سٹیٹ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے چھاپے
پنجاب حویلی کے حساب میں 90لاکھ کا تفاوت پایا گیا:ایڈیشنل کمشنر
نیوز ڈیسک
جموں //سٹیٹ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے شہر کی کئی مٹھائی و بیکری دکانوں کا معائینہ کیا گیا جس دوران دکانداروں اور مالکان کو ہدایت جاری کی گئی کہ ان مراکز پر ضروری لورزامات کو دستیاب رکھا جائے ۔اس مہم کے دوران محکمہ کے آفیسران کی طرف سے شہر کی مشہور دکانوں جن میں پہلوان ،جے ہند بیکری گاندھی نگر ودیگر دکانوں کا معائینہ کرنے کے علا وہ ریکارڈ کی جانچ بھی کی گئی ۔اس سلسلہ میں بولتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر سٹیٹ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ محمود شاہد سلیم ڈار کے مطابق مذکورہ مہم ہوٹل پنجا ب حویلی میں اسی طرز کی مہم کے دوران 90لاکھ غائب رقم کے معاملہ کا منظر عام پر آنے و پتہ لگانے کے سلسلہ میں شروع کی گئی ہے ۔ا نہوں نے کہاکہ اس مہم کے دوران پتہ لگانا ہے کہ مذکورہ مٹھائی فروش قانون کے تحت ٹیکس دیتے اور ریکارڈ بحال رکھتے ہیں یہ نہیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ اگر غائب ہوئی رقم کا ابتدائی سطح پر پتہ نہیں لگا تو اس سلسلہ میں مزید اور بڑی مہم بھی شروع کی جائے گی ۔انہوں نے مزیدکہاکہ اس مہم کا اصل مقصد ان تجارتی مراکز کی جانب سے آمدنی کے حساب سے ٹیکس دینے کا پتہ لگانا ہے اور مذکورہ مہم کے دوران صرف تجارتی مراکز کے مالکان کو بیدار کیا جارہا ہے کہ وہ اپنا ریکارڈ بحال کرکے تیار رکھیں ۔
متعدد شخصیات و وفود گورنر سے ملاقی
بی جے پی وفد
جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی کا ایک وفد راج بھون میںگورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقی ہوا۔ وفد میں پارٹی کے ریاستی صدر رویندر رینہ، جنرل سیکرٹری اشوک کول اور سابق وزیرسنیل شرما بھی شامل تھے۔وفد نے ریاست کی مجموعی سلامتی صورتحال اور ترقیاتی منظر نامے سے جڑے امور پر گورنر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
ڈائریکٹر سینک ویلفیئر
جموں//برگیڈئیر( ریٹائرڈ) ہرچرن سنگھ ڈائریکٹر سینک ویلفیئرراج بھون میںگورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے گورنر کو اس وقت کام کر رہے فوجی اہلکاروں اور جموں وکشمیر کے سابقہ فوجیوں کی بہبودی کے لئے عملائی جارہی سکیموں کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے موجودہ اور سابق فوجی اہلکاروں اور ان کے کنبوں کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایل اے ایچ ڈی سی لیہہ کا وفد
جموں//لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کاایک وفد سی ای سی جمیانگ سرینگ نمگیال کی قیادت میںگورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقی ہوا۔ وفد نے لداخ کو ایک مرکزی نظام والا علاقے کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا۔ وفد نے لداخ کے راستے سے کیلاش مانسرور روٹ کو کھولنے، بودھی زبان کو ملک کے آئین کے8 ویں شیڈول میں شامل کرنے، لداخ خطہ کے لئے ہوائی کرایوں میں معقولیت لانے، مختلف محکموں میں خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے اور کئی دیگر معاملات گورنر کے نوٹس میں لائے۔
سٹیٹ چیف کمشنر بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈز
جموں//آئی ڈی سونی سٹیٹ چیف کمشنر اورایم ایم جوشی کمشنر بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈز جے اینڈ کے نے گورنر ستیہ پال ملک جو جے اینڈ کے بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈز کے سرپرست بھی ہیں،کے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے گورنر کو ریاست میں سکاؤٹس اینڈ گائیڈز تحریک کو مستحکم کرنے کے لئے عملائے جارہے پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی۔انہوں نے اس موقعہ پر کئی معاملات بھی گورنر کے سامنے رکھے جن میںاضافی رقومات کی دستیابی اور ٹریننگ سینٹر قائم کرنا بھی شامل ہے۔گورنر نے بچوں کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے غیر رسمی تعلیم کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ریاست میں بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈز کی تحریک کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
نیشنل چلڈرن تھیٹر فیسٹیول‘میںنٹرنگ جموں کی پیشکش
جموں //ریاست آسام کے ٹیز پور میں شروع ’نیشنل چلڈرن تھیٹر فیسٹیول‘اختتام پذیر ہو گیا ۔اس فیسٹیول میں نٹرنگ تھیٹر جموں کے 17اراکین پر مشتمل ایک ٹیم نے بچوںکا مقبول ڈرامہ ’ہم آپ کے ہیں کون ‘پیش کیا جبکہ فیسٹیول میں شرکت کیلئے نٹرنگ ڈائریکٹر بلونت ٹھاکر کی قیادت میں ایک 20رکنی ٹیم آسام میں موجود تھی ۔اس فیسٹیول میں نٹرنگ تھیٹر کی جانب سے شرکت کر رہے کمسن کلاکاروں کی جانب سے پیش کی گئی بہترین کارکردگی کیلئے تعریف کی گئی ۔یاد رہے کہ فیسٹیول میں شمالی ہندوستان سے صرف’ ہم آپ کے ہیں کون‘ڈرامہ ہی پیش کیاگیا جبکہ اس فیسٹیول میں ملک کے بہترین تھیٹر ٹیموں کو دعوت دی گئی تھی ۔بچوںکا مقبول ڈرامہ ’ہم آپ کے ہیں کون ‘ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والوں میں کرن بھٹہ نگر ،وی کے شرما ،لطیف کھٹانہ ،کے جی کریشنا مورتی ،باسکر گوسوامی ،نپن کمار ،رودر کوہلی ،وردنا شرما ودیگران شامل ہیں۔
گردورا ہ بکرم سنگھ میں طلباء کیلئے اعزازی تقریب
جموں //گردورا بکرم سنگھ بکرم چوک میں کامیاب طلباء کیلئے اعزازی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سابقہ ممبراسمبلی راجیش گپتا بطور مہمان خصوصی شامل ہو ئے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے راجیش گپتا نے کامیاب طلباء اور ان کے والدین کا مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاکہ ملک اس وقت تعلیمی میدان بالخصوص تکنیکی تعلیم ،جدید سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں نئی بلندیوں کی جانب راغب ہے ۔انہوں نے طلباء سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ معیاری تعلیم حاصل کرتے ہوئے ملک کی تعمیر وترقی کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ طلباء کو چاہیے کہ وہ اس جدید دور میں کمپیوٹر شعبہ کی جانب زیادہ سے زیادہ توجہ دیں تاکہ وہ اس شعبہ میں روز گار حاصل کر سکیں ۔موصوف نے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے کئی اسکیمیں شروع کی گئی ہیں تاکہ ملک میں تعلیمی نظام کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔
ینگ پنتھرز کی جانی پور میں میٹنگ
جموں//ینگ پنتھرز نے اپنی ’یوا سینا ‘مہم کو جاری رکھتے ہوئے جانی پور کے وارڈ نمبر 34میں ایک میٹنگ کا اہتمام کیا جس میں کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ضلع صدر ینگ پنتھرز کی قیادت میں منعقد کی گئی میٹنگ میں ینگ پنتھرس کے ریاستی نائب صدر پرتاب سنگھ جموال نے کہاکہ پنتھرس پارٹی صوبہ جموں کی عوام کی فلاح و بہبود اور ان کو انصاف دلانے کیلئے لڑائی لڑ رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی اس خطہ کیلئے پبلک سروس کمیشن ،ایس ایس بی ،ایجوکیشن بورڈ ودیگر اداروں کو علیحدہ طور پر قائم کروانے کیلئے کمر بستہ ہے تاکہ اس خطہ کے بے روز گار نوجوانوں کو نظر انداز نہ کیا جائے ۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ پنتھرس پارٹی کی جانب سے شروع کی گئی یوا سینا مہم میں شامل ہو کر جموں خطہ کی عوام کو انصاف دلانے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔اس موقعہ پر سنیل کمار ،کرن جیت سنگھ ،نریش سنگھ کے علا وہ دیگران بھی موجود تھے ۔
یوم جموریہ2019-
چیف سیکرٹری نے تیاریوں کا جائزہ لیا
جموں//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے ریاست بھر میں آئندہ برس26 جنوری کو منعقد ہونے والی یوم جمہوریہ تقریبات کے انتظامات کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدرات کی ۔اس میٹنگ میں ڈی جی پی دلباغ سنگھ، پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم، پرنسپل سیکرٹری خاطر تواضع، اے ڈی جی پی ، سی آئی ڈی ، جے اینڈ کے، اے ڈی جی پی سیکورٹی، انتظامی سیکرٹری، ڈویثرنل کمشنر جموں اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ ڈویثرنل کمشنر کشمیر اور آئی جی پی کشمیر زون نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ کے دوران مقامات ، سلامتی انتظامات، پریڈ کے لئے فوج ، سی آر پی ایف، پولیس اور سکولی بچوں کے دستوں، جھانکی کی عکاسی، ثقافتی پروگراموں، صفائی ستھرائی، پانی، بجلی اور طبی سہولیات جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ یوم جمہوریہ کی سب سے بڑی تقریب جموں یونیورسٹی گراؤنڈ میں منعقد ہوگی جہاں گورنر تقریب کی صدارت کریں گے جبکہ سرینگر میں سب سے بڑی تقریب شیر کشمیر کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔چیف سیکرٹری نے سول اور پولیس انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کر کے تقریبات کے احسن انعقاد کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ان تقریبات میں بھاری تعدا میں عوامی شرکت کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندوں اور معزز شخصیات کے ساتھ ساتھ ڈپٹی کمشنروں کو حال ہی میں منعقد کئے گئے پنچائتی اور شہری بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کو بھی دعوت دینی چاہئے۔چیف سیکرٹری نے دونوں ڈویثرنل کمشنروں سے کہا کہ وہ یوم جمہوریہ کی تیاریوں کا جائیزہ لے کر انہیں اس ماہ کے آخر تک حتمی شکل دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈویثرنل کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو ایونٹ منیجرز نامزد کرنا چاہئے تا کہ یوم جمہوریہ۔2019 کے احسن اور بلا خلل انعقاد کو یقینی بنایاجاسکے۔
ایم ایل سی دورجے اور
سی ای سی ایل اے ایچ ڈی سی لیہہ کے کے شرما سے ملاقی
جموں//چیف ایگزیکٹو کونسلر لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ جمیانگ سرینگ نمگیال اور ایم ایل سی سرینگ دورجے نے سیول سیکرٹریٹ میں گورنر کے مشیر کیول کمار شرما کے ساتھ ملاقات کی اور لیہہ ضلع کے ترقیاتی منظر نامے پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔سیکرٹری لداخ امور ریوا کماری کے علاوہ ڈپٹی چیئرمین ایل اے ایچ ڈی سی لیہہ گیال پی نمگیال اور کئی دیگر شخصیات اس موقعہ پر موجود تھیں۔موسم سرما کے دوران مشیر موصوف نے لیہہ میں بجلی سیکٹر کی تیاریوں کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر کے حالیہ دورے کے دوران انہوں نے آلسٹینگ گرڈ سٹیشن کو مکمل کرنے کی ہدایت دی تھی تا کہ لداخ خطہ میں بجلی کی صورتحال میں بہتری لائی جاسکے۔سی ای سی، ایل اے ایچ ڈی سی لیہہ نے اس موقعہ پر مطالبات پر مشتمل ایک یاداشت بھی مشیر موصوف کو پیش کی۔لیہہ میں کام کررہے سرکاری ملازمین کے حق میں10 فیصد ایس ڈی اے واگذار کرنا، ضلع ہسپتال کو بڑھاوا دینا اور لیہہ ضلع میں خاطر تواضع محکمہ قائم کرنا شامل ہے۔اس موقعہ پر کئی دیگر مطالبات بھی اُجاگر کئے گئے۔میٹنگ میں لیہہ ضلع میں التواء میں پڑے ترقیاتی پروجیکٹوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔مشیر موصوف نے کونسل کو یقین دلایا کہ اُن کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔
مشیر کا عوامی دربار
متعدد وفود خورشید گنائی نے ملاقی،مطالبات کے حل پر زور دیا
جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے جے کے گورنر گریوینس سیل کے تحت ایک عوامی شکایات کا ازالہ کرنے کا ایک کیمپ منعقد کیا۔ کیمپ میں سول سوسائٹی گرؤپ کے وفودم ملازمین کے نمائندوں اور کئی اضلاع سے آئے ہوئے افراد نے شرکت کی۔انہوں نے مشیر موصوف کو ترقیاتی اور عوامی خدمات سے متعلق کئی مطالبات پیش کئے۔کشمیر پنڈت سبھا کے ایک وفد نے کشمیر ی مہاجرین کو درپیش مسائل کے بارے میں مشیر موصوف کو آگاہ کیا۔مطالبات کے رد عمل میں مشیر موصوف نے وفد کو یقین دلایا کہ اُن کے یاداشت کی ایک کاپی گورنر کو بھیجی جائے گی تا کہ اُن کے مسایل حل کئے جاسکیں۔ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن پتنی ٹاپ کے ایک وفد نے علاقہ کی اندرونی سڑکوں کو اپ گریڈ کرنے، علاقہ میں پینے کے پانی کی فراہمی اور شاپنگ سینٹر قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔پنچیری اودہمپور کے باشندوں نے مشیر موصوف کو علاقہ میں ڈگری کالج کھولنے، ہائیر سکینڈری سکول پنچیری میں کامرس ، پولیٹکل سائنس اور فیزیکل ایجوکیشن مضمون متعارف کرنے اور آئی ٹی آئی کالج کے قیام کا مطالبہ کیا۔ پمپوش کالونی چھنی راما اور ڈوگرہ نگر مٹھی کے لوگوں نے اُن کے علاقوں میں گلیوں اور نالیوں کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔آل جے اینڈ کے یوتھ فیڈریشن نے پہاڑی طبقہ کے لئے گرلز ہوسٹل کی تعمیر، سٹیٹ یوتھ پالیسی کی تشکیل اور دیگر مطالبات مشیر موصوف کو پیش کئے۔پشو و بھیڑ پالن محکمہ کے ڈگری ہولڈر ملازمین کا وفد بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوا اور محکمہ میں ترقیوں کے معاملات کے بارے میں مشیر کو جانکاری دی۔جموں اینڈ کشمیر ریذروڈ کیٹی گری امپاورمنٹ ایلائنس کے ایک وفد نے جے اینڈ کے ریزوریشن رول کے تحت ترقیوں میں ریزرویشن کا مطالبہ کیا۔بجبہاڑہ اننت ناگ کے ایک وفد نے ڈڈو مرہامہ میں کھیل کے میدان کی تعمیر کی مانگ کی۔ڈوڈہ سے آئے ہوئے اساتذہ کے ایک وفد نے بھی مشیر موصوف سے ملاقات کی اور باقاعدہ طور بی ایڈ کورس میں شمولیت کرنے کی اجازت طلب کی۔مشیر موصوف نے ان وفود کے مسائل کو بغور سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت مرحلہ وار طریقے پر اُن کے مطالبات حل کرے گی ۔ مشیر موصوف نے چند معاملات میں موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں۔
محنت و روز گار محکمہ اور جے کے بینک کے نمائندوں کی میٹنگ
گنائی کا شرح سودفائنانشل مارکیٹ شرحوں کے مطابق مقرر کرنے پرزور
جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے محنت و روز گار محکمہ کے افسران اور جے اینڈ کے بنک کے نمائندوں کی ایک مشترکہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں محکمہ کے پرویڈنٹ فنڈ کی سرمایہ کاری اور دیگر سی ایس آر اقدامات پر غور وخوض کیا گیا۔میٹنگ میں محنت و روز گار محکمہ کے کمشنرت سیکرٹری سوربھ بھگت، جے اینڈ کے بنک کے چیئرمین/ سی ای او پرویز احمد،لیبر کمشنر، پریذیڈنٹ جے کے بنک سُنیل گپتا، اسسٹنٹ وائس پریذیڈنگ آئی ٹی وِنگ خورشید مظفر اور ڈائریکٹر فائنانس و سیکرٹری کم سی ای او بلڈنگ اینڈ کنسٹرکشن ویلفیئر بورڈ کے علاوہ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ریاستی حکومت جموں وکشمیر کے طول وارض میں16 ہزار تنظیموں کے4.64 ورکروں کو سوشل سیکورٹی فراہم کرتی ہے اور انہیں ای پی ایف سبسکرپشن پر سالانہ8.5 فیصد سود فراہم کرتا ہے۔مشیر موصوف نے جے کے بنک کے چیئرمین سے کہا کہ وہ سود کی شرح کو فائنانشل مارکیٹ میں دستیاب شرحوں کے مطابق مقرر کریں تا کہ پرویڈنٹ فنڈ تنظیم اپنے سبسکرائبروں کے ساتھ اُن کی توقعات کو موثر طور پورا کرسکے۔اس معاملہ پر تفصیلی بحث کے بعد جے کے بنک نے پی ایف ڈیپازٹوں پر سود کی شرح بڑھانے پر اتفاق کیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سی ایس آر انیشیٹو کے تحت جے کے بنک نے بلڈنگ اینڈ ادر کنسٹرکشن ورکرس ویلفئیر بورڈ کے ریکارڈ کا ڈیجیٹائزیشن کا عمل ہاتھ میں لیا ہے۔صدر جے کے بنک نے میٹنگ میں بتایا کہ اب تک135000 ریکارڈ کو ڈیجیٹائز کیا گیا ہے اور باقی ماندہ کام جنوری2019 تک مکمل ہونے کی اُمید ہے۔مشیر موصوف نے محنت و روز گار محکمہ میں ڈیجیٹائزیشن اور ای گورننس کے عمل کو مقبول بنانے کی ستائش کی۔ انہوں نے جے کے بنک سے کہا کہ وہ سی ایس آر کے سلسلے میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرے۔