درماندہ مسافروں کےلئے کمیونٹی ہال کھولے جائیں:سیول سوسائٹی
جموں //سیول سوسائٹی فار ڈیو لپمنٹ آف جموں وکشمیر نے ریاستی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ کے بند ہو نے کی وجہ سے جموں میں درماندہ ہوئے مسافروں کی سہولیت کےلئے کمیونٹی ہال کھول دئیے جائیں ۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں سیول سوسائٹی کے صدر پنیت سنگھ جموال نے کہاکہ موسم کی خرابی اور قومی شاہراہ کے بند ہو نے سے جموں بس اسٹینڈ ودیگر علا قوں میں مسافروں کی ایک بڑی تعداد درماندہ ہے جبکہ ریاستی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ ان مسافروں کےلئے کمیونٹی ہال کھو لے تاکہ مسافر شاہراہ کی مکمل بحالی تک قیام کر سکیں ۔موصوف نے محکمہ ایجوکیشن کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ موسم کی خرابی سے قبل ہی سکولوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے بچوں کو مسائل کا سامنا نہیں کر نا پڑا ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ پشو پالن اور محکمہ بھیڑ پالن کو کسی بھی مشکل حالت کےساتھ نمٹنے کےلئے پوری طرح سے تیار رہنا چاہیے تاکہ غریب عوام کو وقت پر سہولیات میسر ہو سکیں ۔
کشمیر چیمبر آف کا مرس کا وفد وجے کمار سے ملا قی
جموں //کشمیر چیمبر آف کا مرس اینڈ انڈسٹری کا ایک وفد شیخ عاشق احمد کی قیادت میں ریاستی گور نر کے مشیر وجے کمار سے ملاقی ہو ا ۔وفد نے شملہ کی روہڑوتحصیل میں کشمیری دکانداروں پرحملے اورانہیں ہراساں کرنے کے معاملے کے سلسلہ میں گورنر کے مشیر کو تفصیلی جانکاری فراہم کرتے ہوئے مانگ کی کہ دیگر ریاستوں میں کشمیر تاجروں کو سیکورٹی فراہم کر نے کےلئے انتظامی سطح پر اقدامات اٹھا ئے جائیں۔ اراکین نے کشمیر تاجروں پر دیگر ریاستوں میں ہو رہے حملوںاور ہراساں کر نے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ کچھ غنڈہ عناصر نے ہتھیاروں،ہتھوڑوں اورڈنڈوں اورلوہے کی راڑوں کے ساتھ کشمیری دکانداروں کے شٹرتوڑ ے اورسامان کولوٹا۔چیمبر کے عہدیداران نے کہاکہ کشمیری تاجروں کے خلاف کھلے عام زہرافشانی کی جارہی ہے اورسوشل میڈیاپرویڈیوزوائرل کی جارہی ہیں اورکشمیری دکانداروں سے سامان نہ خریدنے کےلئے کہاجارہاہے جوکہ باعث افسوس بات ہے۔گورنر کے مشیر نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ کشمیر تاجروں کے ساتھ حالیہ دنوں میں شملہ کی روہڑوتحصیل میںپیش آئے واقعہ کے علا وہ دیگر مانگوں کے سلسلہ میں ریاستی گورنر کےساتھ تفصیلی مشاورت عمل میں لائی جا ئے گی اور ان تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے کےلئے عملی طور پر کام کیا جائے گا ۔اس موقعہ پر شیخ عاشق احمد نے ریاستی انتظامیہ کی طرف سے حالیہ نومبر میں ہوئی برفباری کو آفت قرار دینے اور کسانوں کو معاوضہ دینے کے اعلان کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مذکورہ معاوضہ جلداز جلد کسانوں کو فراہم کیا جائے گا ۔وفد نے مشیر کےساتھ تاجروں کو درپیش دیگر مسائل کے بارے میں بھی بات چیت کی ۔
تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر ہلاکت کا معاملہ
ڈرائیور کو 1سال کی جیل و2ہزار روپے جرمانہ
عظمیٰ نیوز
جموں //ایڈیشنل منصف کورٹ جموں نے گاڑی چلاتے ہوئے غفلت شعاری کا مظاہرہ کرنے والے ایک ڈرائیور کو 1سال کی قید اور 2ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے ۔ذرائع کے مطابق 25مارچ 2012کو پولیس اسٹیشن گاندھی نگر میں درج ایک کیس کے مطابق ایک ملزم سدرشن کمار ولد مرحوم دینا باتھ شرما نے اپنے گاڑی زیر نمبر JKO2AH-2622 کو چلاتے وقت غفلت شعاری کا مظاہرہ کر تے ہوئے جموں یونیورسٹی کے قریب ایک موٹر سائیکل زیر نمبر JKO2AS-9855 کو ٹکر مار دی تھی جس میں ایک موٹر سائیکل سوار جس کی شناخت انیل گپتا کے طور پر ہوئی تھی ،شدید زخمی ہو گیا تھا تاہم مذکورہ زخمی دوران علاج انتقال کر گیا تھا ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 83/2012پولیس اسٹیشن گاندھی نگر درج کرنے کے بعد تحقیقات مکمل کر کے عدالت میں چلان پیش کر دیا تھا ۔تاہم کیس کی سنوائی کے بعد عدالت نے تیز رفتار گاڑی چلانے اور غفلت شعاری کا مظاہرہ کر نے پر ملزم کو یک سال کی قید و 2ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ۔
غرباءمیں کمبل و گرم ملبوسات تقسیم
جموں // ڈاکٹر درمیندر کمار اور ڈاکٹر سنجیو کمار بٹ کی طرف سے غریبوں میں کمبل اور گرم ملبوسات تقسیم کئے گئے ۔اپنے خطاب میں انہوں نے عوام کو تلقین کر تے ہوئے کہاکہ سردی کے موسم میںدل کے دورے کا خطرہ زیادہ ہو تا ہے جبکہ اہر ایک فرد کو چاہیے کہ وہ اس موسم میں اپنے آپ کو گرم رکھنے کےلئے احتیاطی طور پر اقدامات اٹھائیں ۔ڈاکٹروں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس موسم سے شراب سے دور رہیں جبکہ کسی بھی بیماری کی صورت میں جلداز جلد ڈاکٹروں سے رجوع کیا جائے ۔
جموں مئیر نے پانی کے ٹینک وشیڈ کا سنگ بنیاد رکھا
جموں //مئیر جموں میونسپل کارپوریشن چندر موہن گپتا نے رنبیشور مندر کے قریب پانی کے ٹینک اور ایک شیڈ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا اس موقعہ پر ان کے ہمراہ بھاجپا جنرل سیکریٹری یدویر سیٹھی اور کونسلر انیل موسم ودیگران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر انہوں نے کہاکہ جموں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے عوام کو سہولیات فراہم کر نے کےلئے تعمیراتی پروجیکٹوں کو شروع کیا گیا ہے جبکہ مذکورہ ٹینک کی تعمیر سے مندر پر آنے والے عقید ت مندوں کو عوام کو فائدہ پہنچاے گا ۔انہوں نے مزید کہاکہ شہر کے مختلف علا قوں میں گلیوں کی تعمیر اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے علا وہ مندروں کے شہر کو مزید خوبصورت بنانے کےلئے کام کیا جائے گا ۔
گوجربکروال ادبا کو زبان کے تئیں لگن ومحنت سے کام کرنے کی ضرورت :ڈاکٹر شاہ نواز
جموں//ریاست کے ادیبوں کو زبان کی بقا اور ترقی کے لئے محنت اور دلچسپی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر شاہ نواز چوہدری سر براہ شعبہ گوجری ریاستی کلچرل اکادمی نے ایک پریس بیان میں کہاکہ ہمیں زبان کے تحفظ اور بقا کے لئے محنت لگن اور محبت سے کام کرنا ہو گا جدید درو میں سایبر سپیس کے بڑھتے طوفان نے کئی زبان کو کھا لیاہے ۔ڈاکٹر چوہدری نے کہا اب وہی زبانیں آئندہ فروغ کریں گی جن کی بقا کےلئے ان کے ادیب پوری تیاری کے ساتھ ان زبانوں کے لیے کام کریں گے۔ ڈاکٹر شاہنواز نے مزید کہا کہ گوجری شعبہ اب نئے منصوبوں اور تجاویز کو عملانے کی بھر پور کوشش کرے گا۔انہوں نے کہا کہ گوجری کے شعبے کو سیکرٹری اکادمی ڈاکٹر عزیز حاجنی نے اسے فعال اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے بہت فنڈز دئیے۔انہوں نے کہاکہ گوجری شعبہ بہت ہی فعال ہے اس شعبے نے اپنی زبان کے لیے بہت کام کیاہے اور اسے مزید فعال بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوجری شعبہ مستقبل قریب میں قومی سطح کے کئی پروگراموں کا انعقاد کرنے جا رہا ہے۔ جس کی منظوری سیکرٹری اکادمی ڈاکٹر حاجنینے دی ہے ۔ ڈاکٹر شاہنواز نے ریاست کے اطراف و اکناف کے علاوہ صوبہ جموں کی گو جر برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی شعبے کی سرگرمیوں کا حصہ بنیں۔
ڈوڈہ، راجوری اور کٹھوعہ کے
میڈیکل کالجوں کےلئے سٹاف تعینات
جموں//صحت و طبی تعلیم محکمہ نے کہا ہے کہ ریاست میں قائم کئے گئے نئے میڈیکل کالجوں کے لئے رجسٹراروں اور ڈیمانسٹیٹروں کی 160اَسامیاں پُر کی گئی ہیں جس کی بدولت اِن اداروں کو قابلِ کار بنانے میں کافی مدد ملے گی۔محکمہ کے مطابق میڈیکل کالج اننت ناگ اور بارہمولہ نے رجسٹراروں اور ڈیمانسٹیروں کی 41 /42 جبکہ ڈوڈہ ، کٹھوعہ اور راجوری کے میڈیکل کالجوں میں بالترتیب 19، 34، 24 رجسٹرار وں اور ڈیمانسٹیروں کی تعیناتی عمل میں لائی۔محکمہ نے پبلک سروس کمیشن کی سفارشات پر اِن نئے میڈیکل کالجوں کے لئے 59 فیکلٹی ممبران کی تعیناتی بھی عمل میں لائی ہے جبکہ دیگر گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ عملے کی تعیناتی کا عمل اگلے ماہ میں مکمل ہوگا ۔
محکمہ خزانہ میں انسپکٹروں اور سب انسپکٹروں کی
209 اسامیوں کی سلیکشن کو منظوری
جموں//جے اینڈ کے سروس سلیکشن بورڈ ( جے کے ایس ایس بی ) نے محکمہ خزانہ کے انسپکٹر اور سب انسپکٹروں کی 209 آسامیوں کیلئے سلیکشن کو منظوری دی ۔ جے کے ایس ایس بی کے ایک ترجمان ملک سہیل کے مطابق ان سلیکشنوں میں انسپکٹروں کی 42 اور سب انسپکٹروں کی 167 اسامیاں شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان اسامیوں کو پُر کرنے کے عمل کو حتمی شکل ایک غیر معمولی میٹنگ میں دی گئی جس کی صدارت جے کے ایس ایس بی چئیر مین زبیر احمد نے کی ۔ بورڈ کے ممبران انیل کول ، پروفیسر تسلیمہ پیر ، ڈاکٹر نیروپا رائے ، اجے کمار شرما ، رچنا شرما اور وویک شرما ، کنٹرولر ایگزامینیشن جے کے ایس ایس بی مشیر احمد مرزا ، سیکرٹری جے کے ایس ایس بی رنجیت سنگھ و دیگر بورڈ کے افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔
جموں لکھن پور شاہراہ
دوپہیہ گاڑیوں کےلئے علیٰحدہ لین کا قیام زیر غور
نیوزڈیسک
جموں//جموں ۔ پنجاب قومی شاہراہ پر دو پہیہ والی گاڑیوں کے بڑھتے ہوئے حادثات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پشو و بھیڑ پالن ، ماہی پروری اور ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سیکرٹری اصغر حسن سامون نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ لکھن پور سے جموں تک دو پہیہ والی گاڑیوں کیلئے ایک اعلیحدہ لین قایم کرنے کے امکانات تلاش کریں ۔ ان باتوں کا اظہار اصغر حسن سامون نے ضلع سانبہ کے دورے کے دوران کیا ۔ اُن کے ہمراہ ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں ڈاکٹر سنجیو کمار ، ڈائریکٹر انیمل ہسبنڈری جموںڈاکٹر وکٹر کول ، ایم ڈی وول بورڈ ہرنام سنگھ رانا ، جوائینٹ ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں ڈاکٹر محمد رضا ، سی اے ایچ او جموں ڈاکٹر محمد عثمائل کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران بھی تھے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ ایسا ایک نظام قایم کیا جائے جس کے تحت دو پیہیوں والی گاڑی کو اعلیحدہ لین میں چلانے کی اجازت دی جائے ۔ اس موقعہ پر انہوں نے باڑیاں سانبہ میں 61 کنال اراضی پر پھیلے ہوئے انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سنٹر پر جاری تعمیراتی کام کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس پروجیکٹ کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں ۔ پرنسپل سیکرٹری نے سڑک حادثات کو روکنے کیلئے ٹریفک قوانین کو سختی سے عملانے پر زور دیا ۔ ڈاکٹر سامون نے جموں کے ترقی پذیر کسانوں سے ملاقات کی جو دودھ کی پیداوار کے ساتھ جُڑے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے ان کسانوں سے حکومت کی طرف سے فراہم کی جا رہی سہولیات کی جانکاری حاصل کی ۔ پرنسپل سیکرٹری نے سانبہ میں قایم میٹر نری ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ ڈاکٹر سامون نے کرتھولی میں ڈزیز انویسٹی گیشن لیبارٹری کا بھی معائینہ کیا ۔ اپنے دورے کے دوران ڈاکٹر سامون نے شیپ اینڈ انیمل ہسبنڈری محکموں کی ایک مشترکہ میٹنگ کی صدارت کی اور ان محکموں کی کارکردگی اور بنیادی ڈھانچے کا جائیزہ لیا ۔
میڈیسنل پلانٹس کی تحقیقات
محکمہ جنگلات اور IIIMنے مفاہمت نامہ پر دستخط کئے
جموں//پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹ سُریش چُگ کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں فائیٹو فارما سیوٹیکل ڈرگس کو ترقی دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا جنہیں جموں و کشمیر میڈیسنل پلانٹس انڈین انسٹی چیوٹ آف انٹی گریٹو میڈیسن ( آئی آئی آئی ایم) کے اشتراک سے تیار کیا جائے گا ۔ آئی آئی آئی ایم سی ایس آئی آر کا ایک ادارہ ہے ۔ ڈائریکٹر سی ایس آئی آر ۔ انڈین انسٹی چیوٹ آف انٹی گریٹو میڈیسن رام وشو کرما اور کنسلٹینٹ ، آئی آئی آئی ایم وائی ایس ویدی نے میٹنگ میں شرکت کی اور متعلقہ موضوع پر پرذنٹیشن دی ۔ میٹنگ کے دوران فیصلہ لیا گیا کہ کئی ایسے علاقے ہیں جہاں ان دو تنظیموں کو آپسی اشتراک سے کام کرنا ہو گا کیونکہ میڈیسنل پلانٹ کا سرچشمہ محکمہ جنگلات کے پاس ہے اور آئی آئی آئی ایم چند خصوصی میڈسنل پلانٹوں پر تحقیقی عمل شروع کر سکتا ہے اور بعد میں تحقیق کے نتایج دونوں تنظیمیں آپس میں بانٹ سکتی ہیں ۔ اس سلسلے میں افسروں کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی سربراہی ڈائریکٹر سٹیٹ فارسٹ ریسرچ انسٹی چیوٹ جے اینڈ کے انجام دیں گے ۔ اس کمیٹی میں دو کنزرویٹر بھی اپنسا تعاون فراہم کریں گے تا کہ انڈین انسٹی چیوٹ آف انٹی گریٹو میڈیسن کے ساتھ مفاہمت نامہ تشکیل دیا جا سکے ۔ میٹنگ میں سی سی ایف سنٹرل عبدالغنی ، سی سی ایف جموں سمیر بھارتی ، سی سی ایف سنٹرل سرکل ایس مہیندر سنگھ ، کنزرویٹر آف فارسٹ بی موہن داس اور کنزر ویٹر آف فاریسٹ ویسٹ سرکل ڈاکٹر جتیندر کمار بھی موجود تھے ۔
متعدد عوامی وفود کے کے شرما سے ملاقی
جموں//ارکان قانون سازیہ ، کئی وفود اور افراد نے سول سیکرٹریٹ میں گورنر کے مشیر کیول کمار شرما سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل حل کرنے کی درخواست کی ۔ ایم ایل سی وکرم رنداوا کی سربراہی میں چانی مانسر گاو¿ں کے باشندوں کا ایک وفد مشیر موصوف سے ملاقی ہوا اور متعلقہ گاو¿ں کو سانبہ ضلع کے ساتھ منسلک کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ گاو¿ں غلطی سے اودھمپور ضلع کے ساتھ جوڑا گیا ہے جس کے نتیجے میں علاقے کے لوگوں کو بہت ساری مشکلات کا سامنا ہے ۔ مشیر موصوف نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ اس مطالبے پر غور کرتے ہوئے ضروری اقدامات اٹھائیں ۔ دریں اثنا ایم ایل سی گردھاری لال رینہ مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور انہیں کشمیری مہاجرین کودرپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔ ارکانِ قانون سازیہ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ اُن کے تمام جائیز مطالبات کو متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا تا کہ اُن کی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے ۔ بعد میں ایک مقامی سکول کا ایک وفد مشیر موصوف سے ملاقی ہوا اور ٹرسٹ کیلئے اراضی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ جموں اینڈ کشمیر شرنارتھی ایکشن کمیٹی کا ایک وفد مشیر موصوف سے ملاقی ہوا اور انہیں اپنی درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔ایم بی بی ایس سٹوڈنٹس جموں کا ایک وفد بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوا اور مشاہرے میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ڈرادفٹ مین ایسوسی ایشن ، رام کوٹ ، بلاور ، این وائی سی کٹھوعہ ، جے اینڈ کے ٹرانسفارمر ایسوسی ایشن ، سٹیٹ پٹوار ایسوسی ایشن کے وفود بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے مطالبات پیش کئے ۔
روڈ سیفٹی فنڈ کےلئے مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دینے کا حکم
جمو ں//سرکار نے ریاست میں روڈ سیفٹی فنڈمینجمنٹ کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات دیئے ہیں۔ جی اے ڈی کی جانب سے جاری ایک حکم نامے کے مطابق محکمہ خزانہ کے انتظامی سیکرٹری کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ مکانات و شہری ترقی اور صحت و طبی تعلیم، داخلہ،منصوبہ بندی، تعمیرات عامہ، سکولی تعلیم، ٹرانسپورٹ محکموں کے انتظامی سیکرٹری اور آئی جی پی ٹریفک کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔ٹرانسپورٹ کمشنر کمیٹی کے ممبر سیکرٹری ہوں گے۔کمیٹی منظور شدہ سکیموں کی مالی اور طبعی پیش رفت کے جائیزے کے علاوہ منصوبہ جات اور ایکشن پلان کو کونسل کی جانکاری کے لئے پیش کرے گی۔ کمیٹی مالی سال میں ہر تین ماہ کے بعد میٹنگ منعقد کرے گی۔گورنر انتظامیہ نے گذشتہ ستمبر میں روڈ سیفٹی رولز مشتہر کئے تھے اور اس حوالے سے8 کروڑ روپے واگذار کئے تھے۔
محکمہ سریکلچر کے ملازمین تربیتی پروگرام کےلئے روانہ
جموں//ڈائریکٹر سریکلچر گلزار احمد نے محکمہ کے 15اہلکاروں کے گروپ کو نیشنل سِلک ورم سیڈ آرگنائزیشن بنگلورو کے لئے تربیتی پروگرام پر روانہ کیا۔ اِن اہلکاروں کو غنچہ¿ ابریشم اور سیڈ پروڈکشن میں عملائی جارہی جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں جانکاری دی جائے گی۔ اِس کے علاوہ اِنہیں مختلف تحقیقی سرگرمیوں کے بارے میں بھی جانکاری دی جائے گی۔ڈائریکٹر موصوف نے اس موقعہ پر کہا کہ تربیت پانے کے بعد یہ اہلکار محکمہ کے دیگر اہلکاروں کو تربیت دینے میں ماسٹر ٹرینر ثابت ہوں گے جس کی بدولت غنچہ¿ ابریشم کی صنعت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
سابق اے سی ڈی راجوری کیخلاف معاملہ درج
منریگا کے تحت غیر قانونی تقرریوں کا الزام
جموں//اینٹی کورپشن بیوروراجوری کے سابق اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ ACD ، جوکہ اس وقت ڈپٹی سیکرٹری کے عہدہ پر فائز ہے ،کے خلاف انسداد رشوت خوری کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔ مذکورہ افسر پر الزام ہے کہ اس نے اپنے عہدہ اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے 2015-18کے دوران ضلع راجوری میں منریگا کے تحت متعدد جی آر ایس، ٹیکنیکل اسسٹنٹ، بیئر فٹ انجینئر، کمپیوٹر اسسٹنٹ، ڈاٹا انٹری اوپریٹر، ایم آئی ایس اوپریٹر وغیرہ بھرتی کر لئے ۔ بیورو ترجمان کا کہنا ہے کہ ان بھرتیوں کے لئے نہ تو سلیکشن کمیٹی کو اعتماد میں لیا گیا اور نہ ہی انتظامی منظوری حاصل کی گئی جو کہ نریگا میں بھرتیوں کے لئے حکومت کی طرف سے جاری گائیڈ لائنز کی صریحاً خلاف ورزی تھی۔ ویجی لنس آرگنائزیشن نے ابتدائی چھان بین کی ،جس کے بعد اب اینٹی کورپشن بیورو جموں نے ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔
شری ویشنو دیوی گپھا میں
۔2.30 کروڑ روپے مالیت کے منسوخ شدہ نوٹ بطور نذرانہ پیش
یو این آئی
جموں// شری ویشنو دیوی گھپا مندر میں عقیدت گذاروں نے 2کروڑ 30 لاکھ روپے کی منسوخ شدہ نوٹوں کی رقم بطور نذرانہ پیش کی ہے ۔بزنس ٹو ڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے 8 نومبر 2016 میں نوٹ بندی کے فیصلے کے بعد ملک میں ہند¶ں کی دوسری امیر ترین عبادتگاہ میں عقیدت گذاروں نے 2 کروڑ 30 لاکھ روپیے کی منسوخ شدہ نوٹوں کی خطیر رقم بطور نذرانہ پیش کی ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گر چہ ریزرو بنک آف انڈیا نے عرصہ دراز سے منسوخ شدہ نوٹوں کولینا بند کیا ہے لیکن کئی لوگوں کے پاس ابھی بھی مسوخ شدہ نوٹ موجود ہیں۔رپورٹ کے مطابق نوٹ بندی کے بعد یاتریوں نے صرف ایک ماہ کے اندر ایک کروڑ نوے لاکھ منسوخ شدہ نوٹوں کی رقم بطور نزارانہ مندر میں پیش کی تھی لیکن سال2017اور سال 2018کے دوران اس میں کمی واقع ہوئی۔شرائن بورڈکے سی ای او سمرن دیپ سنگھ نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ شرائن میں یاتریوں کی طرف سے نذرانہ پیش کرنے میں کوئی کمی واقع نہیں ہورہی ہے بلکہ اس رجحان میں اضافہ ہی ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا 'ابھی بھی کچھ یاتری منسوخ شدہ کرنسی کے نوٹ بطور نذرانہ پیش کرتے ہیں' ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران منسوخ شدہ کرنسی کی کل رقم 40لاکھ بن چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سال 2018 کے دوران شرائن کو 164 کروڑ روپیے بطور نذرانہ وصول ہوئے جو سال 2017 سے 10 کروڑ زیادہ ہے ۔سنگھ نے کہا 'چونکہ ریزرو بنک آف انڈیا نے منسوخ شدہ نوٹوں کو تسلیم کرنا بند کیا ہے لہذا بورڑ ا س رقم کو دوسرے موثرذریعہ سے استعمال کرنے پر غور کررہا ہے '۔