۔26 آٹو رکھشا چلانے والوں کے خلاف کاروائی
جموں//ٹرانسپورٹ کمشنر ایس پی وید کی ہدایات پر لیگل میٹرالوجی ، ٹرانسپورٹ اور ٹریفک محکمے کے افسران پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم نے جموں شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور آٹو رکھشاؤں میں نصب کئے گئے کرائے کے میٹروں کا معائینہ کیا ۔ معائینے کے دوران 67 آٹو رکھشاؤں کا معائینہ کیا گیا جن میں سے 26 کو قانون کی خلاف ورزی میں ملوث پایا گیا اور 13300 روپے کی رقم جرمانے کے طور پر وصول کی گئی ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے پہلے دو کلو میٹر کیلئے 33 روپے اور باقی ماندہ کلو میٹروں کیلئے 14 روپے مقرر کئے ہیں ۔
متعدد افراد کی وومن کلب ’میری پہچان ‘میں شمولیت
جموں //وومن کلب ’میری پہچان ‘کی طرف سے شاستری نگر میں ایک پروگرام کااہتمام کیا گیا جس میں اراکین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔سندھیا گپتا کی قیادت میں منعقدہ اس تقریب کے دوران متعدد معززین نے کلب میں شمولیت اختیار کر لی ۔کلب میں نئے اراکین کی شمولیت کا استقبال کر تے ہوئے سندھیا شرما نے کہاکہ کلب کو قائم کرنے کا اصل مقصد سماج کے پسماندہ طبقہ کی خدمت کر نا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اس نئی شمولیت سے کلب کی بنیاد مزید مضبوط ہونے کے علا وہ غریب طبقہ کی فلاح و بہبود پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔کلب میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں ابھیشک رالی ،ہرش مہاجن ،مکیش گپتا ،سویتا مہاجن ،ڈاکٹر اراتی بھلہ ودیگران شامل ہیں ۔
نیرج کندن راجستھان اور دہلی کے NSUIانچارج نامزد
جموں //نیشنل سٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (NSUI)کے قومی سیکریٹری نیرج کندن کو راجستھان اور نئی دہلی کا تنظیمی انچارج بنادیا گیا ہے ۔جموں کے بشاہ علا قہ سے تعلق رکھنے والے نیرج کندن اس سے قبل NSUIکے ریاستی صدر بھی رہ چکے ہیں جبکہ اس وقت وہ نیشنل سیکریٹری کی خدمت انجام دے رہے تھے ۔اس سے قبل وہ صرف ریاست راجستھان کی این ایس یو آئی تنظیم کے انچارج تھے ۔اس سلسلہ میں بولتے ہوئے انہوں نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر راہل گاندھی اور تنظیمی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ اسمبلی انتخابات کے دوران راجستھان میں پارٹی کی جانب سے این ایس یو آئی کے تین لیڈران کو ٹکٹ دی گئی تھی جن میں سے دو نے کا میابی حاصل کی ۔موصوف نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ وہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرینگے ۔
’سمو وومن ونگ ‘ نے پانچویں سنٹر کا افتتاح کیا
جموں //سمو وومن ونگ نے سمبل کیمپ میں اپنے پانچویں سنٹر کا افتتاح کیا ۔اس سنٹرکو قائم کر نے کا اصل مقصد خواتین کو بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ اپنا روز گار خو تیار کرسکیں ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے انتیا چاند پوری نے کہاکہ مذکورہ تنظیم کی جانب سے سرحدی ضلع راجوری ،رام بن اور جموں میں ابھی تک 500سے زائد خواتین کو فائدہ پہنچایا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مرکزی وزرات برائے سماجی بہبود اور ڈسٹر کٹ انڈسٹری کی جانب سے مشترکہ طور پر خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے اسکیموں کو شروع کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنا روز گار خود تیار کرسکیں ۔ انتیا چاند پوری نے خواتین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان اسکیموں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا یں جبکہ انہوں ضرورتمند خواتین میں راشن بھی تقسیم کیا ۔
کٹرہ میں بیداری پروگرام وریلی اختتام پذیر
جموں //ضلع انتظامیہ ریاست اور ادہم پور کے اشتراک سے گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول کٹرہ میں منشیات اور حق اطلاعات قانون پر منعقدہ پروگرام بیداری ریلی کیساتھ ہی اختتام پذیر ہو گیا ۔تین دنوں تک چلنے والے اس پروگرام کے دوران مذکورہ سیمینار ،لیکچر،نصاب تقسیم کرنے کے علاوہ کوئز مقابلوں کا اہتمام کیا گیا جن میں سکولی طلباء نے بڑی تعداد میں شر کت کی ۔بیداری پروگرام کے اختتامی دن گور نمنٹ گرلز ہائی سکول اور گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول کٹرہ کے طلباء نے ایک ریلی کا اہتمام کیا جس کو ایس ڈی ایم کٹرہ اشوک کمار نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔مذکورہ ریلی کٹرہ مین بازار ،بس اسٹینڈ ،فونٹین چوک سے ہوتے ہوئے واپس گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول میں اختتام پذیر ہو ئی ۔اسی دوران ایک ایک کوئز مقابلے کا اہتمام کیا گیا جس میں دونوں سرکاری سکولوں کی چار ٹیموں نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر میڈیکل آفیسر وریندر سنگھ نے منشیات کے مضر اثرات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
تخلیقی فن کے مرکز نے پروگرام کا اہتمام کیا
جموں //جموں و کشمیر سنٹر برائے ’تخلیقی فن ‘نے فوڈ سیفٹی محکمہ کے اشتراک سے کلا کیندر جموں میں اعزازت کی تقسیم کیلئے ایک پروگرام کا اہتمام کیا ۔اس پروگرام کے دوران ’سوچھ بھارت یاترا ‘کے دوران /جموں و کشمیر سنٹر برائے ’تخلیقی فن ‘اور محکمہ فوڈ سیفٹی نے مشترکہ طور پر گور نمنٹ وومن کالج برائے خواتین گاندھی نگر میں پوسٹر بنانے کے مقابلے کا اہتمام کیا تھا جس کے بعد مذکورہ پروگرام کے دوران مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔اس پروگرام میں کمشنر فوڈ سیفٹی ڈاکتر عبدالکبیر ڈار بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کے علا وہ پوجا گپتا ،اسٹنٹ کمشنر پرویش کمار ودیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔ان مقابلوں کے سلسلہ میں گورنمنٹ پریڈ کالج نے پہلا مقام حاصل کیا جبکہ گاندھی نگر کالج نے دوسری اور پریڈ کالج کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔اس کے علا وہ انفرادی زمرے میں بھی انعامات تقسیم کئے گئے۔
ریگنگ مخالف بیداری پروگرام کا اہتمام
جموں //انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز سہورہ میں ’ریگنگ مخالف بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس بیداری پروگرام میں اندرا گاندھی گورنمنٹ ڈینٹل کالج جموںکے پرنسپل اور ڈینٹل کونسل آف انڈیا کے رکن ڈاکٹر رومیش سنگھ بطور مہمان خصوصی شامل ہو ئے ۔اس موقعہ پر اراکین نے اپنے خطاب میں زور دیتے ہوئے کہاکہ تعلیم اداروں میں ریگنگ کیخلاف مہم اور بیداری کیلئے انتظامیہ کو اپنا رول ادا کر نا چاہیے ۔ڈاکٹر آر کے سوری نے بولتے ہوئے کہاکہ تعلیمی اداروں میں ریگنگ کی وجہ سے جونیئر کلاسوں میں آنے والے طلباء ذہنی دبائو کا شکار رہتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی پڑھائی پر اثر پڑتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ اپنا رول ادا کریں ۔ڈاکٹر رومیش سنگھ نے کہاکہ ریگنگ مخالف تنظیموں کو چاہیے کہ وہ طلباء اس سلسلہ میں بنائے گئے قانون کے بارے میں بیدار کریں ۔انہوں نے طلباء کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ تعلیمی اداروں میں ایک دوسرے کی عزت کرنے کے علا وہ پڑھائی کے مشن کو جاری رکھیں ۔پرنسپل آئی ڈی سی ڈاکٹر ہر ویندر سنگھ نے کہاکہ ان کے ادارہ میں ریگنگ کیخلاف سخت پالیسی اپنائی گئی ہے۔
پٹور ایسوسی ایشن وفد سروس گریوینس کمیٹی سے ملاقی
جموں //آل جموں وکشمیر پٹور ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے سروس گریوینس کمیٹی (SGC)کیساتھ ملاقات کر کے ریاست میں پٹواریوں کو درپیش مسائل و مانگوں کے سلسلہ میں بات چیت کی ۔ایسوسی ایشن کے ریاستی نائب صدر مشتاق احمد گنائی کی قیادت والے وفد میں صوبائی صدر کشمیر فیاض احمد اور صوبائی صدر جموں محمود فاروق ملک بھی موجود تھے ۔ایسوسی ایشن کے اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کیلئے تنخواہ کا گریڈ 2800کرنے کے علا وہ ،ڈی پی سی کو وقت پر کرنا ،نائب تحصیلداروں کی براہ راست بھرتی نہ کرنا اور ڈیپارٹمنٹل گریوینس سیل کا قائم عمل میں لایا جائے ۔سروس گریوینس سیل کے اراکین نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی جائز مطالبات و مشکلات کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔ پٹور ایسوسی ایشن نے ریاستی انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ سیل کے قائم کاشکریہ ادا کیا گیا۔
کیول کمار شرما نے ریاست میں مستحکم سولر پاور پالیسی پر زور دیا
جموں//گورنر کے مشیر کیول کمار شرما نے ریاست جموں کشمیر میں مستحکم سولر پاور پالیسی اور ترقی پر زور دیا ۔ ان باتوں کا اظہار مشیر موصوف نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں کمشنر سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ہردیش کمار اور سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شیخ فیاض احمد نے حصہ لیا ۔ میٹنگ میں رنیوایبل پرچیز اوبلی گیشن ( آر پی او ) سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میٹنگ میں سی ای او جے اے کے ای ڈی اے ڈاکٹر پی آر دھر ، چیف انجینئر سدھیر گپتا ، حشمت قاضی ، اے کے سچدیوا ، منوہر گپتا کے علاوہ ایگزیکٹو انجینئر نیرج شرما اور بجلی محکمے اور جے اے کے ای ڈی اے کے افسران موجود تھے ۔ مشیر موصوف نے ریاست میں سال 2018-19 کے دوران وزارتِ بجلی برائے اینرجی کنزپشن کی طرف سے مقرر شدہ اہداف پر کی گئی عمل کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ مشیر موصوف نے بجلی کی خریداری ، نئے سولر پروجیکٹوں کے قیام اور متعلقہ محکموں کی طرف سے ریاست میں سولر پاور منظر نامے میں بہتری لانے کیلئے مختلف پروگراموں کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ مشیر موصوف کو اس موقعہ پر ریاست میں کلہم رنیوایبل پاور منظر نامے اور سولر پاور کی گنجائشوں کے بارے میں مطلع کیا گیا ۔ مشیر موصوف نے کہا کہ ریاست میں سولر پالیسی روز بروز ترقی پا رہی ہے لیکن دیگر ریاستوں میں جاری سولر پالیسیوں کی عمل آوری کے بارے میں ہمیں جانکاری حاصل کرنی ہو گی ۔ دریں اثنا مدھیہ پردیش و دیگر ریاستوں کے دورے کیلئے ایک ٹیم تشکیل دی گئی جو وہاں کے سولر پاور پالسیز کے بارے میں جانکاری حاصل کرے گی۔
پی ڈی پی کارکنوں نے لیبر سیل کے نئے سربراہ کا استقبال کیا
جموں //پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے کارکنوں نے لیبر سیل کے نئے تعینات ریاستی صدر رفیق ملک کے استقبال کیلئے پارٹی دفتر جموں میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا ۔اس پروگرام میں نئے لیبر سیل کی صدر کا پارٹی دفتر میں ستقبال کر نے کیلئے پارٹی کے ریاستی سیکریٹری آر کے بالی ،چوہدری حسین علی وفا ،چیئر مین لیبر سیل ایس کے رینہ ودیگران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے اراکین نے پارٹی ہائی کمان کے فیصلے کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ اس عمل سے پارٹی زمینی سطح پر مضبوط ہو گی ۔پارٹی سرپرست کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے رقیق ملک نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ وہ پارٹی کی امنگوں پر پورا اترنے اور سماج کے پچھڑے ہوئے طبقہ کی آواز بلند کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرینگے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ پی ڈی پی نے ہر وقت سماج کے پسماندہ طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا رول ادا کیا ہے ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور پی ڈی پی کو مضبوط کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔