نوکریوں کی لالچ میں رقومات کی لوٹ
پولیس نے جعلساز کو گرفتار کرلیا
جموں//محکمہ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے ایک جعلسازکو گرفتار کیا ہے جو کہ لوگوں کو محکمہ پولیس میں نوکریاں دینے کا لالچ دے کر ان سے رقومات لوٹتاتھا ۔راکیش کمار عرف(آئی جی )جو کہ موضع بڈیال براہمناں کا رہنے والا ہے ، کو آر ایس پورہ پولیس نے گزشتہ روز کافی جدوجہد کے بعد گرفتار کیا۔ترجمان نے کہا کہ مجرم متعدد جرائم میں ملوث ہے ۔ نریندر عمر اور دیگر لوگوں نے حال ہی میں مقامی پولیس سٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی راکیش کمار نے ہم سے محکمہ پولیس میں نوکریاں دینے کے لئے رقومات لی ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ راکیش ایک بدنام زمانہ مجرم ہے اور آر ایس پورہ پولیس سٹیشن میں اس کے خلاف 6معاملے درج ہیں۔
پریم چند کی کہانی ’بڑے بھائی صاحب ‘پیش
جموں //نٹ رنگ نے اپنے سنڈے تھیٹر سیریز کے سلسلے میں منشی پریم چند کی مشہور ہندی کہانی (بڑے بھائی صاحب ) پیش کی ۔ جس کے ہدایت کار نیرج کانت ہیں۔بڑے بھائی صاحب کی کہانی دو بھائیوں پر مشتمل ہے اور یہ دونوں بھائی اپنے گھر سے دور ایک ہوسٹل میں رہتے ہیں۔ بڑا بھائی اپنا سارا وقت پڑھائی میں صرف کرتا ہے جبکہ چھوٹے بھائی کو پڑھائی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے اور وہ اپنا زیادہ تر وقت دوستوں کے ساتھ کھیل کود میں گزارتا ہے۔جن کلاکاروں نے اس ڈرامہ اس ڈرامہ میں حصہ لیا ان میں بھیشم گپتا، شیوم سنگھ، سوشانت سنگھ چاڑک شامل ہیں۔
چیف جسٹس کے ہاتھوں کٹرہ میں کورٹ کمپلیکس کاسنگ بنیاد
نیوز ڈیسک
کٹرہ//قائمقام چیف جسٹس جے اینڈ کے ہائی کورٹ جسٹس راما لنگم سدھاکر نے کٹرہ میں آج کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کے سلسلے میں سنگ بنیاد رکھا۔انتظامی جج ضلع ریاسی جسٹس سنجیو کمار ، قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ کورٹ کمپلیکس کی تعمیر جے کے ہاوسنگ بورڈ 15.96کروڑ روپے کی لاگت سے انجا م دے گااور اس کمپلیکس میں جدید سہولیات موجود ہوں گی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتوں کے بنیادی ڈھانچے کو تعمیر کرنے کا مقصد لوگوں کو مناسب طریقے پر انصاف فراہم کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وکلاء کو انصاف فراہم کرنے کے نظام میں اہم رول ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے متعلقہ ایجنسی پرزور دیا کہ وہ پروجیکٹ پر جلد کام شروع کر کے مقررہ وقت کے اندر اس کی تکمیل یقینی بنائیں۔جسٹس راما لنگم سدھاکر نے وزیر قانون کی ان کوششوں کو سراہا جو وزیر عدالتوں کے بنیادی ڈھانچے کو تعمیر کرنے میں انجام دے رہے ہیں۔وزیر قانون نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاستی حکومت ریاست بھر میں عدالتوں کے بنیادی ڈھانچے کو استحکام بخشنے کی وعدہ بند ہے اور پچھلے تین برسوں کے دوران کئی نئے عدالتوں کی عمارات تعمیر کی گئیں اور کئی اور عمارتوں پر کام جاری ہے ۔تقریب پر لأ سیکرٹری عبدالمجید بٹ ، رجسٹرار جنرل ہائی کورٹ سنجے دھر ، چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری جاوید احمد ، ڈی سی ریاسی پرسنا رام سوامی ،پرنسپل ڈسٹرکٹ جج ریاسی ایس آر گاندھی ، سی جے ایم ریاسی وجے سنگھ منہاس ، سب جج کٹرہ سندیپ گندوترا ، منصف کٹرہ پروین پادا ، بار پریذیڈنٹ ایڈوکیٹ کے کے دوبے ، بار پریذیڈنٹ ریاسی پی ڈی سنگھ ، جوڈیشل افسران ، وکلاء ضلع ریاسی کے سینئر افسران اس موقعہ پرموجود تھے۔
فرقہ پرستی کا زہر پھیلایاجارہاہے:بھاردواج
جموں//سینئر کانگریس لیڈر و اے آئی سی سی کے ممبر مہندر بھرداج نے کہا ہے کہ بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں کی جانب سے پھیلائے گئے فرقہ پرستی اور نفرت کے زہر کی وجہ سے ملک اور ریاست جموں و کشمیر کو بارود کے ڈھیر پر لاکھڑا کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی طرف سے مختلف طبقوں کے درمیان جو نفرت کے بیج بوئے گئے ہیں ، پی ڈی پی نے اس زہریلے پودے کو پروان چڑھانے میں آبیاری کا کام کیا ہے۔انہوں نے کہ یہ تخریبی طاقتیں ملک کی یکجہتی کے لئے شدید خطرہ بنی ہوئی ہیں۔مہندر سنگھ بھارداج نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ سرحد کے اس پار کی طرف سے گولہ باری کی وجہ سے سرحدی علاقوں کے لوگوں کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے اور وہ در در کی ٹھکریں کھارہے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ وادی کشمیر کے حالات روز بروز خراب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے بی جے پی کی حکومت برسر اقتدار آئی ہے ملک اور ریاست کے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔