سیکریٹری دیہی ترقی نے ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا
جموں//سیکرٹری دیہی ترقی اور پنچایتی راج شیتل نندا نے جموں میں متھوار ، بلوال اور نور بلاکوں کا دورہ کر کے وہاں ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔سیکرٹری کے ہمراہ ڈی جی آر ڈی ڈی جموں ریحانہ بتول ، ایڈیشنل سیکرٹری آر ڈی ڈی راکیش بڈھیا ل اور کئی دیگر افسران بھی تھے۔ان بلاکوں کا معائینہ کرنے کے دوران سیکرٹری موصوفہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ منریگا اور دیگر سکیموں کے تھت ترقیاتی کامون میں سرعت لائیں تاکہ انہیں عوام کے لئے وقف کیا جاسکے۔انہوں نے مواد اور مزدروں کے تناسب پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دیہی علاقوں میں دیرپا اثاثے قائم کئے جاسکیں اور لوگ بنیاد سطح پر مستفید ہوسکیں۔بعد میں شیتل نندا نے مقامی لوگوں کے ساتھ بھی بات چیت کی اور انہیں محکمہ کے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے عوام کو پنچایتوں کی افادیت سے بھی روشناس کرایا اور ان پر زور دیا کہ وہ پنچایتوں کی طرف سے عملائے جارہے ہر ایک کام کی نگرانی کریں۔
سرمائی زون کے ITI ادارے ،سرمائی تعطیلات 2 جنوری سے
جموں//ڈائریکٹوریٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے مطابق کشمیر صوبے اور جموں صوبے کے سرمائی زون میں کام کرنے والے تمام آئی ٹی آئی اداروں میں 2؍ جنور ی 2019ء سے لے کر 10؍ جنوری 2019 ء سرمائی تعطیلات ہوں گی۔اس سلسلے میں جاری کئے گئے ایک حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ وادی میں شدید سردی کے تناظر میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے ۔ تاہم ان اداروں کا عملہ معمول کے مطابق تعطیلات کے دوران بھی کام کرتے رہیں گے۔
کرائم برانچ افسر اعزاز سے سرفراز
جموں //کرائم برانچ جموں میں تعینات سب انسپکٹر ہلال محمد اظہر کو 2018کے دوران بہترین کارکردگی پر انعام سے نوزا گیا ۔اس سلسلہ میں ریاستی پولیس کی جانب سے 261پولیس آفیسران و اہلکاروں کو ریاست میں ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے متعدد شعبوں میں بہترین کارکر دگی کیلئے ایوارڈ کیلئے نامز د کیا گیا ہے جبکہ کرائم برانچ سے وابستہ سب انسپکٹر ہلال محمد اظہر کو مذکورہ فہرست میں 111نمبر پر رکھا گیا ہے ۔ان آفیسران کو ایوارڈ کے علا وہ ایک سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا ۔
چندر بھاگہ ہائی سکول اکھنور نے یوم تاسیس منایا
اکھنور //چندر بھاگہ ہائی سکول اکھنور کے منتظمین کی جانب سے پہلے یوم تاسیس کے سلسلہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں عملے کے علا وہ طلباء اور معززین کی ایک بڑی تعداد نے شر کت کی ۔اس تقریب میں کانگریس سنیئر لیڈر اور سابقہ وزیر شام لعل شرما بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔اپنے خطاب میں شام لعل شرما نے سکول انتظامیہ کی تعریف کر تے ہوئے کہاکہ اس جدید دور میں سکولوں میں جدید طرز تعلیم وقت کی اشد ضرورت ہے ۔کانگریس لیڈر نے کہاکہ سماج کی بیداری کیلئے لڑکیوں کی معیاری و اعلیٰ تعلیم ایک اہم رول ادا کر تی ہے ۔موصوف نے کہاکہ بچوں کو معقول سمت کی طرف راغب کرنے کیلئے اساتذہ کے ساتھ ساتھ والدین کا رول بھی اہم ہے ۔انہوں نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ پڑھائی کے علا وہ کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں تاکہ آئندہ وہ اپنے ملک و ریاست کا نام روشن کرسکیں ۔اس موقعہ پر سکول پرنسپل کی طرف سے سکول کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی گئی ۔تقریب کے دوران طلباء کی طرف سے رنگا رنگ تمدنی و ثقافتی پروگرام بھی پیش کیاگیا ۔
محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کا احتجاج جاری
جموں// بقایا اجرتوں اور ملازمت مستقلی کے مطالبات کے حق میں محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین نے پیر کے روز بھی اپنا احتجاج جاری رکھتے ہوئے ریاستی انتظامیہ اور محکمہ پی ڈی پی کیخلاف زبردست نعرے بازی کی ۔جے اینڈکے کیجول لیبرز یو نین پاور ڈولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے بینر تلے پیر کے روز سینکڑوں کی تعداد میں محکمہ بجلی کے نیڈبیسڈاور کیجول ملازمین نے محکمہ بجلی کے چیف انجینئر دفتر جموں کے سامنے جمع ہو ئے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی ۔اس دوران احتجاجی ملازمین نے ’ہماری مانگیں پوری کرو پوری کرو‘کے نعرے بلند کئے ۔ یونین کے صدر اکھل شرما نے بتایا کہ وہ بقایا اجرتوں کی ادائیگی اورملازمت کی مستقلی کے مطالبات کے حق میں گزشتہ کئی دنوں سے چیف انجینئر دفتر پی ڈی ڈی کے سامنے احتجا جی مظاہرہ کررہے لیکن بڑے افسوس کی بات ہے کہ ابھی تک ریاستی حکومت نے ان کے مسائل کا ازالہ کرنے کے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے عارضی ملازمین کے ساتھ ہمیشہ امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے ، جموں کے عارضی ملازمین بقایا اجرتوں اور ملازمت مستقلی کے مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج ہیںلیکن حکومت ان کی سنوائی نہیں کررہی۔ انہوں نے کہا ایک ہی ریاست میں الگ الگ قانون کیوں لاگو کئے جاتے ہیں، اگر کشمیر میں ایس آر او 381لاگو کر وہاں کے عارضی ملازمین کو مستقل کیا گیا توجموں کے ملازمین کو ایس آر او 381سے باہر کیوں رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ وہ مطالبات پورے ہونے تک چیف انجینئر دفتر کے دھرنے پر بیٹھے رہیں گے ۔
ریاست کے تینوں خطوں میں کا نگریس واحد متبادل :شکیل احمد خان
جموں //آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری اور جموں و کشمیر امور کے انچارج ڈاکٹر شکیل احمد خان نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی ریاست کے تینوں خطوں میں واحد متبادل ہے جوآئندہ اسمبلی انتخابات میں بہترین کا ر کردگی کا مظاہرہ کرے گی ۔پارٹی کے سنیئر لیڈران ،ضلع اور بلاک کانگریس کمیٹیوں کے لیڈران و کارکنوں کے کنو نشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی عوام اب اس سچائی سے واقف ہو چکے ہیں کہ بھاجپا نے کھو کھلے نعروں سے ان کے جذبات کیساتھ کھلواڑ کیا لیکن اقتدار میں آنے کے بعد پارٹی نے عوامی مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔انہوں نے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہو ئے کہاکہ پارٹی نے اقتدار میں آنے کے بعد اپنے سیاسی مفاد کیلئے عوام کو مذہب ،خطوں اور فرقوں میں تقسیم کرنے کی ناکام کوشش کی جبکہ عوامی مسائل کو حل کر نے اور سہولیات کی فراہمی کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے اس وقت عوام تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں ۔انہوں نے پارٹی کی ریاستی قیادت کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ ملک اور ریاست میں بھاجپا کی ناکامیوں کے بارے میں عوام کو بیدار کریں اور کانگریس پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کر نے کیلئے عوامی مسائل کو اجا گر کریں ۔اس کنونشن میں سابقہ ریاستی نائب وزیر اعلیٰ تارا چند ،سابقہ ممبرپارلیمنٹ مدن لعل شرما،سنیئر لیڈر مولہ رام ،آر ایس چب ،سمن بھگت ،بلون سنگھ ودیگران بھی موجود تھے ۔
جامعہ غنیۃ العلوم اخیار پور میں سمارٹ کلاسز شروع
محمد اسحٰق عارف
گندو//ضلع ڈوڈہ کے معروف علمی ادارہ جامعہ غنیۃ العلوم اخیار پور میں سمارٹ کلاس روم شروع کیا گیا ہے۔پیر کے روز اے سی آر ڈوڈہ چوہدری دل میر،ایس ڈی ایم گندو پریتم تھاپا اور جامعہ کے مہتمم برہان القادر غنی پوری نے مشترکہ طور سمارٹ کلاس روم کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر علاقہ کے متعدد معززین اور جامعہ غنیۃ العلوم کے طلباء و اساتذہ بھی موجود تھے۔جامعہ کے ناظمِ تعلیمات الحاج غلام نبی وانی نے مہمانوں کو خوش آمدیدکہا اور سمارٹ کلاس روم شروع کرنے کے اغراض اور مقاصد اور اس کے فوائد اور اہمیت بیان کی۔اُنہوں نے کہا کہ سمارٹ کلاس روم پر کم و بیش ڈیڑھ لاکھ روپے کا صرفہ ہوا ہے اور اس سے جامعہ میں زیرِ تعلیم طلباء و طالبات کو بہت فائدہ ہو گا۔اُنہوں نے کہا کہ فی الحال صرف ایک سمارٹ کلاس روم کھولا گیا ہے جس میں ضرورت کے مطابق ہر جماعت کے طلباء کو سیکھنے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔آئندہ ضرورت محسوس کی گئی تو مزید سمارٹ کلاس روم بھی شروع کئے جا سکتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اس سمارٹ کلاس روم کو جامعہ کے اساتذہ کی تربیت کے لئے بھی استعمال کیا جائے گا ۔مقامی لوگوں نے سمارٹ کلاس روم کے شروع کئے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ اس سے جامعہ میں زیرِ تعلیم طلباء کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔اے سی آر ڈودہ اور ایس ڈی ایم گندو نے جامعہ کے منتظمین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے طلباء کو ہدایت کی کہ وہ اس سمارٹ کلاس روم کا بھر پور فائدہ حاصل کریں۔
مسئلہ کشمیر پر ہندپاک مذاکرات وقت کی اہم ضرورت:فریڈم موومنٹ
جموں//جموں کشمیرفریڈم موومنٹ کے چیئرمین محمدشریف سرتاج نے ہندوپاک مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ برصغیر کی دو بڑی طاقتوں کے درمیان تصفیہ طلب مسائل امن کیلئے خطرہ ہیں ۔یہاں جاری بیان کے مطابق سرتاج نے کہاکہ یہاںہائشی مکانوں کو بارود سے زمین بوس کرنے کے بہت سے واقعات رونما ہوئے ہیں، منفی /9/8ڈگری کی ٹھٹھرتی سردی میںبیماروں، ضعیف العمر بزرگوں، معصوم بچوں اور خواتین کو رات کے اندھیرے میں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور کرکے ظلم اور جبر کے نئے ریکارڈ قائم کئے گئے اور پوری ریاست کو انتقام گیری اور درندگی کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہاکہ روزانہ درجنوں کے حساب سے جواں نسل کو خاک وخون میں نہلایا گیااورایسا کرنے والوںکو حکمران کشمیریوں کو مارنے کی کھلی چھوٹ ہی نہیں، بلکہ بھاری انعامات سے بھی نوازاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیری قوم کو ابن الوقت، شاطر، حرص ولالچ میں ڈوبے غلامی کی زنجیروں کو مضبوط بنانے والے ہندنواز ٹولے کے دام وفریب میں آکر اپنے سرفروشوں کے مقدس لہو کی تذلیل کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ فریڈم موومنٹ کے چیئرمین نے جموں کشمیر میں تعینات افواج پر انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے ملک کے حکمرانوںسے کہاکہ دنیا کا کوئی بھی مسئلہ فوجی طاقت سے حل نہیں ہوتا ہے اس لئے فوجی نشے کے بجائے اس دیرنیہ مسئلے کے حل کے لئے بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پرسہ فریقی خصوصاً دونوں ممالک کے ورمیان مذاکرات شروع کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور خطے میں جوموجودہ صورتحال دونوں مالک کے کروڑوں عوام کے مفاد کے منافی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ کشمیر کامسئلہ ہند پاک کے درمیان اختلاف کی بنیادی وجہ ہے اور قوام متحدہ نے جوقرار دادے پاس کی ہے ان پر عمل کرکے ریاست جموں کشمیر کے لوگوں کواستصواب رائے کا حق دیا جائے، برصغیرکے دو نیو کلیئرطاقتوں کے مابین شدید نو عیت کے اختلافات امن کیلئے شدید خطرہ ہے ۔ فریڈم موومنٹ کے چیر مین نے انسانی حقوق کی علمبردارتنظیموںسے اپیل کی مودی سرکار ایک منصوبہ بند طریقے سے نہتے کشمیریوں کا قتل عام کر کے نسل کشی کر رہی ہے جس کا عالمی برادری کو سنجیدہ نوٹس لیناچاہئے ۔
پلس 2لیکچرا رفورم کاوفد
سیکریٹری سکول ایجوکیشن سے ملاقی
جموں //آل جموں وکشمیر پلس ٹولیکچرار فورم کے ایک وفدنے سیکریٹری گورنمنٹ سکول ایجوکیشن سے ملاقات کر کے اپنے مسائل کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔دیپک شرما کی قیادت میں وفد نے لیکچر اروں کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں سیکریٹری کو ایک یاداشت بھی پیش کی ۔اس موقعہ پروفد کے اراکین نے کہاکہ ملازمین کو ایک لمبے عرصہ سے ترقی نہ ملنا ،ACPS اسکیم کا فائدہ نہ ملنے ودیگر مسائل کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔فورم صدر دیپک شرما نے کہاکہ ملازمین کی مشکلات کے سلسلہ میں ایک وفد نے ریاستی گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی سے بھی ملا قات کی اور انہوں نے گزشتہ برس کے مالی بجٹ میں ملازمین کیلئے رکھی گئی ACPSاسکیم کا پلس ٹو لیکچراروں کو بھی فائدہ دینے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں عملی طور پر کوئی کام نہیں کیا گیا ۔وفد نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ ایجوکیشن میں کام کر رہے تمام انچارج ملازمین کو ترقی دینے کے علا وہ جوائنٹ ڈائریکٹر کی فہرست بھی شائع کی جائے ۔ملازمین نے مزید کہاکہ ایس آر او202تمام زمروں سے منسوخ کیا جائے ۔اس وفد میں این ایس جموال ،انیل شرما ،آر ایس سلاتھیہ ،چرن داس ،ڈاکٹر انیس ،سنجے بھگت اور پردیپ سنگھ کے علا وہ دیگران بھی موجود تھے ۔
سابق ایس ڈی ایم گندو کے اعزاز میں الوداعیہ
محمد اسحٰق عارف
گندو//غنیۃ العلوم خیراتی ٹرسٹ اخیار پور کی طرف سے مقامی سرپنچوں اور پنچوں کے اشتراک سے جامعہ غنیۃ العلوم اخیار پور کے احاطہ میں سابق ایس ڈی ایم گندو چوہدری دل میر جن کو تبدیل کر کے اے سی آر ڈوڈہ تعینات کیا گیا ہے ،کے اعزاز میں الوداعی اور نئے تعینات شدہ ایس ڈی ایم گندو پریتم تھاپا کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مقامی معززین کے علاوہ غنیۃ العلوم ٹرسٹ کے اراکین،جامعہ غنیۃ العلوم اخیار پور کے تدریسی اور غیرتدریسی عملہ اور طلباء نے شرکت کی۔اس موقع پر مختلف مقررین نے جن میں غنیۃ العلوم ٹرسٹ کے چیئرمین اور مہتمم جامعہ غنیۃ العلوم اخیار پور الحاج برہان القادر غنی پوری،دوست محمد وانی جنرل سیکرٹیری غنیۃ العلوم ٹرسٹ،انچارج پرنسپل گورنمنٹ ہائر اسکنڈر اسکول جکیاس اور ناظمِ کفاف جامعہ محمد شفیع بٹ،ناظمِ نشر واشاعت جامعہ غنیۃ العلوم الحاج عبدالغنی متو،ناظمِ تعلیمات جامعہ الحاج غلام نبی وانی،ناظمِ مطبخ محمد اسلم ملک،مفتی محمد اشرف بٹ،مسرت حسین نیائک سابق سرپنچ بٹیاس،لیاقت علی شیخ سابق سرپنچ تلوگڑہ،یونس رشید ملک سابق سرپنچ بدھلی، کانگریس لیڈر ارشاد احمد وانی،ویشن سنگھ سرپنچ پنچائت چالر،عبدالمجید راہی،عبدالمجید شیخ وغیرہ شامل ہیں،نے سابق ایس ڈی ایم گندو چوہدری دل میر کی عوام علاقہ پنگل اور جامعہ غنیۃ العلوم کے تئیں شاندار خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اُمید ظاہر کی کہ نئے ایس ڈی ایم گندو اُن کے نقش وقدم پر چل کر یہاں کے لوگوں کے مسائل کے ازالہ اور جامعہ غنیۃ العلوم کی تعمیر و ترقی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے۔ مقررین نے کہا کہ چوہدری دل میر ہر قسم کے تعصب سے پاک آفیسر ہیں اور اُنہوں کبھی کسی کے ساتھ کوئی امتیاز نہیں برتا اور نہ ہی کبھی اپنے فرائض کی انجام دہی میں اُن سے کسی قسم کی کوتاہی،سسُتی یا غفلت سرزد ہوئی۔وہ سب ڈویژن بھلیسہ کے لوگوں کے انفرادی اور اجتماعی مسائل سے مکمل طور پر آگاہ تھے اور اُن کے ازالہ کے لئے ہر وقت کوشاں رہتے تھے۔وہ لوگوں کے گھروں کی دہلیز پر پہنچ کر اُن کے مسائل حل کرتے تھے اور حق دار تک اُن کا حق پہنچانے کی پوری کوشش کرتے تھے۔مقررین نے کہا کہ اُنہوں نے جامعہ غنیۃ العلوم کی مدد کرنے میں کوئی کسر نہیں رکھی اور جب بھی اُن کی ضرورت محسوس ہوئی وہ ہمیشہ پیش پیش رہے۔مقررین نے نئے ایس ڈی ایم کے سامنے جامعہ کا تعارف اور اُس کی،حصولیابیوں، کارکردگی اور طریقۂ کار کا خلاصہ بھی پیش کیا۔اس موقع پر سابق ایس ڈی ایم نے غلام قادر غنی پوریؒ اور جامعہ غنیۃ العلوم سے وابستہ کچھ یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرحوم
بزرگ کی دُعائوں کا ثمرہ ہے کہ ہم آج اس مقام پر ہیں اور ہمارے پاس اتنا عظیم ادارہ ہے۔اُنہوں نے یقین دلایا کہ وہ جہاں بھی رہیں گے جامعہ غنیۃ العلوم کو کبھی بھی نہیں بھولیں گے اور اس ادارہ کی خدمت کا کوئی بھی موقع پر ضائع نہیں ہونے دیں گے۔نئے ایس ڈی ایم نے بھی یقین دلایا کہ وہ سابق ایس ڈی ایم کے قائم کردہ معیار پر پورا اُترنے کی کوشش کریں گے اور اس ادارہ کی ہر وہ مدد کریں گے جو اُن کے دائرۂ اختیار میں ہو۔ غلام نبی وانی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔
ہندوپاک مذاکرات وقت کی اہم ضرورت
جموں// جموں کشمیرفریڈم موومنٹ کے چیرمین محمدشریف سرتاج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ہماری قوم پچھلی 7دہائیوں سے ایک بڑی فوجی طاقت کے ساتھ نبرد آزما ہے۔ جس کوہرجرم کے بدلے میں سرکارانعامات سے نوازتی ہے‘۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ی قوم کاجینا حرام کر دیا گیا ہے۔یہاںہائشی مکانوں کو بارود سے زمین بوس کرنے کے بہت سے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ منفی /9/8ڈگری کی ٹھٹھرتی سردی میںبیماروں، ضعیف العمر بزرگوں، معصوم بچوں اور خواتین کو رات کے اندھیرے میں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور کرکے ظلم اور جبر کے نئے ریکارڈ قائم کئے گئے۔ پوری ریاست کو انتقام گیری کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کرتے ہوئے ہندستان کے حکمرانوںسے کہاکہ دنیاکا کوئی بھی مسئلہ فوجی طاقت سے حل نہیں ہوتا ہے ۔اس لئے فوجی نشے کے بجائے اس دیرنیہ مسئلے کے حل کے لئے بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پرسہ فریقی خصوصاً دونوں ممالک کے ورمیان مذاکرات شروع کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
چیف جسٹس کی ہائی کورٹ عملے کومبارکباد
فرائض کو تندہی کے ساتھ انجام دینے کیلئے سراہنا کی
جموں//جموں کشمیر ہائی کورٹ کی چیف جسٹس ، جسٹس گیتا مِتل نے نئے سال کے موقعہ پر ہائی کورٹ عملہ کو مبارک باد دی ہے۔چیف جسٹس نے ہائی کورٹ کی جموں وِنگ کے ججوں کے لانج میں ہائی کورٹ عملے کے ساتھ بات چیت کی اور سرینگر وِنگ کے عملے کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے مبارک باد دی۔چیف جسٹس نے ہائی کورٹ عملے کی طرف سے اپنے فرائض کو تندہی کے ساتھ انجام دینے کی ستائش کی اور اُمید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دیں گے۔چیف جسٹس نے اس موقعہ پر سرینگر اور جموں ہائی کورٹ میں کام کرنے والے عملے کے مطالبات و شکایات بغور سُنیں اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔اس موقعہ پر چیف جسٹس نے ہائی کورٹ کے سینئر اسسٹنٹ اونیش شرما کو مبارکباد دی جنہوں نے حال ہی میں چندی گڑھ میں منعقدہ لیگل پریمیر لیگ بیڈ منٹن ٹورنامنٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔جسٹس راجیش بندل، جسٹس تاشی ربستان، جسٹس سنجے گپتا اور جسٹس سندھو شرما کے علاوہ سرینگر وِنگ کے جسٹس سنجیو کمار اور جسٹس رشید علی ڈار بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
آئی ٹی آئی اداروں میں 2جنوری سے سرمائی تعطیلات
نیوز ڈیسک
جموں//ڈائریکٹوریٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے مطابق کشمیر صوبے اور جموں صوبے کے سرمائی زون میں کام کرنے والے تمام آئی ٹی آئی اداروں میں 2؍ جنور ی 2019ء سے لے کر 10؍ جنوری 2019 ء سرمائی تعطیلات ہوں گی۔اس سلسلے میں جاری کئے گئے ایک حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ وادی میں شدید سردی کے تناظر میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے ۔ تاہم ان اداروں کا عملہ معمول کے مطابق تعطیلات کے دوران بھی کام کرتے رہیں گے۔