کسانوں کواراضی کامعقول معاوضہ دیاجائے
جموں و سرینگر کی مشترکہ ویلفیئرکمیٹی کامطالبہ
جموں//رنگ اورسیمی رنگ روڈ آنرس ویلفیئر کمیٹی نے حکومت سے زمین مالکان کومعقول معاوضہ واگذارکرنے کامطالبہ کیاہے۔ یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں رنگ اورسیمی رنگ روڈ آنرس ویلفیئر کمیٹی جس میں کٹھوعہ ،سانبہ،جموں، ادھم پور، پلوامہ، بڈگام، سرینگر، بارہمولہ ،بانڈی پورہ اورگاندربل اضلاع کے زمین مالکان شامل ہیں نے کہاہے کہ انہیں معقول معاوضہ نہیں دیاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ جومعاوضہ دینے کےلئے کہاجارہاہے ،مارکیٹ ویلیواس سے چارگناہ زیادہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ غریب کسانوں کے پاس اراضی ہی ہوتی ہے جس پران کادارومدارہوتاہے اوروہ بھی سستی داموں میں دےناناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہاکہ معقول معاوضے کےلئے مشترکہ جدوجہدکی جائے گی۔اس سے قبل اراضی مالکان کے وفد نے وزیرمال اے آرویری سے بھی ملاقات کرکے مانگ کی تھی کہ معقول معاوضہ دیاجائے جس پرانہیں یقین دہانی کروائی گئی تھی۔پریس کانفرنس میں جی اے پال، ایس سی دوبے، آرایس چب، کلبوشن کھجوریہ، راجہ مظفر،بی پی شرما ،غلام محی الدین پال، حاجی شیخ محمدودیگران بھی موجودتھے۔
ڈول ہستی پروجیکٹ معاہدہ
دستاویزات غائب ملوثین کو گرفتار کیا جائے
اشفاق سعید
جموں //این ایچ پی سی کے زیر قبضہ ڈول ہستی بجلی پروجیکٹ کی تعمیر کے دوران طے پائے معاہدہ کے کاغذات گم کرنے والے سرکاری اہلکاروں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ممبر اسمبلی کولگام محمد یوسف تاریگامی نے ریاستی سرکار سے جواب طلب کیا ہے کہ وہ بجلی پروجیکٹوں کی واپسی کےلئے گئے گئے اقدامات کے متعلق ایوان کو آگاہ کریں ۔تاریگامی نے ریاستی وزیر بجلی کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی سرکار این ایچ پی سی بجلی پروجیکٹ واپس کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوئی ہے جبکہ سرکار نے اپنے ایجنڈا آف الائنس میں بھی اس کا ذکر کیا ہے، سرکار کیا اقدامات کر رہی ہے ۔ تاریگامی نےمطالبہ کیا کہ اُن سرکاری اہلکاروں کو فوری طور گرفتار کیا جانا چاہئے جنہوں نے ڈول ہستی پاور پروجیکٹ کی تعمیر سے متعلق این ایچ پی سی کے ساتھ دستخط کردہ معاہدہ کے اہم دستاویزات گم کر دیئے ہیں ۔انہوں نے سندھ طاس معاہدہ کے تحت ریاست کو ہو رہے نقصان کے بارے میں تخمینہ لگانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔
پی ڈی پی کی آن لائن یوتھ ممبرشپ کاآغاز
جموں//پی ڈی پی کے یوتھ ونگ کی جانب سے صوبہ جموں میں آن لائین یوتھ ممبر شپ مہم کا آغاز کیا گیا اس سے پہلے یہ مہم صوبہ کشمیر میں شروع کی گئی تھی ۔ پی ڈی پی کے یوتھ صدر وحیدالرحمان پرا نے جموں میں اس مہم کا آغاز کیا ۔ پی ڈی پی کے یوتھ نائب صدر وریندر سنگھ سونو، جنرل سیکرٹری محسن قیوم وانی اور دیگر سینئر یوتھ لیڈر بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔پارٹی کی جانب سے شروع کی گئی ممبر شپ کا ذکر کرتے ہوئے وحیدالرحمان نے کہا کہ اس قدم سے جہاں پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط بنانے میں مدد ملے گی وہاں عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں بھی سرعت آئے گی۔انہوں نے پی ڈی پی کے ہر سطح کے کارکنوں سے کہا کہ پارٹی کے عوام دوست ایجنڈے کو زمینی سطح پر عملی جامہ پہنائیں ۔ اس موقعہ پر سینئر یوتھ لیڈر ندیم رفیق حسین خان، ایڈوکیٹ مجید شاہ پرویز حسین وفا ،وکرم بڈیال،نیرج چندیل ،نوین شرمااور دیگران موجود تھے۔