، پونچھ، منڈی،پلیرہ اور دیگر علاقہ جات میں حالیہ چند ماہ کے دوران وفات پا چکے کئی مرحومین کے لواحقین کے ساتھ ملاقات کر کے تعزیت کی اور ان کی ایصال ثواب کے لئے خصوصی فاتحہ خوانی کی۔اپنے دورہ کے دوران ایتوار کو انہوں نے موھڑہ بچھائی سرنکوٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا جس میں ضلع پونچھ کے تمام علاقوں کے معززین اور شعیہ فیڈریشن کے بنیادی ممبران اور کارکنان نے شرکت کی۔اس میٹنگ کی صدارت شیعہ فیڈریشن کے صوبائی صدرمولانا سید مختار حسین جعفری نے کی جنہوں نے آپسی اتفاق و اتحاد کو قائم کر کے تمام ملت کو قومی مفاد کے لئے اور بچوں کی تعلیم کا بہترین انتظام کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے دینی اداروں کو بھرپور تعاون دینے کی بھی شرکاء سے اپیل کی۔شیخ عاشق حسین خان نے کہا کہ وہ اپنی قوم کی خدمت کے لئے ہر طرح تیار ہیں ۔انھوں نے لوگوں کو شیعہ فیڈریشن کے ساتھ جڑے رہنے کی اپیل کی ۔اس میٹنگ کے دوران شیعہ فیڈریشن کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔جہاں تمام شرکاء نے اپنی اپنی آرا پیش کرتے ہوئے عاشق خان کو ہر طرح کا تعاون دینے کی یقین دہانی کی۔
نگری حادثے میں 2 خانہ بدوشوں کی موت
جموں //اتوار کے روز ضلع کٹھوعہ کے نگری کے علاقے میں موٹرسائیکل نے ایک ٹپر کو ٹکر مار کر دو نوجوان خانہ بدوشوں کو اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔جاں بحق نوجوانوں کی شناخت لیاقت علی (19) ولد مانجی اور پنچھو دین (21) ولد جمال دین ساکن جاگو میر پور ، کٹھوعہ کے طور پر ہوئی ہیپولیس کا کہنا ہے کہ سڑک حادثہ اس وقت ہوا جب ایک ٹپر نے ناگری روڈ پر موٹرسائیکل کو ٹکر ماری جس میں تصادم کے نتیجے میں دونوں نوجوان یعنی سوار اور پائلین سوار شدید زخمی ہوگئے ۔پولیس نے بتایا کہ اس سے پہلے کہ انھیں اسپتال منتقل کیا جاتا، دونوں نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ، جبکہ ٹپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی رسمی کارروائیوں کے لئے اسپتال منتقل کردیا ہے ، جبکہ مفرور ٹپر ڈرائیور کو پکڑنے کے لئے تلاش شروع کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں انکوائری کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
اودھم پور میں برادر کشی کا واقع | ایس پی او نے اپنے ساتھ کی جان لی
ادہم پور//اودھمپور میں ایک ایس پی او نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ کسی بات پر تو تو میں میں کے بعد اس پر گولیاں چلائی جس کی وجہ سے اس کا ساتھی جاں بحق ہوا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جموں ضلع ادھم پور میں جموں و کشمیر پولیس کے ایک سپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) نے مبینہ طور پر اپنی سروس رائفل سے اپنے ساتھی پر گولی چلا کر ان کی جان لے لی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آپس کی لڑائی یا برادر کشی کا یہ واقعہ ادھم پور چوک میں گزشتہ رات پیش آیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ادھم پور چوک میں رات کے قریب گیارہ بجے ملزم ایس پی او منوہر لال نے اپنے ساتھی سینئر گریڈ کانسٹیبل کاکا رام پر اپنی سروس اے کے 47 رائفل سے گولیاں چلائیںجس کے نتیجے میں کانسٹیبل خون میں لت پت وہیں پر گر پڑا جس کو اگرچہ فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیا۔ ملزم ایس پی او کو پولیس نے حراست میں لیکر معاملے کی چھان بین شروع کردی ۔
سرسوت سنگڑی چسانہ میںجشن دستار بندی
کوٹرنکہ//سرسوت سنگڑی چسانہ میں ایک روزہ جشنِ دستار فضلیت منعقد کیا گیا جس میں "سید صبدر حسین مصباحی کی دستار بندی کی گئی" جنہوں نے ختم بخآری کی۔ اس موقع پر علماء اہلسنت نے پونچھ ، راجوری ، بدھل، درہال و دیگر جگہوں سے شرکت کی۔تقریب کے دوران جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حافظ و قاری خطیب و امام راجنگر اپر گھبر "محمد شیراز رضوی" نے جب خطاب کیا اور کہا کہ "قرآن مقدس" عظیم الشان کتاب ہے جس کتاب کیلئے "اللہ رب العزت" خود ارشاد فرماتا ہے "کہ اس کتاب کو ہم نے نازل فرمایا اور ہم ہی اس کی حفاظت کریں گے ،، ( ترجمہ کنزالایمان) کون ہے ملعون وسیم رضوی جو قرآن مقدس کی طرف کیچڑ اچھالے اور یہ دعوا کرے کہ قرآن نفرت کا درس دیتا ہے۔ وسیم رضوی ہی کیا جتنے بھی اس کے آقا اسے یہ کہلوا رہے ہیں اگر ان میں سے کوئی بھی قرآن مقدس کی طرح ایک آیتہ شریفہ لا کر دکھا دے ارے تم چھبیس آیتیں کیا تم چھبیس حروف نہیں لا سکتے۔انہوںنے حکومت ہند سے گزارش کی کہ ایسے ناپاک شخص کے وجود سے ہندوستان کو پاک کیا جائے جو ہندوستان کو مہذب کے نام پر بانٹنا چاہتے ہیں اور آپسی بھاء چارے کو ختم کرنے کی سازش کر رہے ہیں ۔
محمدعارف سجادکو قانون میںڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض
جموں//محمدعارف سجادولدمحمداسماعیل ساکنہ کالابن تحصیل مینڈھرضلع پونچھ کو جموں یونیورسٹی نے قانون مضمون میں ڈاکٹرآف فلاسفی یعنی پی۔ایچ۔ڈی ڈگری تفویض کی ہے۔اسکالرموصوف نے سابق ڈین فیکلٹی آف لاء اورایچ اوڈی لاء ڈیپارٹمنٹ جموں یونیورسٹی پروفیسرکلونت سنگھ کی نگرانی میں ’’ریلیونس اینڈیوٹیلیٹی آف انفارمل میکنزم فارداسیٹلمنٹ آف میٹریمونیل ڈسپیوٹس:اے سوشیو۔ لیگل سٹڈی وِدسپیشل ریفرینس ٹوجموں اینڈکشمیر‘‘کے موضوع پرتحقیقی مقالہ لکھ کرجموں یونیورسٹی کوپیش کیا۔بعدازاں زبانی امتحان میں ماہرین قانون کے سامنے شاندارکارکردگی کامظاہرہ کیاجس کے نتیجے میں جموں یونیورسٹی نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے محمدعارف سجادکولاء میں پی ایچ ڈی یعنی ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض کی۔واضح رہے کہ محمدعارف سجادجموں وکشمیرمیں گوجربکروال قبیلے سے تعلق رکھنے والے پہلے نوجوان ہیں جنہیں قانون کے مضمون میں پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی ہے۔اس وقت محمدعارف سجاد لاء ڈیپارٹمنٹ جموں یونیورسٹی میں سینئراسسٹنٹ پروفیسرکے طورپرخدمات انجام دے رہے ہیں۔
تھنہ منڈی سوڑا پل میںتحفظ قرآن کانفرنس کا انعقاد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // اتوار کے روز تھنہ منڈی کے سوڑا پل علاقے میں حافظ ریاض شبیری کے گھر صوفی ریاض محمودی اور محمد عرفان بھٹی قادری کی معاونت سے تحفظ قرآن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقان رسولؐ نے شرکت کی جبکہ کئی نعت خوانوں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے۔اس موقع پر محمد عرفان بھٹی قادری نے بتایا کے قرآن پاک میں تابوت سکینہ کا ذکر ہے کہ اس کے وسیلے سے بنی اسرائیل کی دعائیں قبول ہوتیں اور انہیں دشمنوں کے بڑے سے بڑے لشکر پر فتح مبین ملتی تھی۔ لیکن جب قوم عمالقہ نے اس مقدس صندوق کی بے حرمتی کی تو انکے پانچ شہر ویران ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جلد از جلد مسلمانوں کے جزبات کو مجروح کرنے والے شر پسند عناصر کو پھانسی کے تختے پر لٹکائے ورنہ ہم ایسے عناصر کے خلاف دنیا کا سب سے بڑا پر امن احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔ بھٹی نے کہا کہ ہم کسی کے مذہبی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے جس سے انکے جزبات مجروح ہوں لہٰذا جو لوگ ہمارے مذہبی جزبات مجروح کرنے کے درپے ہیں ،انکے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے انھیں پابند سلاسل کیا جائے اور انھیں تختہ دار پر لٹکایا جائے۔
آرمی نے کشتواڑ میں وی ڈی سی کیلئے تربیتی پروگرام منعقد کیا
جموں //فوج نے ضلع کشتواڑ کے پہاڑی علاقہ چھاترو میں ویلج ڈیفنس کمیٹی (وی ڈی سی) کے لئے تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا۔پی آر او ڈیفنس جموں لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے بتایا ، گاؤں کی دفاعی کمیٹیوں کی استعداد کار بڑھانے کے مقصد کے تحت فوج نے ضلع کشتواڑ کے چھاترو میں ایک تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا۔ انہوں نے بتایا "اس علاقے کے 31 وی ڈی سی ممبران نے کیمپ میں شرکت کی۔"انہوں نے مزید کہا کہ "وی ڈی سی مجموعی طور پر سیکورٹی اپریٹس کا ایک اہم حصہ ہیں ، جو دور دراز دیہات میں عسکریت پسندوں کے خلاف دفاع کے لئے تشکیل دیئے گئے تھے۔ عسکریت پسندی کے خلاف دور دراز پہاڑی دیہاتوں میں اپنے دفاع کے لئے جموں و کشمیر کے وادی چناب میں 1990 کی دہائی کے وسط میں سب سے پہلے وی ڈی سی قائم کی گئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان میں گاؤں کے ساتھ ساتھ پولیس حکام شامل ہیں۔ کشتواڑ میں 3251 وی ڈی سی ممبران ہیں جن میں سے 800 مسلح ہیں۔ تربیت کے دوران ، انہوں نے کہا ، وی ڈی سی ممبران کو افادیت اور ہم آہنگی کو بہتر بنانے کی
تربیت دی گئی ہے ، اسلحہ کی دیکھ بھال اور سنبھالنے پر خصوصی زور دیا گیا۔مشترکہ تربیت کو وی ڈی سی ممبران اور مقامی حکام نے سراہا اور ان کی موجودگی اور ردعمل سے بھی یہ بات واضح ہوگئی۔