فلسطین پر اسرائیلی مظالم قابل مذمت : بھیم سنگھ
جموں//ہند-فلسطین فرینڈشپ سوسائٹی کے چیئرمین، پی ایل او کے بانی یاسر عرفات کے قریبی دوست اور سپریم کورٹ کے سینئر وکیل پروفیسر بھیم سنگھ نے غزہ، فلسطین میں اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے، جس میں غزہ میں تقریبا 20 فلسطینیوں کی گولیوں سے بھون دیا گیا تھا۔ غزہ 2005 سے اسرائیلی فوجیوں کی کنٹرول میں ہے، جبکہ غزہ فلسطین کاایک آئینی اور جغرافیائی علاقہ ہے، جس پر یہودی حکومت کا قبضہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور ہدایات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ1968 میں موٹر سائیکل پر دنیا کا سفر کے دوران اردن دریا کے مشرقی کنارے پر پی ایل او ہیرو یاسر عرفات سے ملے تھے اور ان کی دوستی یاسر عرفات کے آخری دم تک قائم رہی۔فلسطین کی تقسیم 1948 میں اقوام متحدہ میں قرارداد منظور کرکے اسرائیلی ملک فلسطین کی زمین پر قائم کر دیا گیا، جسے پروفیسر بھیم سنگھ نے اپنی ایک کتاب میں غیر قانونی اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف قرار دیا ہے۔ 1967 میں اسرائیل نے فلسطین ریاست کو بھی اپنے کنٹرول میں لے لیا، جس کی اقوام متحدہ نے قرارداد نمبر 242 اورکئی دیگر قراردادوں میں انتہائی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کو تمام فلسطینی علاقہ کو خالی کرنے کا حکم دیا تھا۔ ہندستان نے بھی اقوام متحدہ کی قرارداد کی مکمل حمایت کی تھی اور آج بھی کر رہا ہے۔ انتہائی دکھ کی بات یہ ہے کہ پانچوں مستقل رکن-امریکہ، برطانیہ، فرانس، چین اور روس اقوام متحدہ کی طرف سے منظور کی گئی کسی قرارداد کو نافذ نہیں کر سکے اور پچاس برسوں سے خاموش ہیں، جبکہ لاکھوں فلسطنیوں کو اپنے ملک سے نکالا گیا، ہزاروں کو گولیوں سے بھون دیا گیا اور ہزاروں لاپتہ ہیں۔ہندستان فلسطنیوں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے اندر اور باہر ان کے حقوق کے لئے لڑتا آ رہا ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا کہ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ بھی یہودی ریاست کے ہاتھوں کی کٹھ پتلی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2005 میں اقوام متحدہ کی مداخلت سے اسرائیلی فوجیوں کو غزہ پٹی سے باہر جانا پڑا تھا۔ اقوام متحدہ کی قرارداد میں یہ صاف کیا گیا تھا کہ غزہ پٹی فلسطین کا آئینی حصہ ہے، لیکن اسرائیل نے پھر غزہ میں اپنی فوجیوں کو بھیج کر فلسطنیوں کا رہنا دشوار کر دیا ہے۔
محکمہ پولیس کے سبکدوش ملازمین کاوفدآئی جی پی سے ملاقی
جموں//پولیس محکمہ کے سبکدوش ملازمین کا ایک وفد آئی جی پولیس جموں سے ملاقی ہوا۔ اس دوران ملازمین نے آئی جی پولیس سے کہاکہ جموں کشمیر پولیس کے سبکدوش ملازمین کے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے جبکہ سرکار کی طرف سے 2014 میں ایک حکم نامہ جاری کیا گیا تھا جس میںیہ طے پایا گیا تھاکہ تمام محکمہ جات کے سبکدوش ملازمین کی پنشن کے ساتھ ساتھ دوسری مراعات میں اضافہ کر دیا جائے گا لیکن محکمہ پولیس کے ساتھ امتیاز برتا گیا اور کچھ لوگ اس حکم نامہ کی آس میں دم توڑ گئے ۔اس دوران ملازمین نے محکمہ سے مطالبہ کیا جو سکیمیں مرکزی سرکار نے لاگوں کی ہے مہربانی کر کے وہ سکیمیںجموں کشمیر پولیس کے ملازمین کے لئے بھی لاگو کی جائیں۔انہوں نے موصوف کو یاد دلایا کہ محکمہ کے ریٹائرڈ ملازمین کے علاج و معالجہ کے لئے محکمہ کی طرف سے ضروری رقم واگزار کی جائے۔ اور سبکدوش ملازمین کے بچوں کے لئے محکمہ میں خصوصی تقرریوں کا انتظام کیا جائے ،بیٹیوں کی شادی پر کم سے کم ایک لاکھ روپے دیا جائے اورمحکمہ سے سبکدوش ہوئے ملازم کی موت پر کم سے کم 50,000روپے ان کی آخری رسومات ادا کرنے کے لئے دئے جائیں۔ان کے مطالبات کو غور سے سنا گیا اور یقین دہانی کرائی گئی کہ مسائل پر غور کیا جائے گا۔
محکمہ اوقاف اسلامیہ وقف املاک کے تحفظ میں ناکام :اصلاحی کمیٹی
جموں//گوجربکروال اصلاحی کمیٹی نے محکمہ اوقاف اسلامیہ پروقف املاک کے تحفظ کویقینی بنانے میں ناکام رہنے کاالزام عائد کیاہے۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں گوجربکروال اصلاحی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری چوہدری اخترحسین نے کہاکہ اسلامی اثاثوں کے تحفظ کامسئلہ 1947سے چلاآرہاہے لیکن اوقاف اسلامیہ جموں شرپسندوں کے ہاتھوںلوٹ کھسوٹ کاسلسلہ ہنوزجاری ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبہ جموں کے مسلمانوں کے ساتھ آزادی کے بعد سے ہی امتیازانہ سلوک روارکھاگیاہے ۔ جہاں شر پسندوں نے کسٹوڈین و اوقاف کی لوٹ کھسوٹ و بربادی کی ہے وہیں اوقاف اسلامیہ نے بھی غیرسنجیدگی کامظاہرہ کیاہے۔چودھری اختر نے ایک بیان میں کہا کہ جموں صوبہ میں اوقاف اسلامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وقف املاک کی حفاظت اوراس کے رکھ رکھائو کافریضہ نبھائے لیکن ایسانہیں کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ وقت میںکسٹوڈین املاک کے ۱۱ سے ۱۴ لاکھ کنال پر ناجائز قبضہ ہے اور وقف جائیداد 55,000 ہزار کنال کا ریکارڈ بس دس ہزار کنال تک ہی کاغذوں میں محدود رہا ہے۔چودھری اختر نے کہا آج تک وقف املاک پرشر پسند عناصرکے قبضے پراوقاف اسلامیہ کی خاموشی باعث تشویش ہے اور آج تک اوقاف اسلامیہ کے کسی بھی وزیر نے سنجیدگی ظاہر نہیں کی ہے سابقہ وزیر اوقاف نے ایمانداری دکھانے کی کوشش کی تھی لیکن ان کو سال کے اندر ہی ہٹا دیا گیا جس سے عیاں ہے کی ریاستی حکومت صوبہ جموں میں سازش کرتی ہے وقف کونسل جموں کے مسلمانوں کے لئے دھوکہ ثابت ہوا ہے ان سے کوئی بھی پیش رفت نہیں ہوئی ہے ۔چودھری اختر نے کہا کہ دور حاضر میں قبرستان اور زیارتیں ختم ہو رہی ہیں موجودہ مخلوط سرکار کے تین سالوں میں قبرستانوں اور زیارتوں پر تیزی سے قبضے کئے گئے ہیں اور سرکار کی مجرمانہ خاموشی اس کی عکاسی کرتی ہے۔اور صوبہ جموں میں سرکاری پشت پناہی سے مسلسل سازشیں ہو رہی ہیں۔
ستونت کورڈوگرہ کی والدہ کاانتقال
نیشنل کانفرنس قیادت کااظہارتعزیت
جموں//سینئرنیشنل کانفرنس لیڈران نے پارٹی کی صوبائی صدر ستونت کورڈوگرہ کی والدہ مہندرکورکی وفات پر گہرے رنج ودُکھ کااظہارکیاہے۔یہاں جاری تعزیتی پیغام میں نیشنل کانفرنس کے سرپرست ڈاکٹرفاروق عبداللہ ، کارگذارصدر فاروق عبداللہ ،صوبائی صدردویندرسنگھ رانانے ستونت کورڈوگرہ کے ساتھ گہری دکھ کااظہارکرتے ہوئے ہمدردی کااظہارکیا۔پارٹی کے دیگرلیڈران بشمول اجے سدھوترہ ،سرجیت سنگھ سلاتھیہ، مشتاق احمدبخاری،سجادکچلو، رتن لال گپتااور ٹھاکور کشمیراسنگھ ر یاستی سیکریٹری ٹھاکررچھپال سنگھ ،جاویدرانا،کمل اروڑہ ،شیخ بشیراحمد،قاضی جلال الدین ،وجے بقایا، اعجازجان ،بابو رام پال ،بملالتھرا، برج موہن شرما، بھوشن لال بٹ، حاجی محمدحسینن،جنید اعظم متو، وجے لکشمی دتہ ، گردیپ سنگھ ساسن ، دھرم ویرسنگھ جموال، جگل مہاجن ،ایس ایس بنٹی ، انل دھر، چوہدری ہارون، عبدالغنی تیلی، وجے لوچن، محمدایوب ملک، پردیپ بالی ،راجیش بخشی،دلشادبیگم ، ریتاگپتا ،رشیدہ بیگم ، پنکی بٹ، جی ایچ ملک،نارسنگھ ، کے ڈی سنگھ، راکیش سنگھ کاکا ودیگران نے بھی مہندرکورکی وفات پرگہرے صدرکااظہارکرتے ہوئے ستونت کورڈوگرہ ودیگرلواحقین کے ساتھ یکجہتی کااظہارکیاہے۔
پسماندہ طبقوں کے حقوق کے تحفظ میں ریاستی ومرکزی سرکارناکام:نیشنل کانفرنس
جموں//نیشنل کانفرنس کے ایس سی سیل کی جانب سے کالی بڑی کٹھوعہ میں نگیش کمار نے ایک روزہ کنونش کا اہتمام کیا ۔ وجے کمار لوچن چیئرمین ایس سی سیل نیشنل کانفرنس جموں صوبہ اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے ۔وجے لوچن نے اپنی تقریر میں کہا کہ مرکزی اور ریاستی سرکاریں ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار ایس سی ایس ٹی (prevention of atrocity) ایکٹ 1989 کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور یہ بھارتیہ آئین پر سیدھا حملہ ہے اور ریاستی سرکار بھی ہمارے ریزرویشن ایکٹ 2005کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔جس کی وجہ سے ریزرویشن زمرے کے لئے ترقیوں میں ریزرویشن بہت کم ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی اور ریاست میں بی جے پی ۔ پی ڈی پی کی حکومتوں میں ایس سی / ایس ٹی اور او بی سی کے طبقوں پر ظلم اور ناانصافی ہو رہی ہے ۔ اس موقعہ پر بی ایس پی ، بی جے پی اور کانگریس کے 55ورکروں نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت کی ۔ عبدالغنی تیلی کو چیئرمین او بی سی سیل نیشنل کانفرنس صوبہ جموں نے اپنی تقریر میں کہا کہ ریاستی سرکار عوام کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی گولہ باری کی وجہ سے سرحدی علاقوں کے لوگ سخت پریشان ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے اس کے علاوہ او بی سی لوگوں کو ہر سطح پر نظر انداز کیا جارہا ہے۔سبھاش چندر ضلع صدر ایس سی سیل نیشنل کانفرنس ضلع کٹھوعہ نے شکریہ کی تحریک پیش کی ۔اس کنونشن جن شخصیات نے خطاب کیا ان میں دھیان چند ،ساگر چندسابق ممبران اسمبلی ، اجیت کمارضلع صدر نیشنل کانفرنس ، شکیل احمد بلاک صدراور دیگران شامل ہیں۔
پولیس کادولاپتہ خواتین کی بازیابی کادعویٰ
ادہم پور //پولیس نے پچھلے ایک ماہ سے لا پتہ دو خواتین کی بازیابی کا دعویٰ کیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اہل خانہ کی شکایت پر پولیس تھانہ مجالتہ میں ایک شکایت درج کروائی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ مارچ 7سے خاتون لا پتہ ہو گئی ہے ۔ پولیس نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے کر مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور بالآخر اسے کھون علاقہ میں بازیاب کر لیا گیا۔دریں اثنا ٹکری علاقہ سے لاپتہ ہونے والی ایک جواں سال دوشیزہ کو بھی پولسی نے برآمد کر لیا، یہ لڑکی 27فروری سے گم تھی۔ قانونی لوازمات پرا کرنے کے بعد دونوں خواتین کو اہل خانہ کے سپرد کر دیا گیا ہے ۔
شراب ضبط، خاتون گرفتار
ادہم پور//ضلع پولیس نے ایک خاتون کے قبضہ سے ناجائز شراب برآمد کر کے اسے حراست میں لیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ رام نگر علاقہ میں معمول کی پڑتال کے دوران ایک خاتون کی تلاشی لی گئی تو اس کے قبضہ سے شراب کی 126فروٹیاں برآمد ہوئیں جنہیں وہ غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کے لئے لے کر جا رہی تھی۔ خاتون کو حراست میں لے کر اس کے خلاف رام نگر پولیس تھانہ میں آبکاری ایکٹ کے تحت معاملہ درج کر لیا گیا ہے ۔
جگدیوراج ملازمت سے سبکدوش
جموں//ڈویژنل کمشنرسیکرٹریٹ جموں کے ملازم جگدیو راج ڈلوترہ ،ایس ایم کی سبکدوشی کے سلسلہ میں الوداعی تقریب کااہتمام کیاگیا۔اس موقعہ پر ایڈیشنل کمشنرجموں ریحانہ بتول ،ایڈیشنل کمشنرجموں انورادھا رانی، ڈپٹی ڈائریکٹرپلاننگ کرن بالا کے علاوہ مختلف محکموں کے اہلکاران بھی موجودتھے۔جگدیوراج کاتعلق باہوفورٹ جموں سے ہے اورانہوں نے محکمہ مال میں مختلف عہدوں پر38سال تک خدمات انجام دیں۔انہوں نے آرٹی آئی سیکشن میں حق اطلاعات درخواستوں کے نپٹارے میں اہم رول اداکیا۔اس دوران تقریب میں مقررین نے جگدیوراج کی خدمات کوسراہا۔