پی ڈی پی کی سیاسی امور کی کمیٹی میں توسیع
محبوب بیگ اور نظام الدین بٹ جنرل سیکریٹری نامزد
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدرمحبوبہ مفتی نے پارٹی کے لیڈرڈاکٹرمحبوب بیگ اور نظام الدین بٹ کو بالترتیب پارٹی کاجنرل سیکریٹری(تنظیمی) اور جنرل سیکریٹری نامزدکیا ہے۔پارٹی صدر نے پارٹی کی سیاسی امور کی کمیٹی میں بھی توسیع کی ہے اوراورپارٹی کے نائب صدرچودھری عبدالحمید اور سینئر رہنماظہوراحمدمیر کواس میں شامل کیا ہے۔غلام محی الدین وانی کوپارٹی کا سٹیٹ سیکریٹری نامزد کیا گیا ہے۔ان باتوں کی جانکاری پارٹی ترجمان عارف لائیگرونے ایک بیان میں دی۔
ہندو پاک کے مثبت بیانات
حریت(ع) حمایت کیلئے تیار
نیوز ڈیسک
سرینگر //حریت(ع) نے کہا ہے کہ حد متارکہ پر جنگ بندی معاہدے پر عمل آوری اور اس کے بعد دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان مثبت بیانات اور اقدامات سے دونوں پڑوسی ملکوں کے مابین ایک مثبت تبدیلی کا عندیہ مل رہا ہے اور اس کا احساس و ادراک جموں وکشمیر کے عوام کو بھی ہو رہا ہے جو کشیدہ تعلقات سے متاثر ہو رہے ہیں۔حریت نے مزید کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر اور خوشگوار تعلقات کا نہ صرف خیر مقدم کرتی ہے بلکہ اس سے مسئلہ کشمیر کے پْر امن حل کیلئے بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کی جانب ایک صحت مند قدم قرار دیتی ہے۔ حریت روز اول سے دونوں ممالک کے منصفانہ اور پر امن حل کیلئے تمام مثبت اقدامات کی بھر پور اور مکمل حمایت کیلئے تیار ہے۔بیان میں کہا گیا کہ حریت یہ بھی محسوس کررہی ہے کہ جب تک خوف و دہشت کا ماحول اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ جاری رہے گا اس وقت تک بہتر اور اچھے ہمسایہ تعلقات کی بحالی کی کوششوں کے ثمرات ظاہر نہیں ہو سکتے۔بیان میں یہ بات زور دیکر کہی گئی کہ حالات میں بہتری کیلئے جملہ سیاسی قیدیوں اور جیلوں اور گھروں میںنظر بند رکھے گئے اسیران کی رہائی ،PSA کے تحت گرفتار کئے گئے نوجوانوں کی رہائی اور مختلف ایجنسیوں کے ذریعے دھمکیوں اور ہراسانیوں کا سلسلہ بند کیا جانا ناگزیر ہے۔
یوم پاکستان پر امن کا پیغام
بھارت کیساتھ خوشگوار تعلقات کے خواہاں
نیوز ڈیسک
نئی دہلی//پاکستان نے کہا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ بہتر اور خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے ۔پاکستان کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ بھارت اور پاکستان تمام تلخیوںکوبھلا کر آگے بڑھیں ۔پاکستان ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریب کے موقع پر ایک سفارتکار آفاق حسن خان نے کہا کہ میں اس موقعہ پر امن اور استحکام پر زور دینا چاہتا ہوں، جوخطہ کے تمام ممالک کی ترقی کے لئے ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک خصوصاً ہندوستان کے ساتھ اچھے دوستانہ تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا پائیدار امن اور استحکام کے لئے یہ ضروری ہے کہ ہم تمام باہمی امور کو بات چیت کے ذریعے خاص طور پر جموں و کشمیر کا بنیادی مسئلہ ، جو اقوام متحدہ کے سامنے بھی ضروری اور زیر التوا ہے ، کے ساتھ بات چیت کے ذریعے حل کریں۔
وحیدہ پرہ کیخلاف ضمنی چالان
پی ڈی پی نے الزامات مسترد کئے
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی نے قومی تحقیقاتی ایجنسی کی طرف سے پارٹی کے یوتھ صدروحید پرہ کے خلاف ضمنی چالان میں لگائے گئے الزامات کو مستردکیا ہے۔ایک بیان میں پارٹی کے ایڈیشنل ترجمان نجم الثاقب نے کہا کہ وحید پرہ کو پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے سیاسی ایجنڈہ کی سختی سے وکالت کرنے کی بنا پر نشانہ بنایا جارہا ہے اور یہ الزامات کشمیریوں کی آوازکوخاموش کرنے کی ایک مضرکوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ وحید پرہ نے جموں کشمیرمیں مین اسٹریم سیاست کو مضبوط کرنے کیلئے انتھک کام کیاہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ ہماراماننا ہے کہ ان میں سے کوئی بھی الزام عدالتی جانچ میں درست نہیں پایا جائے گااوربالآخر وحید پرہ کوانصاف فراہم ہوگا۔
عالمی ’یوم تپ دق ‘آج
جموں کشمیرکو دواعزازات سے نوازاجائے گا
جموں//آج ’’عالمی یوم تپ دق ‘‘کے موقعہ پرجموں کشمیرکومرکزی وزارت صحت وخاندانی بہبود کی طرف سے دواعزازات سے نوازاجائے گا۔عالمی یوم تپ دق کے سلسلے میں منعقد ہونے والی ایک تقریب پرجموں کشمیر مرکزی زیرانتظام علاقہ کواول اور چہارم زمرے میں انعامات سے نوازاجائے گا۔پہلے زمرے میں ضلع سطح پربہترین کارکردگی کیلئے جموں کشمیر کے بڈگام ضلع کو منتخب کیاگیا ہے جوتپ دق سے مبراضلع قرار دیاگیا ہے۔چوتھے زمرے میں ادھمپور ضلع کو تپ دق کے معاملات میں2015سے 20فیصد کمی لانے کیلئے کانسی کا تمغہ دیا جائے گا۔
بٹنگو اننت ناگ میں8مویشی اُڑالئے گئے
سرینگر//اننت ناگ میں چوروںنے گائو خانے میں کئی مویشی اور آٹو کی بیٹری اڑا لی۔جنوبی کشمیر میں چوری کے بڑھتے واقعات سے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ تازہ واقعے میں بٹنگو اننت نا گ میں محمد مقبول ڈار ولد محمد احسن ساکن شول بٹنگو اننت ناگ کے گائو خانے سے چوروں نے 2گائیں، 2بچھڑے ،2بھیڑ،2 بچھڑے اور صحن میں موجود آٹو کی بیٹری چوروں نے اُڑالی ۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ اننت ناگ میں مویشی چوری بے قابو ہوچکے ہیںاور مویشی چور ہر روز کسی نہ کسی جگہ مویشیوں کو چرالیتے ہیں ۔ اس سلسلے میں لوگوںنے پولیس کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیکر چوروں کے خلاف کارروائی کرکے ان کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیں ۔(سی این آئی)
برڈ فلو سے نمٹنے کیلئے اقدامات
جدید بنیادی ڈھانچے کے قیام کی ضرورت پر بھی زور
سرینگر // ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے نے منگل کویہاں انفلوئنزا (برڈ فلو) کے تعلق سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدرات کی ۔اس اجلاس کا انعقاد محکمہ اینمل ہسبنڈی نے کیا تھا ۔اجلاس میں محکمہ صحت و طبی تعلیم ، محکمہ وائلڈ لائف ، محکمہ مال اور زرعی یونیورسٹی کشمیر کے نمائندوں نے شرکت کی ڈویژن کمشنر کشمیر نے افسران پر زور دیا کہ وہ اس تعلق سے عوام میں زیادہ سے زیادہ شعور پیدا کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں ۔انہوں نے فلو پر قابو پانے میں متعلقہ محکموں کے افسران کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔انہوں نے کہا کہ اس انفلوئنزا سے لڑنے کیلئے جارحانہ طریقے کار پر اپنانے کی ضرورت ہے ۔ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈی کشمیر پرنما متھل نے انفلوئنزا کی روک تھام کے سلسلے میں محکمہ کے ذریعہ اختیار کردہ طریقہ کار اور حکمت عملی سے ڈویژنل کمشنر کو آگاہ کیا ۔ اس کے علاوہ جدید بنیادی ڈھانچے کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔اس دوران تمام محکمہ جات نے اس مہلک بیماری کو قابو کرنے اور روک تھام میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
کولگام میںمغویہ نابالغ لڑکی بازیاب
سرینگر// کولگام میں پولیس نے ایک مغوی نابالغ لڑکی کو بازیاب کرالیا اور اس نے جرم میں ملوث شخص کو گرفتار کرلیا۔بیان کے مطابق21مارچ کو پولیس چوکی میربازار کو ایک شخص سے شکایت ملی کہ اس کی 14 سالہ بیٹی لاپتہ ہے اور اسے بظاہر نامعلوم شخص نے اغوا کیا ہے۔جس کے بعد قانون کے متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 55/2021 پولیس تھانہ قاضی گنڈ میں درج کیا گیا تھا اور تفتیش کا آغاز کیا گیا ۔دوران تفتیش انچارج پولیس تھانہ میربازار کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ مخصوص اطلاعات پر عمل کرتے ہوئے ، ٹیم حیدرآباد سے اغوا شدہ بچی کو بازیاب کروانے میں کامیاب ہوگئی اور ملزم کی شناخت گوہر احمد میر ولد محمد یوسف میر ساکن للان اننت ناگ کے طور سے ہوئی۔ مذکورہ لڑکی کو پولیس تھانہ قاضی گنڈ منتقل کردیا گیا ہے ۔تمام قانونی لوازمات کو پورا کرنے کے بعد ، لڑکی کو اس کے قانونی ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔مقامی لوگوں نے پولیس کو سماج دشمن عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی تعریف کی ہے ۔ پولیس نے لوگوںسے درخواست ہے کہ وہ اپنے پڑوس میں ہونے والے معاشرتی جرائم کو روکنے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں،جبکہ پولیس سے معاشرتی جرائم سے متعلق معلومات کا اشتراک کرسکتے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے’’ہم لوگوں کو یقین دلاتے ہیں کہ معاشرتی جرائم کی روک تھام کے لئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔‘‘
گاندربل میں غیر معیاری اشیاء کی فروخت
دکانداروں پر22ہزار روپے جرمانہ عائد
ارشاد احمد
گاندربل//ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گاندربل فاروق احمد بابا نے ضلع میں فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرس ایکٹ کی مختلف دفعات کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد ہول سیل مالکان ، دکانداروں ، تاجروں پر 22,000 روپے جرمانہ عائد کیا۔گاندربل میں پچھلے ایک ماہ سے زائد عرصہ سے جاری محکمہ فوڈ کی جانب سے چیکنگ سکارڑ نے مختلف علاقوں میںدوکانوں،تھوک پرچون،ہول سیل مالکان سے کھانے پینے کی اشیاء کی جانچ پڑتال کی ۔اس موقعہ پر متعدد اشیائے خوردنی کے نمونے حاصل کرکے تشخیص کے لئے لیبارٹری بھیج دئیے گئے جن میں سے کچھ اشیاء خوردنی ناقص اور غیر معیاری ثابت ہوئیںاورجن کے خلاف باضابطہ فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے 22 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے ان کو قانونی ضوابط کی پابندی کرنے کی بھی وارننگ دی گئی۔
لداخ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس
سرینگر//منگل کو لداخ میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے گیارہ بجکرستائس منٹ پر آئے اس زلزلے کا مرکز33.64ڈگری ارض بلداور76.28ڈگری طول بلد پرلداخ میں واقع تھااوریہ زمین کی سطح سے10کلومیٹرنیچے تھا۔ اس سے کسی جانی یامالی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔