’کھیل جاری کھیل جاری ‘ڈرامہ پیش
جموں//نٹ رنگ کی جانب سے سنڈے تھیٹر سیریز کے سلسلے میں سٹوڈیوتھیٹر میں ہندی ڈرامہ ’’کھیل جاری کھیل جاری ‘‘ پیش کیا گیا ۔اس ڈرامہ کے مصنف رادھاکرشن ساہی جبکہ ہدایت کار راہل سنگھ ہیں۔نکڈ طرز پر پیش کیا گیا یہ ڈرامہ کافی موثر اور دلچسپ تھا۔ یہ ڈرامہ متعدد نعروںاور علامات پر مشتمل تھا اور اس بات کی عکاسی کی گئی ہے کہ نعروں اور دعوئوں میں جو بتایا جاتا ہے زمینی صورت حال اس کے بلکل مختلف ہوتی ہے جن اداکاروں نے اس ڈرامہ میں حصہ لیا ان میں شووم سنگھ،گوتم شرما،گوتم کمار،موہت کول،طیب حسین،اجے کمار اور دیگران شامل ہیں۔
سائنسی پروگرام کاافتتاح
جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے مدنتا ہیلتھ کیئرگروپ کی طرف سے منعقدہ ایک سائنسی استفساری پروگرام کا افتتاح کیا۔ معروف ویسکیولر سرجن ڈاکٹر راجیو پارکھ نے ذیباطیس و دیگر امراض کے علاج میں جدید اختراعی اقدامات کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔اپنے مختصر خطبے میں صحت کے وزیر بالی بھگت نے کہا کہ ایسے پروگرام مقامی ڈاکٹر وں کی تربیت کے لئے انتہائی مفید ہے کیونکہ ان پروگراموں کی بدولت ان کے علم اور تجربے میںکافی اضافہ ہوتا ہے۔انہوںنے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ اس ایونٹ سے فائدہ اٹھائیں اور بہتر طبی نگہداشت فراہم کرنے کے قابل بن جائیں ۔انہوں نے مدنتا گروپ کی ان کوششوں کو سراہا۔ڈاکٹر یشپال شرما نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
۔20گرام ہیروئن برآمد کرنیکا دعویٰ
جموں // جموں کشمیر پولیس کی طرف سے منشیات کے خلاف چلائی جانے والی مہم سنجیونی کے تحت پکا ڈنگہ میں تلاشی کارروائی کے دوران پولیس نے ایک گاڑی سے 20 گرام ہیروئن برآمدکرنے کا دعویٰ کیا۔اس دوران ایک شخص کو بھی حراست میں لیا گیااور اس کے خلاف ایک کیس درج کر کے مزیدکاروائی شروع کر دی ہے۔اس کاروائی کو پولیس ٹیم پکا ڈنگہ نے ایس آئی دھیرج ناگپال کی نگرانی میں عمل میں لایا۔
گوجربکروال ہوسٹلوں کی کارکردگی غیرتسلی بخش
وارڈنوں کوجوابدہ بناکرطبقہ کے اثاثے کوتحفظ فراہم کرنیکامطالبہ
جموں//گوجربکروال یوتھ کانفرنس کے ریاستی جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ چوہدری محمداکرم نے وزارت قبائلی امورسے گوجربکروال ہوسٹلوں کے وارڈنوں کوجواب دہ بنانے اوران کی کارکردگی کوموثربنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کامطالبہ کیاہے۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں گوجربکروال یوتھ کانفرنس کے ریاستی جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ محمداکرم چوہدری نے کہاکہ ریاست بھرکے مختلف اضلاع میں قائم بیشتر گوجربکروال بوائزاورگرلزہوسٹلوں کی کارکردگی غیرتسلی بخش ہے اوران کی کارکردگی کوبہتربنانے کیلئے ہوسٹلوں میں تعینات وارڈنوں کوجواب دہ بناناوقت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت بیشترگوجربکروال ہوسٹلوں کی کارکردگی غیرموثرہے کیونکہ سرمائی اورگرمائی راجدھانیوں کے ہوسٹلوں کی کارکردگی بھی اتنی بہترنہیں ہے جتنی کہ ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ گوجربکروال طبقہ سے تعلق رکھنے والے دانشوروں،اعلیٰ آفیسران ،ریسرچ اسکالرس واعلیٰ یافتہ اورذی شعورافرادکے ساتھ منعقدہ ایک میٹنگ میں یہ بات سامنے آئی کہ گوجربکروال ہوسٹل طبقہ کابیش قیمت سرمایہ کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن کچھ وارڈن حضرات ہوسٹلوں کوذاتی ملکیت اوررقومات کی لوٹ کھسوٹ کرنے سے گریزنہیں کررہے ہیں جوطبقہ کے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑاورطبقہ کے اثاثے کوتباہ وبربادکرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ طبقہ کے ذی شعورافرادکامانناہے کہ گوجربکروال ہوسٹلوں کورہائشی سکولوںکے طورپرتبدیل کرنے کاریاستی وزیربرائے قبائلی امورکافیصلہ درست ہے جس کاوہ خیرمقدم کرتے ہیں ۔ایڈووکیٹ اکرم چوہدری نے کہاکہ حکومت کوگوجرہوسٹلوں کے نظام کوجواہرنوودیاودیالیہ کی طرزپرچلانے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے چاہئیں تاکہ یہاں سے طبقہ کے طلباء بہترتعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اندروہ تمام ترصلاحیتیں پیداکریں جوسرکاری ملازمتوں کے حصول اورمقابلہ جاتی امتحانات میں کامیابی کیلئے درکارہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومتیں گوجربکروال ہوسٹلوں پرسیاست کرتی آئی ہیں جس پرفوری طورپرقدغن لگناضروری ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کومیرٹ کی بنیادپرہوسٹلوں میں داخلے یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سیاسی نظریات سے بالاترہوکرہوسٹلوں کے سدھارکیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں ۔انہوں نے کہاکہ وارڈنوں کی تعیناتی کیلئے ایک شفاف میکانزم متعارف کرایاجاناچاہئے تاکہ عرصہ درازسے ایک ہی ہوسٹل میں تعینات وارڈنوں کوہٹایاجائے ۔انہوں نے کہاکہ وارڈنوں کی تعیناتی کے سلسلے میں کوئی بھی شفاف منصوبہ حکومت کے پاس نہیں ہے جس کی وجہ سے ہوسٹلوں کی کارکردگی غیرمتاثرکن ہے جس کامجموعی نقصان طبقہ کوہورہاہے۔انہوں نے انتباہ دیاکہ اگرحکومت نے ہوسٹلوں میں سدھارکیلئے اقدامات نہ اٹھائے توگوجربکروال یوتھ کانفرنس ریاست گیراحتجاجی مہم چھیڑے گی جس کی ذمہ داری ریاستی حکومت بالخصوص وزارت قبائلی امورپرعائدہوگی۔
عوا م کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری : لال سنگھ
کٹھوعہ//جنگلات و ماحولیا ت کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ضلع کٹھوعہ میں بھاری ترقیاتی عمل شروع کی ہے اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہری و دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو تمام طرح کی بنیادی سہولیات فراہم کریں۔وزیر موصوف آج کٹھوعہ میں ایک عوامی شکایات کے ازالے کے کیمپ سے خطاب کر رہے تھے۔کٹھوعہ ، بسوہلی اور ہیرا نگر سے آئے ہوئے کئی وفود وزیر سے ملاقی ہوئے اور نہیں پینے کے پانی ، بجلی ، راشن کی تقسیم کاری ، ہینڈ پمپوں کو نصب کرنے ، ایم جی نریگا کے تحت رقومات کی واگزاری و دیگر مسائل کے بارے میں جانکاری دی ۔ وزیر نے لوگوں کی طرف سے اُٹھائے گئے معاملات بغور سنے اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ معیاد بند طریقے پر لوگوں کی شکایات دور کریں۔ انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو تمام حکومت کی طرف چلائی جارہی سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کریں تاکہ لوگ ان سکیموں سے مستفید ہوں ۔لال سنگھ نے اے سی ڈی کٹھوعہ سے کہا کہ وہ مزدوروں کے بقایاجات فوری طور ادا کریں جنہوں نے ایم جی نریگا کے تحت کام کیا ہے ۔اے سی ڈی نے وزیر کو یقین دلایا کہ وہ ان مزدوروں کے بقایاجات بہت جلد واگزار کریں گے ۔انہوں نے گائوں پر زور دیا کہ وہ اپنے بینک کھاتے کے ساتھ آدھار نمبر فراہم کریں تاکہ ان کے کھاتوں میںبراہ راست رقومات جمع کئے جاسکیں۔وزیرنے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کی عمل آوری میں بھرپور تعاون فراہم کریں۔ڈائریکٹر سوشل فارسٹری ، ڈائریکٹر ایف پی ایف ، ممبر سیکرٹری پی سی بی ، سی سی ایف جموں ، کنزرویٹر فارسٹ ایسٹ سرکل ، اے ڈی سی بسوہلی و دیگر متعلقہ افسران وزیر کے ہمراہ تھے۔
سرکار نے اوبی سی طبقہ کو نظرانداز کردیا:اوبی سی این سی سیل
کٹھوعہ//نیشنل کانفرنس او بی سی سیل نے کہا ہے کہ پی ڈی پی ۔ بی جے پی مخلوط سرکار ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔ این سی اوبی سی سیل کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سرکار نے ریاست کے عوام خاص طور پر سماج کے کمزور طبقوں کے ساتھ جو وعدے کئے تھے ان میں سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ان خیالات کا اظہار سیل کے کو چیئرپرسن عبدالغنی تیلی نے بعد دوپہر یہاں ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے ضلع کٹھوعہ میں بجلی اور پانی کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے عوام کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور حکومت ہے کہ ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے اور نہ ہی عوام کا کوئی پرسان حال ہے۔تیلی نے او بی سیز کو متعدد بورڈوں میں مناسب نمائندگی دینے اور ان طبقوں کے لوگوں کو بااختیار بنانے کے لئے ضلع اور بلاک سطحوں پر مناسب رقومات تفویض کرنے کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے اس موقعہ پر کہا کہ نیشنل کانفرنس نے اپنے دور اقتدار میں ان طبقوں کی فلاح و بہبود کے لئے کئی ٹھوس قدم اٹھائے تھے مگر موجودہ مخلوط سرکار کے برسراقتدار آنے کے بعد ان طبقوں کو یکسر نظر انداز کردیا گیا ہے۔ریاستی نائب صدر ٹھاکر کشمیرا سنگھ نے اپنی تقریر میں این سی کی جانب سے او بی سی طبقوں کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا خلاصہ پیش کیا ۔انہوں شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کی جانب جاگیر داری نظام کو ختم کرنے اور کاشت کاروں کو زمین کا مالک بنانے کے تاریخی اور انقلابی قدم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کاشت کاروں کو جاگیردارانہ نظام سے نجات ملی۔انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ نیشنل کانفرنس کو مضبوط بنانے کے لئے اپنا بھرپور تعاون دیں کیونکہ یہی جماعت ریاست کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے۔اس موقعہ پر دلشادہ ملک ، اجیت کمار،کے کے بخشی، شکیل احمد ، کلدیپ ورما،ساگر چند ، شام نارائین اور دیگران موجود تھے۔
حکومت ملی ٹینسی کو بڑھاوادے رہی ہے:ہرش دیو
بسولی//جموں کشمیر نیشنل پنتھرز پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ نے موجودہ مخلوط سرکار کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت پھر سے ریاست مین ملی ٹینسی کو بڑھاوا دینے کی کوشش کر رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ملی ٹینٹوں کی گھر واپسی پر انہیں چھ لاکھ روپے کی معاونت دینے کا حکومتی فیصلہ قابل مذمت ہے جس سے ہمارے فوجی جوانوں کے دل پر ٹھیس پہنچتی ہے اور اس سے ملی ٹینسی ختم ہونے کے بجائے اور بڑھ سکتی ہے۔ہرش دیو سنگھ نے بسولی اور ہیرا نگر میں لوگوں سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ سرکار علیحدگی پسند تنظیم کا ایجنڈااپنانے لگی ہے ۔انہوںنے کہاکہ دفعہ370اور 35Aکی تنسیخ کے لئے بھی کوئی اقدام نہیں اٹھائے جارہے ۔
سنیچر کو لہیہ میں سرکاری گاڑی کا استعمال ترک
انتظامیہ نے جھیلوں کے نزدیک تعمیرات پر روک لگا دی
جموں// ریاست جموں و کشمیر کے 22 اضلاح میں لیہہ ایسا واحد ضلع ہے جس میں انتظامیہ کی باگ ڈور سنبھالنے کیلئے خواتین افسران کو تعینات کیا گیاہے۔اینی لواسہ ضلع مجسٹریٹ کے عہدہ پر فائز ہیں اورسرگن شکلانے پولیس سپرانٹنڈنٹ کا عہدہ سنبھال رکھاہے ۔ان دونوں ہی خواتین افسران نے ضلع کی ترقی کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے اور اپنی صلایت کی وجہ سے ہر طرح کے مسائل کوحل کرانے کے اقدامات کئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ضلع انتظامیہ نے بہت سارے مسائل میں سدھار لانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی ، جیسے ٹرایفک نقل وحمل، کوڑا کرکٹ اور ماحولیاتی توازن کو بچانے کے لئے مختلف طریقہ کار عمل میں لائے گئے۔لیہہ شہر میںگاڑیوں کی نقل و حمل میں بہتری لانے کے لئے انتظامیہ کی طرف سے ایک حکم نامہ جاری کیاگیاہے کہ ہر سنیچر کو کوئی بھی آفیسر سرکاری گاڑی کا استعمال نہیں کرے گااور ماحول کو صاف رکھنے کے لئے انتظامیہ نے جھیلوں کے نزدیک تعمیرات پر روک لگا دی ہے۔
نائب وزیراعلیٰ نے میاں ڈیڈو کو خراج عقیدت پیش کیا
جموں//نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے جموں کے معروف جنگجو میاں ڈیڈو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جموں کے لوگوں میں سیاسی بیداری پیداکرنے میں اہم رول ادا کیا ہے اور جموں کے لوگوں میں آپسی اتحاد کا جذبہ پیدا کیا۔ نائب وزیراعلیٰ جگتی نگروٹہ میں میاں ڈیڈویلفیئر کمیٹی کی طرف سے منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ میاں نے جموں کے لوگوں کے لئے اپنی زندگی قربان کی اور ہمیں نئی نسل کو ان کی تعلیمات اور ان کے جذبے کے بارے میں جانکاری دینے ہوگی ۔ڈاکٹرسنگھ نے کہا کہ میاں نے عام آدمی کی عزت ، وقار اور ان کی بہبودی کے لئے پوری زندگی صرف کی۔نائب وزیر اعلیٰ نے کمیٹی کے ممبران اور مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت کی اور انہیں یقین دلایا کہ میاں ددو کی جائے پیدائش پر ان کا مجسمہ تعمیر کیا جائے گاتاکہ ان کی بے لوث خدمت کے لئے ہمیشہ یاد کیا جائے ۔اس موقعہ پر ڈوگری تمدنی پروگرام بھی پیش کیا گیا۔ تقریب میں کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔
تعلیم یافتہ نوجوان اضطراب میں
حکومت نے بیروزگار کا مسئلہ پس پشت ڈال دیا:سلاتھیہ
جموں//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے سینئر ریاستی نائب صدر و سابق وزیر سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے کہا ہے کہ ریاست میں بے روز گاری کے اہم مسلے ٔ کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ریاست کے تعلیم یافتہ بے روز گار نوجوان سخت پریشان اور اضطراب کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ چند سال پہلے نیشنل کانفرنس نے اس مسلے کو حل کرنے کے لئے جو پالیسی اختیار کی تھی، موجودہ پی ڈی پی ۔ بی جے پی کی مخلوط سرکار نے اسے یکسر نظر انداز کردیا ہے۔سلاتھیہ نے ان خیالات کا اظہار ضلع سانبہ کے علاقہ کنال روڈ بڑی براہمناں ایک پرائیویٹ صنعتی یونٹ الیٹ انجینئرنگ انڈسٹریز کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔سلاتھیہ نے کہا کہ اس طرح کے یونٹوں کے قیام سے ریاست میں بے روز گاری کے مسلے کو حل کرنے میں جہاں مدد ملے گی وہاں صنعتی پیداوار کو بھی فروغ حاصل ہوگا ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان نجی شعبہ کی جانب راغب ہوں گے اور چھوٹے صنعتی یونٹ قائم کرکے نہ صرف اپنے لئے بلکہ دوسروں کے لئے بھی روز گار کے مواقعے پیدا کریں گے۔اس موقعہ پر سابق چیئرمین میونسپل کارپوریشن بڑی براہمناںرمن گپتا،نیشنل کانفرنس کے ضلع نائب صدروجے سنگھ،بلاک صدر بھگوان سنگھ،سابق سر پنچ صادق حسین،کرم چند ،جگدیش سنگھ،سورن سنگھ، گلاب حسین،انگریز سنگھ،بلونت سنگھ اور دیگران موجود تھے۔