سکھ تنظیموں کااجلاس، دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کی ستائش
کمل ناتھ کومدھیہ پردیش کاوزیراعلیٰ بنانے کی مذمت
جموں//مختلف سکھ تنظیموں کاایک اجلاس ایس سدرشن سنگھ وزیرچیئرمین جے اینڈکے سکھ یونائٹیڈ فرنٹ کی صدارت میں منعقدہوا۔اس دوران اجلاس میں شرومنی اکالی دل جے اینڈکے ،بھائی کنیہا نکشم سیواسوسائٹی ،اے آئی ایس ایس ایف، سکھ نوجوان سبھا ،ممبران ڈسٹرکٹ گورودوارہ پربندھ کمیٹی کے ممبران وعہدیداران نے شرکت کی۔اس دوران میٹنگ میں دہلی ہائی کورٹ کی طرف سے کانگریس لیڈرسجن کمارکو1984کے سکھ مخالف فسادات میں قصوروارپانے پرسزادینے کے فیصلے کی ستائش کی۔ میٹنگ کے دوران کانگریس صدرراہل گاندھی کی طرف سے کمل ناتھ کومدھیہ پردیش کاوزیراعلیٰ بنانے کے فیصلے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی گئی ۔انہوں نے کہاکہ کمل ناتھ دہلی میں ہوئے سکھ مخالف فسادات میں ملوث تھے۔اس موقعہ پر مقررین نے مرکزی حکومت سے مانگ کی گئی کہ کمل ناتھ کے خلاف معاملہ درج کیاجائے تاکہ سکھ برادری کوانصاف مل سکے۔ مقررین نے 1984 میں ضلع تلواڑہ ریاسی میںقتل کئے گئے سکھوں اور13 جنوری 1989کونگرکیرتن کے دوران قتل کئے گئے 14سکھوں کے قاتلوں کوسزادینے کیلئے مرکزی حکومت سے اقدامات اٹھانے کامطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ جب تک ملزمان آزادگھومتے رہیں گے تب تک سکھ طبقہ کوانصاف نہیں مل سکتاہے۔ اس دوران میٹنگ میں ایس درویندرسنگھ،ایس دیال سنگھ وزیر، ایس گجن سنگھ، ایس سریندرسنگھ کالا، موہندرسنگھ، ایس راجاسنگھ سرپنچ، ایس پرمجیت سنگھ ،ایس رویندرسنگھ سرپنچ، ایس سرجیت سنگھ کوکو، ایس یدھ ویرسنگھ کارپوریٹر ، ایس راجندرسنگھ، ایس رسویرسنگھ ،ایس منموہن سنگھ،ایس کلونت سنگھ،ایس کلدیپ سنگھ ملک، ایس تیج پال سنگھ،ایس پرمجیت سنگھ رینہ،ایس ہرپریت سنگھ چھوٹو،ایس جگجیت سنگھاورایس کلتارسنگھ شامل تھے۔
سجن کمارکوسزاخوش آئند:شرومنی اکالی دل (بی)
جموں//شرومنی اکالی دل (بی ) جے اینڈکے جموں نے دہلی ہائی کورٹ کے اُس فیصلے کی ستائش کی ہے جس میں سینئرکانگریس لیڈر سجن کمارکوسکھ مخالف فسادات 1984 کے سلسلے میں عمرقیدکی سزاسنائی گئی۔ یہاں جاری پریس ریلیزکے مطابق شرومنی اکالی دل (بی)جے اینڈکے نے کہاہے کہ سجن کمارکودہلی ہائی کورٹ کی طرف سے سزاسنانے کافیصلہ خوش آئند ہے۔ تنظیم نے کہاہے کہ سجن کمارکی ایماپر معصوم سکھوں کاقتل عام کیاگیا،ان کی املاک کوجلایاگیااورخواتین اوربچوں پرمظالم ڈھائے گئے۔ دہلی کورڈ نے ایک اچھافیصلہ لیاہے جس سے عدلیہ پراعتمادبحال ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے قانونی جنگ میں سکھ مخالف فسادات کے متاثرین کی امدادکرنے والوں کابھی شکریہ اداکیا۔ اس دوران اکالی دل نے کیسوں کوازسرکھولنے اوران کی تحقیقات کیلئے ایس آئی ٹی کے قیام کے فیصلے کوبھی سراہا۔
مشن آئی سی ڈی ایس ملازمین کااجلاس منعقد
حکومت سے واجب الاداتنخواہیں واگزارکرنے کامطالبہ
جموں//مشن آئی سی ڈی ایس صوبہ جموں کے ملازمین کااجلاس یہاں صوبائی صدرنان گزیٹیڈ ایمپلائزایسوسی ایشن سوشل ویلفیئراینڈآئی سی ڈی ایس عمرجان کی صدارت میں منعقدہواجس میں ملازمین کی مانگوں پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ اس دوران مقررین نے کہاکہ گزشتہ کئی مہینوں سے بارہاسفارشات ارسال کرنے کے باوجود تنخواہیں واگزارنہیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بہت سے اضلاع میں ملازمین کوگزشتہ سات اوربعض اضلاع میں تین مہینوںسے مشن آئی سی ڈی ایس ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئی سی ڈی ایس ملازمین پراُمیدہیں کہ حکومت ہماری مانگوں کوپوراکرے گی اورمشن آئی سی ڈی ایس کیلئے علیحدہ ڈائریکٹوریٹ کاقیام عمل میں لائے گی۔ انہوں نے ریاستی گورنرسے پرزوراپیل کی کہ مشن آئی سی ڈی ایس ملازمین کی واجب الاداتنخواہوں کی واگزاری کیلئے فوری طورپراقدامات اٹھائے جائیں۔ اس دوران متفقہ طورپرفیصلہ لیاگیاکہ اگردوہفتوں کے اندرحکومت نے مانگوں کوپورانہیں کیاگیاتوضلع ہیڈکوارٹرسطح پر صوبہ بھرمیں احتجاج کئے جائیں گے اورمیمورنڈم متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کوسونپے جائیں گے۔
عالمی بنک معاونت کے پروجیکٹوں کی پیش رفت پرتبادلہ خیال
جموں //پرنسپل سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی خورشید احمد شاہ نے یہاں متعلقہ محکموں کے افسروں کی ایک مشترکہ میٹنگ کے دوران آر اینڈ بی سیکٹر میں عالمی بنک معاونت والے پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ سی ای او ای آر اے ڈاکٹر راغب لنگر کے علاوہ چیف انجینئران بھی اس میٹنگ میں موجود تھے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ عالمی بنک کی فنڈنگ سے 429 کروڑ روپے کی لاگت والے کئی سڑک ، پل ، سکول اور کالج پروجیکٹ تکمیل کے مختلف مراحل سے گذر رہے ہیں ۔ کمشنر سیکرٹری نے کہا کہ ان پروجیکٹوں کی تکمیل کیلئے وقت کا تعین کیا گیا ہے تا کہ دستیاب وسائل کو بھی موثر طریقے پر بروئے کار لایا جا سکے ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ اہلیت کے عمل میں ترامیم کی گئی ہے تا کہ مقامی بڈر بھی عالمی بنک کی فنڈنگ والے پروجیکٹوں میں شرکت کر سکیں تا کہ مقامی شراکت داری کو بھی بڑھاوا مل سکے ۔ یہ تمام معاملات بھی اس موقعہ پر عالمی بنک ٹیم کے ساتھ اٹھائے گئے ۔ عالمی بنک ٹیم نے درخواست کے تناظر سے مثبت ردِ عمل کا اظہار کیا ۔ ٹیم نے ریاست میں عملائے جا رہے پروجیکٹوں کی مجموعی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ہیڈ کوارٹر چھوڑنے سے متعلق نئے احکامات جاری
افسران کواعلیٰ حکام سے پیشگی اجازت حاصل کرنی ہوگی
جموں/سرکار نے افسران کی طرف سے ہیڈکوارٹر چھوڑنے سے متعلق نئے احکامات جاری کئے ہیں ۔ جی اے ڈی کی طرف سے جاری حکمنامے کے مطابق انتظامی سیکرٹری ، صوبائی کمشنراں اور ڈپٹی کمشنراں ریاست سے باہر کے دوروں پر جانے سے پہلے چیف سیکرٹری کے دفتر سے اجازت حاصل کیا کریں گے جبکہ تمام محکموں کے سربراہاں اور صوبائی سطح کے افسران جو فیلڈ میں کام کرتے ہیں وہ ریاست سے باہر دورے کے لئے انتظامی محکمہ سے اجازت حاصل کرنے کے علاوہ صوبائی کمشنر کو بھی مطلع کریں گے۔حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی محکمہ کا سربراہ یا صوبائی سطح کوئی افسر ریاست سے باہر سرکاری دورے پر جاتا ہے تو اسے صوبائی کمشنر سے پیشگی اجازت لینی ہوگی اور یہ اطلاع انتظامی محکمہ کو بھی فراہم کی جائے گی۔علاوہ ازیں ریاست سے باہر جانے والے ضلع سطحی افسر کو متعلقہ محکمہ کے سربراہ کو مطلع کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے اجازت حاصل کرنی ہوگی اور ہر افسر کو اپنے دورے سے متعلق نوٹ انتظامی محکمہ کو ماہانہ بنیادوں پر بھیجنا ہوگا۔
کلچرل اکادمی کے زیراہتمام مشاعرہ ومحفل موسیقی 20 دسمبرکو
جموں//جے اینڈکے سٹیٹ اکیڈمی آف آرٹ ،کلچراینڈلنگویجزکے شعبہ گوجری کے زیراہتمام کے ایل سہگل ہال میں 20 دسمبرکوایک مشاعرہ اورمحفل موسیقی کااہتمام کیاجارہاہے ۔اس سلسلے میں جاری پریس بیان میں ریاستی کلچرل اکادمی کے شعبہ گوجری کے انچارج ڈاکٹرشاہنوازچوہدری نے کہاکہ شعبہ گوجری کی سرگرمیوں میں سرعت لانے کیلئے اوراسے مزیدفعال بنانے کے حوالے سے 20 دسمبرکو مشاعرہ اورمحفل موسیقی کاانعقادکیاجارہاہے جس میں ریاست کے نامورشعرااورگلوکارحصہ لیں گے اورسامعین کومحظوظ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ اکیڈمی کاگوجری شعبہ گوجری زبان وادب اورنوجوانوں اوردیگرفنکاروں کے ہنراورثقافت کوفروغ دینے کیلئے سرگرمی کے ساتھ کام کررہاہے ۔انہوں نے کہاکہ آئندہ مہینوں میں گوجری سیکشن مزیدپروگراموں کے انعقادکامنصوبہ رکھتی ہے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ 20دسمبرکوکے ایل سہگل ہال میں منعقدہونے والے مشاعرہ اورمحفل موسیقی میں حصہ لے کراسے کامیاب بنائیں۔
پلوامہ میں عام شہریوں کی ہلاکتیں افسوسناک :نیشنل ہیومن رائٹس
جموں// ایگزیکٹیوڈائریکٹر نیشنل ہیومن رائٹس( کونسل اینڈسوسائٹی )ایم آئی زرگرنے وادی کشمیرکے پلوامہ ضلع میں سراپااحتجاج شہریوں پر بے تحاشہ طاقت کے استعمال اورسات عام شہریوں کی ہلاکت کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔ یہاں جاری پریس بیان میں ایم آئی زرگرنے کہاکہ پلوامہ میں فورسزکے ہاتھوں سات عام شہریوں کی ہلاکت کی جس قدرمذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ عام شہریوںکوبھی چاہیئے کہ وہ انکائونٹرسائٹس سے دوررہیں ۔انہوں نے فوجی سربراہ پرزوردیاکہ وہ جنگجوئوں کے مخالف آپریشن کے دوران عام شہریوں پرفائرنگ سے گریزیقینی بنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیئے کہ کشمیر میں بے گناہوں کے خون کی ہولی بندکی جائے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں حقوق انسانی کی پامالی ہو رہی ہے جس پر عالمی برادری بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ایم آئی زرگرنے پلوامہ میں جان بحق ہوئے عام شہریوں کے لواحقین کوفوری طورپرایکس گریشیاریلیف واگزارکرنے کابھی مطالبہ کیا۔
مجوزہ غوث الوریٰ کانفرنس
الحاج عبدالرشیددائودی خطاب کریںگے
جموں//آل جموں وکشمیر تحریک صوت الاولیاء کے سرپرست الحاج عبدالرشیددائودی 23 دسمبر 2018بروز اتوارکوعیدگاہ میدان راجوری میں غوث الوریٰ کانفرنس سے خطاب کریں گے۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں تحریک صوت الاولیاء جموں کے انچارج نگران منظوررضانے کہاہے کہ تحریک کے بانی وسرپرست الحاج عبدالرشیددائودی سفرمحمود(عمرہ) مکمل کرنے کے بعدعرب سے عجم پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ الحاج عبدالرشیددائودی 23دسمبر2018کوراجوری کے عیدگاہ میدان میں منعقدہونے والی غوث الوریٰ کانفرنس میںفرزندان توحیدورسالت سے خطاب فرمائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ جموں کے تحریک صوت الاولیاء کے اراکین اورزعما الحاج عبدالرشیددائودی کوعمرہ مکمل کرنے کیلئے مبارکبادپیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ موصوف دین اسلام اوراہل سنت وجماعت کی آبیاری کیلئے نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔
سوریاوہارپاٹابوہڑی میں بنیادی سہولیات کافقدان
پانی کی قلت دورکرنے اورسڑک کی مرمت کامطالبہ
جموں//موسم سرمامیں بھی جموں شہرکے بعض علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت کے سبب لوگوں کومشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے ۔تفصیلات کے مطابق سوریاوہارپاٹابوہڑی میں لوگوں کوپینے کے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے دشواریاں جھیلنی پڑرہی ہیں۔متعلقہ علاقہ کے لوگوں کاکہناہے کہ علاقہ میں گزشتہ کئی دنوں سے پانی کی معقول سپلائی نہیں کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پینے کی پانی کی قلت کی وجہ سے لوگوں کی پریشانیاں روزبروزبڑھتی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مقامی لوگ جب متعلقہ پمپ سٹیشن کے پی ایچ ای کے اہلکاران سے ملتے ہیں تووہ کہتے ہیں کہ ڈیلی ویجرہڑتال پرہیں اس لیے ہم پانی سپلائی کیسے کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے تنخواہوں سے محروم پی ایچ ای کے ڈیلی ویجرہڑتال پرہیں۔اس کے علاوہ علاقہ کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ بوہڑی چوک سے آنندنگرکی سڑک خستہ حال ہے جسے فوری طورپرمرمت کرنے کی ضرورت ہے۔لوگوں نے ریاستی گورنرانتظامیہ سے پرزوراپیل کی ہے کہ متعلقہ حکام کوہدایات دی جائیں کہ پینے کے پانی کی قلت اورسڑک کی خستہ حالی کامسئلہ حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔
ایمپلائزجوائنٹ ایکشن کمیٹی (آر) کاگورنرکے مشیرسے ملاقی
تنخواہوں سے تفاوت دورکرنے ودیگرمانگوں کواُجاگرکیا
جموں//جے اینڈکے ایمپلائزجوائنٹ ایکشن کمیٹی (آر)کے ایک وفدنے ریاستی گورنرکے مشیر کے کے شرماسے ملاقات کی ۔اس دوران وفدنے کلریکل کیڈرملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت اورایس آراو333 میں ترمیم کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران وفدنے عام ملازمین کے مسائل کے بارے میںبھی کے کے شرماکوتفصیلی طورجانکاری دی ۔اس موقعہ پروفدکے شرکانے کلریکل کیڈرملازمین کی تنخواہوں سے تفاوت دورکرنے اوردیگرجائزمانگوں کوفوری طورپرپوراکرنے کی اپیل کی۔ اس دوران جن مسائل کواُجاگرکیاگیاان میں کلریکل کیڈرملازمین کی تنخواہوں سے تفاوت دورکرنے ، ایس آراو333 میں ترمیم کرنے، عارضی ملازمین کی مستقلی، آنگن واڑی ورکروں کے مشاہرہ میں اضافہ کرنے ، سٹورس پروکیورمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے کام کاج کیلئے فیڈزکی بحالی ، میڈیکل انشورنس پالیسی کوختم کرنے ،سیکریٹریٹ سے باہرکے ملازمین کی ڈی پی سی کے انعقاد اورکیرئیرپروگریشن یقینی بنانے مختلف محکموں کودوسرے محکموں میں ضم کرنے اورانہیں بندکرنے پرقدغن لگانے وغیرہ تھے۔اس دوران وفدمیں تنظیم کے صدربابوحسین ملک کے علاوہ سیوارام راٹھور، کلونت سنگھ سمبیال، ہلال احمدخان، انسویا گپتا، نریش کمار، ادھے سنگھ پٹھانیہ، واحدزرگر،جٹونت سنگھ ،انل ڈوگرہ، لکش ورما، سبھاش چندر ودیگران شامل تھے۔