غرباء میں گرم ملبوسات تقسیم
جموں //’امید اک پہل ‘نامی ٹرسٹ کی طرف سے بائیو فورٹ علا قہ کے غریبوں میں گرم ملبوسات تقسیم کئے گئے ۔ٹرسٹ کے اراکین نے بائیو فورٹ کے کالیکا کالونی میں رہائش پذیر کئی غریب کنبوں کے افراد میں سردی سے بچائو کیلئے کپڑے تقسیم کئے ۔ٹرسٹ کے منتظمین کے مطابق انہوں نے بائیو فورٹ علا قہ میں رہائش پذیر غریب کنبوں کی ایک فہر ست تیار کی جس کے بعد ان میں ضرورت کے مطابق گرم ملبوسات تقسیم کئے گئے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ٹرسٹ کے صدر گریش شرما نے کہاکہ جموں میں اس موسم میں شدید سردی ہوتی ہے جس کی وجہ سے غریب طبقہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ٹرسٹ انتظامیہ نے مقامی کو نسلر کی مدد سے بائیو فورٹ علا قہ میں غریبوں کی نشاندہی کر نے کے بعد ان کو سہولیات فراہم کیں ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی قسم کی مدد کیلئے ٹرسٹ انتظامیہ کے فون نمبرات 9419127365اور 9419130654 پر رابطہ کر سکتے ہیں ۔
جموں مسلم فرنٹ نے بیلی چرانہ کارروائی کی مذمت کی
جموں //جموں مسلم فرنٹ نے شہر کے کے نواحی علا قہ بیلی چرانہ میںجموں میونسپل کارپوریشن اور پولیس کی مشترکہ کاروائی کی شدید مذمت کر تے ہوئے کہاکہ جموں میں ہمیشہ مسلم علا قوں کو ہی نشانہ بنایا گیا ہے ۔اس سلسلہ میں جموں مسلم فرنٹ کے ایک وفد نے متاثر ہ علا قہ کی دورہ کرنے کے بعد ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ جموں میں مخصوص طبقہ کے لوگوں کیخلاف کاروائی کو بند کیا جائے ۔وفد کے اراکین نے کہاکہ ریاستی انتظامیہ نے جموں شہر میں صرف مسلمانوں کو نشانہ بنانا شروع کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے اس طبقہ کے لوگوں کو مسائل کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔اراکین نے ریاستی گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مسلم طبقہ کو ہراساں کر نا بند کیا جائے ۔
پی ڈی پی کسان سیل نے نئی باڈی تشکیل دی
جموں //پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے کسان سیل نے نئی باڈی تشکیل دے دی ہے ۔پارٹی لیبر سیل کے ریاستی صدر رفیق ملک کی قیادت میں تشکیل دی گئی نئی باڈی میں دانش ورمااور آر پی سنگھ کو ریاستی جنرل سیکریٹری جبکہ بابر مغل ،ملک راج اور شکیل احمد کو ریاستی سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے ۔اسی طرح ورون بالی کو نائب صدر اور نرمیلا دیوی کو ضلع صدر لیبر سیل نامزد کیاگیا ہے ۔ان کے علا وہ راجیش کمار کو ضلع صدر سانبہ ،ہرویندر سنگھ ضلع صدر کٹھوعہ ،منیش کمار کویوتھ ضلع صدر سانبہ اور وکاس ورما کو جنرل سیکریٹری کٹھوعہ نامزد کیا گیا ہے ۔اس موقعہ پر پی ڈی پی لیبر سیل کے ریاستی صدر رفیق ملل نے سیاسی پارٹیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست میں مزدور طبقہ کو درپیش مسائل کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے جس کی وجہ سے طبقہ اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہو چکا ہے ۔انہوں نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مزدور طبقہ کو درپیس مسائل پر خصوصی توجہ دی جائے ۔
بنی میں ہریجن سبھا کا اجلاس منعقد
حافظ قریشی
بنی // بنی میں ہریجن سبھا کی جانب سے مہیش کمار کی صدارت میں ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس میںاراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقعہ پرمہیش کمار نے سیاسی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس طبقہ کو پورے ملک میں نظر انداز کیا جارہاہے ۔انہوں نے بھاجپا کی مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے’ سب کا ساتھ سب کا وکاس ‘کا نعرہ دیا تھا لیکن اس نعرے کو صرف چنائو کے دور میں ہی استعمال کیا جارہاہے جبکہ عملی طور پر عوامی مسائل کی جانب کوئی توجہ ہی نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ پنچایتی انتخابات میں بنی علاقہ میں کئی نشستوں کو ریزرو رکھا گیا تھا لیکن اس عمل میں بھی ہریجن سماج کو نظر انداز کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ اگر ہریجن طبقہ کیساتھ اسی طرح کا سلوک رواں رکھا گیا تو وہ اپنے حقوق کیلئے جدوجہد شروع کر ینگے ۔
جے ڈی اے کی بیلی چرانہ پر یلغار قابل مذمت :عاشق خان
جموں// شیعہ فیڈریشن جموں نے جموںڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بیلی چرانہ میں انجام دی گئی کاروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جس قوم نے ملک کی جنگ آزادی میںسب سے زیادہ اپنی جانوںکی قربانی دے کر اس ملک سے اپنی الفت کا ثبوت پیش کیا ،اس قوم کو بار بار جے ڈی اے زیادتی کا نشانہ بنا کر اپنے خاص آقائوںکو خوش کرنے کی جانب گامزن ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں شیعہ فیڈریشن جموںکے صدر عاشق حسین خان نے کہا کہ جے ڈی اے کی گذشتہ روز جموںکے نواح بیلی چرانہ میںکی گئی یلغار کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ کیا جے ڈی اے کو دوسری تجاوزات ہٹانے سے ڈر لگتا ہے یا وہ جان بوجھ کر جموںکے صدیوںپرانے بھائی چارہ کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ،خان کا کہنا تھا کہ جموںمیںخاص لوگوںکے قبضوںپر آنکھ موندھے رکھنا اور غریب ،بے سہارا لوگوںکے آشیانے گرانے میںبار بار دلچسپی رکھنا ایک گہری سازش کا حصہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ بیلی چرانہ پر یہ پہلی کارروائی نہیںتھی ،اس سے پہلے بھی یہاںکہرام مچایا جا چکا ہے ،سانبہ ،سدھرا اور وجے پور و دوسری جگہوںپر گجروںکو تنگ کرنے سے گندی ذہنیت کی بو تو آتی ہے ،جو اس مشترکہ سماج کو کھوکھلا کرنے کی سازش قرار دی جا سکتی ہے ،عاشق نے کہا کہ بیلی چرانہ میںوہ لوگ آباد ہیںجن کو ملی ٹینسی سے جان کا خطرہ تھا ،جن لوگوںنے دشمن کے جھانسے میںآنے سے انکارکیا تھا ،ان کو یہاںبسایا گیا ہے وہ بھی لمبی جدوجہد کے بعد ۔عاشق خان نے کہاکہ اس بستی کودہائیاںبسے ہو گئی ہیں ،یہاںسرکار نے مکینوںکو بجلی و پانی کے کنکشن فراہم کروائے ہیں ،ایسے میںبقول جے ڈی اے ناجائز بستیوںکو کیسے پانی و بجلی کے کنکشن فراہم کروائے گئے ۔خان نے کہا کہ ان لوگوںکو سرکار کی جانب سے بسائے جانے کے وقت جے ڈی اے نے چپی کیونکر سادھی تھی اور اب سرکار چلے جانے کے بعد اس قسم کی یکطرفہ کارروائیاںکرنے سے کیا حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ شہر کے ساتھ ہی کئی ایسی بستیاںبسائی گئی ہیںجو بیلی چرانہ کے بعد بسی ہیںجن میںبیرون ریاست کے لوگ آباد ہیں،تو جے ڈی اے اس طرف اپنا رخ کیوں نہیںکرتا ۔عاشق خان نے کہا کہ صبح چار بجے سردیوںمیںکسی کو گھر سے بے گھر کرنا کہاںتک واجب ہے ،سدھرا سے بے گھر کئے گئے لوگ بال بچوںکے ساتھ ابھی بھی ٹینٹ میںرہ رہے ہیں،کیا بیلی چرانہ کے لوگوں کو بھی ٹینٹوںمیںرہنے پر مجبور کرنے کی کوئی جے ڈی اے کی پالیسی ہے ،اسلئے جے ڈی اے کی کارروائی کو کوئی بھی جائز قرار نہیںدے سکتا ۔انہوںنے جموںکے سبھی مکاتب فکر کے لوگوںسے اپیل کی کہ وہ سچائی کا ساتھ دینے کیلئے ذات پات ،فرقہ ،پارٹی سیاست سے بالا تر ہو کر غریبوںکے حق میںآواز بلند کریںتاکہ مستقبل میںبھی کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہونے پائے ،یہ لوگ اسی سماج کا حصہ ہیں۔ہمیںسماج کو جوڑنے کیلئے کام کرنا چاہئے نہ کہ توڑنے کیلئے ۔عاشق خان نے جے ڈی اے کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے کان اور آنکھیںکھلی رکھے اور جانبدارانہ کاروائیوںسے اجتناب کرنے کو کہاتاکہ یہاںکے صدیو ں پرانے بھائی چارہ کوکسی قسم کا زک نہ پہنچنے پائے ۔
بی پی ایل کنبوں کو چینی کی فراہمی پر روک
لوپیڈ ایمپلائز نے انتظامیہ کے فیصلے پر نکتہ چینی کی
جموں // بی پی ایل مستحقین کو چینی کی فراہمی پر لگائی گئی روک پر نقطہ چینی کرتے ہوئے آل جموں وکشمیر لو پیڈ ایمپلائز افیڈریشن کے ریاستی صدر عبدالمجید خان نے کہا ہے کہ انتظامیہ عوام مخالف پالیسیوں کو اپنا رہی ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس سے قبل حکومت نے اے پی ایل زمر ے کو فراہم کی جارہی سپلائی معطل کر دی تھی اور اب بی پی ایل زمر ے کے لوگوں کو کم قیمتوں پر فراہم کی جارہی چینی پر روک لگا دی گئی ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ انتظامیہ کی جانب سے راشن کارڈوں کو آدھار کیساتھ لنک کروانے کے بعد کئی ایک کنبوں کے راشن کارڈ بھی بند کر دئیے گئے ہیں جس کی وجہ سے غریب طبقہ کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس فیصلے کو واپس لے کر غریب طبقہ کو چینی فراہم کرنے کا حکم جاری کریں ۔
ریاست میں نئے کیمپاقوانین لاگو کئے گئے :حکام
جموں//حکومت نے نئے جموں کشمیر کمپنسیٹری ایفارسٹیشن فنڈ رول 2018 جنہیں ایس آر او 628 بتاریخ 24 دسمبر 2018 برائے جے اینڈ کے سٹیٹ کیمپا کے تحت نوٹیفائیڈ کیا گیا کو منظوری دی ہے ۔ نئے قوانین کی بدولت کیمپا کے کام کاج میں مزید معقولیت لانے کے ساتھ ساتھ کیمپا رقومات کو خرچ کرنے کے عمل پر بھی نظر گذر رکھی جا سکے گی ۔ جنگلاتی اراضی کو غیر جنگلاتی مقاصد کیلئے منتقل کرنے پر جے اینڈ کے فارسٹ کنزرویشن ایکٹ 1997 لاگو ہے اور استعمال کرنے والی ایجنسی کو پودے لگانے کیلئے معاوضہ ادا کرنا ہوتا ہے ۔ علاوہ ازیں ماحولیاتی اشیاء اور جنگلات کی خدمات کے عوض این پی وی بھی وصول کیا جاتا ہے ۔ عدالتِ عظمیٰ نے 30 اکتوبر 2002 کو حکمنامے کے مطابق ہدایات دیں تھیں کہ ایک کمپنسیٹری ایفارسٹیشن فنڈ وجود میں لایا جائے تا کہ مختلف ایجنسیوں سے وصول ک جانے والی رقومات کو اس میں جمع کرایا جا سکے ۔ عدالتِ عظمیٰ کی ہدایات اور احکامات کے تناظر میں سی اے ایف ایکٹ 2016 مرکزی سرکار کی طرف سے 3 اگست 2016 کو نوٹیفائیڈ کیا اور سی اے ایف رولز 2018 ، 10 اگست 2018 کو نوٹیفائیڈ کئے گئے اور ان دونوں کا اطلاق 30ستمبر 2018 سے ہوا ۔ ریاستی کیمپا قوانین کو سی اے ایف ایکٹ 2016 اور سی اے ایف قوانین 2018 کے ہم پلہ بنانے کیلئے جموں کشمیر سی اے ایف رولز 2018 دونوں قوانین کے مدعوں کو شامل کر کے وجود میں لایا گیا ۔ جے اینڈ کے سی اے ایف قوانین 2018 کے تحت جموں کشمیر کمپنسیٹری ایفارسٹیشن فنڈ وجود میں لایا جائے گا اور اس کی عمل آوری کیلئے جموں کشمیر کمپنسیٹری ایفارسٹیشن فنڈ منیجمنٹ اینڈ پلاننگ اتھارٹی بھی تشکیل دی جائے گی تا کہ اس ریاستی فنڈ کی بہتر نظامت ہو سکے ۔ ریاستی فنڈ کو جنگلوں اور جنگلی حیات کو تحفظ دینے اور اس شعبے کو فروغ دینے کے مختلف کاموں پر خرچ کیا جائے گا ۔ رواں سال کے دوران 4738 ہیکٹر تباہ شدہ جنگلی اراضی کو بحال کیا جا رہا ہے جبکہ اگلے سال 5757 ہیکٹر اراضی کو اس کے دائرے میں لایا جائے گا ۔ جمو ں کشمیر فارسٹ کنزرویشن ایکٹ 1997 کے تحت کسی بھی ترقیاتی کام کیلئے کاٹے جانے والے ہر ایک درخت کے بدلے کیمپا کے تحت 20 نئے پودے لگائے جائیں گے ۔ ریاستی محکمہ جنگلات کے اعلیٰ افسران نے نئے کیمپا قوانین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان قوانین کی بدولت جنگلات کا دائرہ وسیع کرنے اور سبزہ زاروں میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی ۔
گورنر کی عوام کو کرسمس کی مبارک باد
جموں//گورنر ستیہ پال ملک کے ریاستی عوام کو کرسمس کے مقدس تہوار کے موقعہ پر مبارک باد دی ہے۔اپنے ایک پیغا م میں گورنر نے کہا ہے کہ پچھلی کئی صدیوں سے حضرت عیسیٰ کی تعلیمات امن، بھائی چارے اور خوشحالی کی مشعل راہ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰ کی تعلیمات آج کے دور میں بھی مسلّم ہیں۔گورنر نے اُمید ظاہر کی کہ مقدس تہوار ریاست کے لئے خوشحالی اور امن کی نوید لے کر آئے گا۔
وجے کمار 26 دسمبر کو جموں میں عوامی مسائل سُنیں گے
جموں//گورنر کے مشیر کے وجے کمار26 دسمبر بدھ وار کو جموں میں لوگوں کے مسائل سُنیں گے۔ خواہش مند وفود اور انجمنوںو افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی شکایات مشیر موصوف کی نوٹس میں لانے کے لئے مقررہ تاریخ پر اُن سے بنکوٹ ہال جموں میں اُن سے صبح10 بجے سے12 بجے تک مل سکتے ہیں۔
گُڈ گورننس ڈے کے موقعہ پر گورنر کا پیغام
جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے گُدڈ گورننس ڈے، جو کہ ہر سال25 دسمبر کو منایاجاتا ہے، کے موقعہ پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ عام شہریوں کو شفاف اور جوابدہ انتظامیہ فراہم کرنا اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا حکومت کی کوشش ہونی چاہئے۔گورنر نے اس سلسلے میں تمام متعلقین سے تلقین کی ہے کہ وہ مل جُل کر کام کریں تا کہ گُڈ گورننس کو ایک حقیقت میں تبدیل کیا جاسکے۔
یوم جمہوریہ کی تقریب میںحصہ لینے والے این سی سی دستے سے گورنر کا تبادلہ خیال
جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت کرنے والے این سی سی دستہ سے راج بھون میں تبادلہ خیال کیا۔این سی سی گرؤپ کی سربراہی میجر جنرل نوین کمار کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اُمنگ نرولا کے علاوہ این سی سی کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔گورنر نے مذکورہ دستے کو یوم جمہوریہ کی پریڈ کا حصہ بننے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ یوم جمہوریہ مُلک کے لئے ایک بہت بڑا دِن یہ اور اس میں این سی سی دستے کی شمولیت ریاست کے لئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے این سی سی دستے کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔گورنر جو کہ خود ایک این سی سی تربیت یافتی کیڈٹ ہیں، نے کہا کہ این سی سی کی سرگرمیوں سے کیڈیٹوں میں نظم و ضبط پیدا ہوتا ہے۔ گورنر نے این سی سی کیڈیٹوں شکھی سمبیال اور رونق منظور کے حق میں50 /50 ہزار روپے کا اعلان کیا جنہوں نے قومی سطح کے کھیل مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔گورنر نے این سی سی کیڈیٹو ں کو یوم جمہوریہ کے روز ایٹ ہوم میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
افسروں کو آئی ٹی سے متعلق تربیت دینے کے ورکشاپ کا آغاز
جموں//عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات میں بہتری لانے کے لئے افسروں کو پروجیکٹ مینجمنٹ ٹریننگ فراہم کرنے کی خاطر آج سے پرنس2 نامی پانچ روزہ تربیتی پروگرام شروع ہوا۔اس تربیتی پروگرام کا مقصد افسروں کو پروجیکٹ منیجمنٹ سے متعلق ضروری جانکاری فراہم کرنا ہے۔پروگرام کے پہلے دِن این آئی ایس جی کے جنرل منیجر ستیہ جیت راؤ کے علاوہ فیسلیٹیٹر سدھا مادھوری اور وکاس مادوھری نے شرکاء کو انتظامیہ میں پروجیکٹ مینجمنٹ سے متعلق کئی مضامین پر جانکاری دی۔سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی سوگات بسواس نے کہا کہ تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد سرکاری محکموں میں کام کر رہے افسروں کو ای گورننس اور اپنے محکمہ سے متعلق پروجیکٹوں سے متعلق جانکاری دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ جے اینڈ کے اِی گورننس ایجنسی نیشنل انسٹی چیوٹ آف سمارٹ گورننس کے اشتراک سے تشکیل دی گئی ہے جس کے تحت اعلیٰ عہدیداروں کو پرنس2 پر پروجیکٹ مینجمنٹ کی جانکاری فراہم کی جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان پروگراموں کی مدد سے تقریباً250 افسروں کو اِی گورننس اور پروجیکٹ مینجمنٹ سے متعلق ضروری جانکاری فراہم کی جائے گی۔اس موقعہ پر انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ کے ایڈیشنل سیکرٹری ویبھو کوہلی نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے تربیتی پروگرام سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تربیتی پروگرام میں ڈپٹی کمشنر کرشل ٹیکسز غلام جیلانی زرگر، اے ڈی سی گاندر بل نصیر احمد وانی، اے ڈی سی بارہ مولہ فاروق احمد بابا، اے ڈی سی اننت ناگ شوکت احمد راتھر، اے ڈی سی ڈوڈہ ایشر لال، اے ڈی سی نوشہرہ سچن دیو سنگھ، ڈپٹی کمشنر کمرشل ٹیکسز منصور احمد سمیت30 سنیئر افسروں نے شرکت کی۔
سریکلچر میں تربیت حاصل کرنے کیلئے 15 اہلکار کرناٹک روانہ
جموں//سیریکلچرڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں کوسیریکلچر سے متعلق جدید جانکاری اور تربیت فراہم کرنے کے لئے جموں ضلع کے مختلف دفاتر میں تعینات15 اہلکاروں کو آج سینٹرل سیریکلچر ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی چیوٹ میسور کرناٹک کے لئے روانہ کیا گیا۔مذکورہ اہلکاروں کے اس گرؤپ کو ڈائریکٹر سیریکلچر گلزار احمد شبنم نے کئی افسروں کی موجودگی میں روانہ کیا۔ان اہلکاروں کو غنچہ ابریشم کے سیکٹر سے متعلق سائنسدان جدید تربیت فراہم کریں گے۔ انہیں اس شعبۂ میں تحقیق سے متعلق بھی جدید جانکاری دی جائے گی۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گلزار احمد شبنم نے کہا کہ محکمہ اپنے عہدیداروں اوراہلکاروں کی جانکاری میں اضافہ کرنے کے لئے ہر طرح کے اقدامات کر رہا ہے اور اس سلسلے میں ورکشاپوں، سیمیناروں اور جانکاری پروگراموں کا مسلسل بنیادوں پر انعقاد کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقین اور کسانوں کے لئے پانپور،میرانصاحب اور سکاسٹ جموں/ کشمیر میں عنقریب جانکاری پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔اس کے علاوہ محکمہ کے راجوری اور سرینگر میں قائم سیریکلچر ٹریننگ انسٹی چیوٹ بھی کسانوں کو ضروری تربیت فراہم کرتے ہیں۔ڈائریکٹرسیریکلچر نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام کسانوں کے لئے مفید ثابت ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر لون نے کلا کیندر میں جاری مارکیٹنگ نمائش کا دورہ کیا
جموں//سماجی بہبود محکمہ کے سیکرٹری ڈاکٹر فاروق احمد لون نے کلا کیندر جموں میں جے اینڈ کے ایس سی ، ایس ٹی اینڈ بی سی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے لگائی گئی مارکیٹنگ ایگزبشن کا دورہ کیا۔ڈاکٹر لون نے وہاں لگائے گئے اسٹالوں کا معائینہ کیا ۔انہوں نے ریاست کے مختلف اضلاع سے یہاں آئے دستکاروں کے ساتھ بات چیت کی۔نمائش میں جو دستکاری اشیاء دستیاب رکھی گئی ہیں ان میں پونچھ کے مصنوعی پھول، کشمیر کی آری ، سوزنی اور طلہ سازی کے اشیاء ، جموں کے ریڈی میڈ گارمنٹس اور جوٹ شامل ہیں۔نمائش 21؍ دسمبر 2018ء کو شروع ہوئی تھی اور یہ نمائش 30دسمبر 2018ء جاری رہے گی۔اس موقعہ پر سیکرٹری سماجی بہبود نے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو کارپوریشن کی سکیموں سے متعلق سے جانکاری دینے کے لئے پروگرام منعقد کرانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ کارپوریشن کی سکیمیں سماج کے پچھڑے طبقے سے تعلق رکھنے والے والے لوگوں کی بہبود پر مرکوز ہے۔ڈاکٹر لون نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ آگے آکر کارپوریشن کی سکیموں سے استفادہ کریں۔
گورنر گریوینس سیل میں زیراِلتو ا شکایات کا جائزہ لیاگیا
جموں//گورنر گریوینس سیل کے پروجیکٹ ڈائریکٹر انعام الحق نے ایک میٹنگ کے دوران گریوینس سیل میں اِلتو ا میں پڑی شکایتوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہیں بتایا گیا کہ گورنر گریوینس سیل میں اب تک 20750 شکایتیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 10153 شکایات پر ضروری کارروائی کی گئی ہے جبکہ 5367 شکایات پر کارروائی کی جارہی ہے۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ شکایات سے متعلق 5230 درخواستوں کو مختلف وجوہات کی بنا پر رد کردیا گیا۔ان میں سے بیشتر شکایات سب جوڈیشل معاملات سے متعلق تھیں۔پروجیکٹ ڈائریکٹر نے تمام نوڈل افسروں اور متعلقہ محکمہ کے حکام کو ہدایات دیں کہ وہ قریبی تال میل قائم کر کے اِلتوا ٔمیں پڑی عوامی شکایات کا فوری نمٹارہ کریں۔انہوں نے شکایتوں کے لئے نمٹارے کے عمل کو مزید مستحکم کرنے پر بھی زور دیا۔