مڈ ڈے اسکیم کی عمل آور ی میںدقتوں سامنا
اساتذہ کی تذلیل نا قابل قبول: رہبر تعلیم فورم
عظمیٰ نیوز
جموں // مڈڈے میلز سکیم کی بلیں جمع کرانے پر ریاست خاص کر صوبہ جموں کے کئی اضلاع میں اساتذہ کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔ اساتذہ کو مڈ ڈے میلز چلانے کے لئے اگر چہ اپنے ذاتی کام چھوڑ کر سکولی اوقات سے علاوہ کام کرنا پڑ رہا ہے لیکن اس کے باوجود بلوں کو جمع کر نے پر انہیں مختلف جگہوں پر ٹریجری افسران اور متعلقہ افسران دوڑا رہے ہیں ۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق سرکاری پرائمری اور مڈل سکولوں میں سرکار کی طرف سے چلائی جا رہی مڈ ڈے میلز سکیم کو کامیاب بنانے کے لئے جہاں ان سکولوں میں تعینات اساتذہ سکولی اوقات سے پہلے اور بعد میں اپنے ذاتی کام چھوڑ کو درس و تدریس کے کام کے علاوہ اپنا وقت اس سکیم پر خرچ کرتے ہیں وہیں اب اساتذہ کو میڈے میلز دینے کی تصدیق کرانے کے لئے گاؤں کے لوگوں یعنی بنائی گئی ایک کمیٹی کے دستخط رسیدوں پر مانگے جاتے ہیں اور اساتذہ کی لگاتار تذلیل کی جا رہی ہے۔فورم چیرمین فاروق احمد تانترے نے اس سلسلے میں اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبہ جموں کے کئی اضلاع اور تعلیمی زونوں میں میڈے ڈے میلز کے بلوں کے حوالے سے تنگ اور تذلیل کر نے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اْنہوں نے کہا ہے کہ کچھ آفسران اساتذہ کو ٹریجری آفسران کا دباؤ بنا کر ان بلوں پر گاؤں کے ممبران کے دستخط مانگ رہے ہیں،سابق سرکار کے دور میں ولیج ایجوکیشن کمیٹی میں سکول کے ہیڈ ماسٹر کے علاوہ سکولی سٹاف کے علاوہ دو مقامی لوگوں کو بھی رکھا گیا تھا۔ اْنہوں نے کہا ہے کہ ٹریجری آفسران اور متعلقہ چیف ایجوکیشن آفسران اور زونل ایجوکیشن آفسران اساتذہ کو ایسے حربوں سے تنگ کر کے تذلیل کرنا فوری طور پر بند کریں ورنہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہو نگے اور گونر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے آفسران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جو اساتذہ کی تذلیل کر نے کی کوشش کررہے ہیں ۔مڈ ڈے میلز سکیم میں شفافیت لانے ،فعل بنانے اور اسے زمینی سطح پر صد فیصد لاگو کرانے کے لئے محکمہ کی ٹیم بھی تشکیل دی جا سکتی ہے جو اس سکیم کی نگرانی کرے لیکن اس کے برعکس اساتذہ کو گاؤں کے کمیٹی ممبران کی تصدیق کرائے جانے کے لئے کہا جا رہا ہے اور اساتذہ کو ہر ماہ ان ممبران کو گھر سے لیکر کھیتوں تک ڈھونڈ نے کے لئے مجبور کیا جارہاہے ۔ ان سکولوں میں تعینات اساتذہ مہینوں اپنے جیب سے پیسہ خرچ کر کے اگر چہ اس سکیم کو چلاتے ہیں، یہاں تک کہ چار سے پانچ مہینوں کے بعد تنخوائیں لینے والے رہبر تعلیم اساتذہ بھی اپنے گھروں کے ساتھ ساتھ سکولوں میں مڈ ڈے میلز کے لئے چاول کے سوا دیگر تمام رسوئی کا سامان جس میں سبز ی و گیس بھی شامل ہے کا انتظام اْنہیں کرنا پڑتا ہے اور دور دراز کے علاقوں میں یہ سامان کندھوں پر اْٹھا کر پیدل سکولوں تک پہنچانا پڑتا ہے۔مڈ ڈے میلز سکیم کو چلانے کے لئے جہاں اساتذہ کو دیگر تمام کام چھوڑ کر اس سامان کا انتظام کرتے ہیں وہیں اس سامان کی بلیں داخل کرانے کے لئے اْنہیں گاؤں سے اس کی تصدیق کرانے کے لئے مختلف زونل ایجوکیشن دفاتر سے حکم کی وجہ سے جہاں اساتذہ برادری میں مایوسی چھائی ہوئی ہے وہیں اس پیشہ کے ساتھ جڑے لوگوں کی اس اقدامات سے تذلیل کی جا رہی ہے ۔ جموں کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم گونر انتظامیہ اور محکمہ تعلیم نے اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ اساتذہ کو اس قسم کے دیگر اضافی کاموں سے مستثنیٰ کر کے اْنہیں درس و تدریس کے کام پر ہی معمور رکھا جائے جس سے اساتذہ کی ذہنی قوفت دور ہو جانے کے ساتھ ساتھ اس کے عزت و نفس کو بھی بحال کیا جاسکے ۔
پاکستانی وزیر خارجہ کے بیان سے بھیم سنگھ خفا
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں خصوصی وفد مقرر کرنے کا اعلان
جموں//پروفیسر بھیم سنگھ نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے کشمیر کے تعلق سے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے ۔پاکستانی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہندستان کو مقامی لوگوں کی خواہشات کے مطابق نام نہاد مسئلہ کشمیر کو حل کیا جانا چاہئے۔ مسٹر قریشی نے اس معاملہ کو اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوئیترس کے سامنے گزشتہ شام اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر ، نیویارک میں بھی اٹھایا ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ بھی ہندستان کے اٹوٹ حصہ جموں وکشمیر کی اصل موجودہ صورتحال اور حقائق کے تعلق سے جواب دینے میں ناکام رہا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر پر بولنے سے پہلے اقوام متحدہ کی قرارداد کامطالعہ کیا جانا ضروری ہے۔پنتھرس سربراہ نے یاد دلایا کہ جموں وکشمیر کے مہاراجہ ہری سنگھ نے برطانوی پارلیمنٹ میں باقی تمام 575ریاستوں کی طرح قانون کے مطابق 26اکتوبر، 1947کو ہندستان کے ساتھ الحاق نامہ پر دستخط کئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ پاکستا ن سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمدکرانے میں ناکام رہا جس میں پاکستان کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ جموں وکشمیر کے تمام قبضہ کئے ہوئے علاقوں کو خالی کرے۔پنتھرس سربراہ نے مرکز کی موجودہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت کے پاکستان کے ذریعہ اقوام متحدہ کی قرارداد اور ہدایات کی خلاف ورزی کرنے پر خاموش رہنے پر حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہندستان کے صدر سے ہندستانی آئین کے آرٹیکل 370کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کا استعمال کرنے او ر جموں وکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کی ہنگامی میٹنگ طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ پنتھرس پارٹی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اس معاملہ کو اٹھانے کے لئے اقوام متحدہ میں خصوصی وفد مقرر کرے گی۔ پروفیسر بھیم سنگھ اس سے پہلے بھی اقوام متحدہ کے نیویارک ہیڈکوارٹر میں بین الاقوامی امن اور سیکورٹی کے لئے کام کرنے والی غیرسرکاری تنظیموں کے سامنے اس معاملہ کو کئی بار اٹھاچکے ہیں۔
ڈوڈہ کے سید خاندان کو صدمہ
سیاسی،سماجی و صحافتی حلقوں کا اظہار افسوس
سرینگر//ڈوڈہ کے سید خاندان کو صدمہ عظیم پہنچا ہے ، جواں سال سید نیازحسین انتقال کر گئے ۔مختلف طبقہ ہائے فکر کی جانب سے متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت۔صوبہ جموںکے خطہ چناب کے سٹی دوڈہ علاقے سے تعلق رکھنے والے سید نیاز حسین گزشتہ رات مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں ۔معلوم ہوا مرحوم گردے کی تکلیف میں کچھ وقت سے مبتلا تھے ۔ان کے وفات پر متعدد سیاسی، سماجی اور ادبی انجمنوں کے علاہ نوجوان صحافی اورکشمیر عظمیٰ کے سینئرنامہ نگار برائے ضلع پلوامہ ،روز نامہ سرینگر میل کے چیف ایڈ ٹر فاروق احمد گنائی ،نوجوان صحافی بشارت رشید نے بھی سید خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کر مرحوم کے لئے دعائے مغفرت اور سوگواراں کنبے کے صبر جمیل کے لئے دعا کی ہے ۔
مشن ڈائریکٹر نے آئی سی ڈی ایس کے کام کاج کا جائیزہ لیا
جموں//سٹیٹ مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس ویر جی ہانگلو نے آج ایک میٹنگ کے دوران آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں محکمہ کے کئی اعلیٰ افسروں نے بھی شرکت کی ۔مشن ڈائریکٹر نے آئی سی ڈی ایس کے تحت عملائی جا رہی پوشن ابھیان ، آدھار انرولمنٹ اور کئی دیگر سکیموں کی موثر عمل آوری پر زور دیا ۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ غذائی اجناس کی حصولیابی اور تقسیم کاری کا کام جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہئیے ۔ ہر ایک آنگن واڑی ورکر کیلئے 15 مستحقین کا نشانہ مقرر کیا گیا اور تمام سی ڈی پی او سے کہا گیا کہ وہ ہدایات پر عمل کریں ۔ مشن ڈائریکٹر نے فیلڈ عملے پر زور دیا کہ وہ آنگن واڑی مراکز کا دورہ کر کے بنیادی سطح پر سکیموں کی عمل آوری کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں بیداری پروگراموں کا انعقاد کیا جانا چاہئیے تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں ۔
حکومت نے روڈ سیفٹی فنڈ قوانین کو نوٹیفائی کیا
سرینگر//گورنر انتظامیہ نے روڈ سیفٹی فنڈ کو بروئے کار لانے کیلئے قوانین نوٹیفائی کئے ہیں تا کہ جموں و کشمیر سٹیٹ روڈ سیفٹی کونسل ایکٹ 2018 کی موثر عمل آوری کو یقینی بنایا جا سکے ۔ پرنسپل سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون کے مطابق روڈ سیفٹی کونسل ایکٹ کے ذریعے سے سٹیٹ روڈ سیفٹی کونسل اور روڈ سیفٹی فنڈ کی تشکیل ہو سکے گی تا کہ ریاست میں روڈ سیفٹی پروگراموں کی عمل آوری ہو سکے ۔ ڈاکٹر سامون نے کہا کہ یہ قدم روڈ سیفٹی کے تعلق سے سپریم کورٹ کمیٹی کی ہدایات کے مطابق اٹھایا گیا ہے ۔ جس میں ریاست میں نان لیپس ایبل روڈ سیفٹی فنڈ کے قیام کی بات کہی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ روڈ سیفٹی فنڈ میں روڈ سیفٹی سے متعلق سکیموں ، پروگراموں ، پروجیکٹوں کی عمل آوری کیلئے اخراجات مختص کرانے اور روڈ سیفٹی کیلئے لازمی آلات کی خرید اور تنصیب کیلئے بھی رقومات فراہم کی جائیں گی ۔
خورشید گنائی کا جموں میں عوامی دربار آج
جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی آج یعنی اتوار کے روز جموں میں عوامی شکایتی ازالہ کیمپ منعقد کریں گے۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق مشیر موصوف کنونشن سنٹر کنال روڈ جموں میں 30 ستمبر کو عوامی وفود کے ساتھ ملاقات کیلئے دوپہر 2 بجے سے شام6 بجے تک دستیاب رہیں گے ۔
جے ڈی اے میں الوداعی تقریب کا اہتمام
جموں //جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے صدر دفتر وکاس بھون میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں محکمہ کے سینئر اسسٹنٹ ونے بخشی کو الوداع کہی گئی۔ وائس چیئر مین جے ڈی اے کی صدارت میں منعقد ہ اس تقریب کے دوران ونے بخشی کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے جے ڈی اے ایمپلائز یونین کے صدر راجندر کمار نے بتایا کہ سبکدوش ہونے والے ساتھی نے کل 33سال تک جے ڈی اے میں خدمات سرانجام دیں جس میں سے 18سال وہ ٹرانسپورٹ نگر میں ایس ڈی سی کے طور پر نوکری کی بقیہ عرصہ وہ جے ڈی اے ڈویژن نمبر 1میں تعینات رہے ۔ مقررین نے بخشی کی بعد از ریٹائرمنٹ عمدہ صحت اور خوشگوار زندگی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
پولیس افسر کے اعزا ز میں تقریب
سرنکوٹ //سابق ایس ایچ او سرنکوٹ انظر میر کے اعزاز میں بفلیاز کے لوگوں نے ایک الوداعی تقریب منعقد کی جن کا حال ہی میں سرنکوٹ سے تبادلہ کرکے راجوری میں تعینات کیاگیاہے ۔تقریب کے دوران مقامی لوگوں نے انظر میر کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے سماجی برائیوں کے خلاف اہم اقدامات کئے ۔انہوں نے موصوف کو عوام دوست پولیس افسر قرا ردیتے ہوئے کہاکہ درابہ میں ایک حادثے کے دوران جب لوگ مشتعل تھے اور ٹرک کو نذر آتش کرنے لگے تھے تب موصوف نے مداخلت کرکے یہ معاملہ پرامن طریقہ سے حل کردیا۔
پونچھ میں طبی و ویٹرنری کیمپ منعقد
پونچھ //ضرورت مند لوگوں اور دور دراز علاقوں کے مال مویشیوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے فوج نے جھلاس میں میڈیکل ، ڈینٹل و ویٹرنری کیمپ منعقد کیا ۔اس دوران فوج کے گیارہ ڈاکٹروں پر مشتمل ایک ٹیم نے مقامی لوگوں اور مال مویشیوں کی طبی جانچ کرکے مفت میں ادویات فراہم کیں ۔اس موقعہ پر کئی سٹال بھی لگائے گئے جن کے ذریعہ لوگوں کو صحت مند زندگی بسر کرنے کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔
نعرے تحریر کرنے کا مقابلہ
منجاکوٹ//فوج نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے موضوع پر گورنمنٹ ہائراسکینڈری سکول منجاکوٹ میںنعرے تحریر کرنے کا مقابلہ کروایاجس دوران طلباء نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نعرے لکھے ۔اس پروگرام کا مقصد طلباء کی ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنااور ان کو فوج کے رول کے بارے میں جانکاری فراہم کرناتھا۔مقابلے میں 43طلباء اور2اساتذہ نے حصہ لیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو انعامات سے نوازاگیا۔