رنگلائی گلابگڑھ میں پبلک دربار،مفت میڈیکل کیمپ کا افتتاح
زاہد ملک
مہور//ڈی ڈی سی کی وائس چیئر پرسن ایڈوکیٹ سجرہ قادر نے بدھوار کو رنگلائی گلابگڑھ میں پبلک دربار منعقد کیا اور سی آر پی ایف کی جانب سے لگائے گئے مفت طبی کیمپ کا بھی افتتاح کیا۔ سینکڑوں کی تعداد میں کھوڑ،گلابگڑھ،لار،دیول،ڈوگا،نہوچ،شبراس سے آئے ہوئے لوگوں نے مفت طبی معینہ کرایا۔میڈیکل کیمپ ختم ہونے کے بعد وائس چیئر پرسن ایڈوکیٹ سجرہ قادر نے رنگلائی میں ہی پبلک دربار بھی منعقد کیا۔اس دربار میں چیف ایجوکیشن آفیسر مشتاق احمد،بی ڈی او مہور سدھارت دوبے،سی ڈی پی او مہور جہاں زیب،جے ای بجلی رنجیت راٹھور بھی حاضر تھے۔دربار کے دوران لوگوں نے انہیں مختلف مشکلات سے آگاہ کیاگیا۔ایڈوکیٹ سجرہ قادر نے لوگوں کے مشکلات غور سے سنے اور لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے مشکلات کو جلد سے جلد حل کیا جائے گا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ فوری طور لوگوں کے مشکلات کو حل کیا جائے۔
چوہدری سلام دین میموریل ٹورنمنٹ اختتام پذیر
محمد بشارت
کوٹرنکہ // کوٹرنکہ میں مرحوم چوہدری سلام دین میموریل ٹورنمنٹ اختتام پذیرہوا۔ بیس دنوںتک چلنے والے ٹورنامنٹ میں تین اضلاع کے مختلف علاقوں سے 16 ٹیموں نے حصہ لیا ۔فائنل کوٹرنکہ ریپر و سندربنی الیون کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میںسندر بنی الیون نے کوٹرنکہ رپپر کو 12 رنز سے شکست دی ۔اس موقع پر پنچوں، سرپنچوں کے ساتھ ساتھ معزز شہریوں کے ہمراہ کھیل شوقین کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔بلاک چیئرمین جاوید چوہدری نے دونوں ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی کوٹرنکہ میں کھیل میدان کا کام مکمل ہو جائے گا اور اسکے بعد کرکٹ ،والی بال،کبڈی و دیگر کھیل بھی کروائے جائیں گے۔
حادثے میں ٹریکٹر ڈرائیور ہلاک
راجوری//ضلع راجوری کے علاقے سندر بنی میں حادثے کے نتیجہ میں ٹریکٹر چلانے والے ایک شخص کی زندگی ختم ہوگئی۔ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت مہندر کمار ولد مانی داس ساکن ٹھنڈا پانی کے نام سے ہوئی ہے جو اپنا ٹریکٹر چلا رہا تھا۔پولیس نے بتایا کہ گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی اور سڑک پر پلٹ گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہوگیا۔پولیس حکام نے کہا کہ اسے سب ڈسٹرکٹ اسپتال سندر بنی لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ حالت میں قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کی تفتیش جاری ہے اور سندربنی پولیس اسٹیشن میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی میت کی لاش آخری رسوم کے لئے اس کے اہل خانہ کے حوالے کردی گئی ہے۔
امام حسین ؑ کا یوم ولادت ،پونچھ میں تقریبات کا اہتمام
حسین محتشم
پونچھ// د نیا بھر کی طرح ضلع پونچھ میں 3شعبان حضرت امام حسینؑ کا یوم ولادت منایاجارہا ہے۔اس موقع پرمنگل وار کو بعد نماز ظہرین امام بارگاہ عالیہ منڈی میں جشن مسرت مناگیا جسکا آغازتلاوت قرآن پاک سے ہواجبکہ ثناء خواں حضرات نے نعت، منقبت، قصائد کے نذرانے پیش کئے۔دوران محفل مولانا سید کرار حسین جعفری نے خطاب کیا۔ اس دوران ضلع کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، دیہاتوں، قصبوں جن میں گورسائی مینڈھر، سرنکوٹ سانگلہ شامل ہیں میں مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام جشن اورمیلاد کی تقریبات منعقد ہوئیں ۔امام بارگا عالیہ پونچھ میں بھی جشن مسرت منایا گیا۔ مولانا سید ظہور علی نقوی نے خطاب کیا۔ محفل کا اختتام دعا پر ہوا۔
شبیر خان کاگھمبیر مغلاں علاقہ کا دورہ
منجاکوٹ// وائس چیئر مین ڈی ڈی سی راجوری نے تحصیل منجا کوٹ کے گھمبیر مغلاں علاقہ کادورہ کرکے لوگوں کے مسائل سنے۔ لوگوں نے شبیر احمد خان کے سامنے اپنا مسائل اٹھائے جن میں بجلی، پانی، روڈ اور دیگر اہم معاملات شامل تھے۔ شبیر احمد خان نے لوگوں کو یقین دلایا کہ انکے تمام مسائل کو جلد ہی حل کروایا جائے گا ۔
پنچایت حلقہ لویر کیول میں تیندوے کی دہشت
کوٹرنکہ//محمد بشارت//بلاک بدھل کے پنچایت حلقہ لویر کیول میں تیندوے کے خوف سے عوام پریشان ہے ۔بدھ کوبعد دوپہرہ محمد اسلم نامی نوجوا اپنے کام کی خاطر گھر سے باہر نکلا تا ہم تھوڑی دوری پر ہی اسے تیندوا نظر آیا جو اس کے پیچھے لگا تا ہم دوڑ بھاگ اور چیخ و پکار کر کے اپنی جان بچائی۔ مقامی سرپنچ محمد فاروق انقلابی نے بتایا کہ تیندوے نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے۔ انہوں نے محکمہ وائلڈ لائف سے اس کے تدارک کی اپیل کی۔
جھولا پل کے ٹھٹھے تو بنے لیکن پل نہ بن پایا
۔25سال سے لوگ پل بننے کے منتظر،حکام لاتعلق
جاوید اقبال
مینڈھر//سرحدی تحصیل بالاکوٹ کی پنچائت دھراٹی کے علاقہ میں 1996-97میں ایک جھولاپل سو زیارت کے دونوں کنارے مکمل کرنے کے بعد متعلقہ محکمہ نے پل کو مکمل نہیں کیا اور سرحدی علاقہ میں بسنے والے لوگوں کو کئی قسم کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ 25سال قبل محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین نے کام شروع کروایا اور کام کو ادھورا چھوڑ دیا ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ پل کئی علاقہ کے لوگوں کو آپس میں ملاتاہے لیکن متعلقہ محکمہ نے سرکار کے لاکھوں روپے خرچ کرکے پل مکمل نہیں کیا جس کی ہم لوگ انکوائری چاہتے ہیں انکا کہنا تھا کہ بارشوں کے موسم میں لوگوں کو کئی کلومیٹر پل نہ ہونے کی وجہ سے سفر کرنا پڑتاہے ۔انکا کہنا تھا کہ 25سال قبل پل کے دونوں کنارے مکمل کئے گئے جس کے بعد متعلقہ محکمہ کے ملازمین نے لاکھوں روپے نکلواکر پل کو مکمل نہیں کیا۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ ایک ویجی لینس کی ٹیم علاقہ کے اندر بھیجی جائی اور پل کے علاوہ مزید کئی اور کا م بھی چیک کئے جائیں تاکہ جن ملازمین نے کوتاہی برتی ہے انکے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔
پرائمری سکول چکلیاںایک استاد کے سہارے!
جاوید اقبال
مینڈھر//تعلیمی زون بالاکوٹ کے گورنمنٹ پرائمری سکول چکلیاں کی حالت نہایت ہی خستہ ہے اور بیس سے زائد بچوں کو پڑھانے کیلئے تین اساتذہ میں سے ایک ہی استاد سکول آتاہے۔ بچوں کے والدین نے محکمہ تعلیم کے اعلی آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تین اساتذ ہ میں سے صرف ایک ہی استاد سکول میں آتاہے اور باقی اساتذہ کسی دوسرے سکول میں اٹیچ ہیں جنکا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے اور وہ صرف اس سکول سے تنخواہ نکلواتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ جو ایک استادسکول آتاہے اسکا کہنا ہے کہ میں چار برسوں سے اس سکول میں ہوں اور دوسرا کوئی بھی استاد سکول میں نہیں آیا پتہ نہیں کہاں پر اٹیچ ہیں۔انکا کہنا تھا کہ فوری طور سکول میں تعینات اساتذہ کو واپس بھیجا جائے ورنہ ہم لوگ بچوں کو ساتھ لیکر احتجاج کرنے پر مجبو رہو جائیں گے۔ اس سلسلہ میں جب زیڈ ای او بالاکوٹ سے بات ہوئی تو انکا کہنا تھا کہ ایک استاد ضرورت کے مطابق کسی دوسرے سکول میں ہے جبکہ ایک خاتون ٹیچر امتحان دینے کیلئے گئی ہوئی ہے اور وہ سکول آتی ہے ۔
Contents
رنگلائی گلابگڑھ میں پبلک دربار،مفت میڈیکل کیمپ کا افتتاحچوہدری سلام دین میموریل ٹورنمنٹ اختتام پذیر حادثے میں ٹریکٹر ڈرائیور ہلاکامام حسین ؑ کا یوم ولادت ،پونچھ میں تقریبات کا اہتمامشبیر خان کاگھمبیر مغلاں علاقہ کا دورہپنچایت حلقہ لویر کیول میں تیندوے کی دہشت جھولا پل کے ٹھٹھے تو بنے لیکن پل نہ بن پایا۔25سال سے لوگ پل بننے کے منتظر،حکام لاتعلقپرائمری سکول چکلیاںایک استاد کے سہارے!