پلس ٹو لیکچرار فورم کا ماہانہ اجلاس
ریاستی انتظامیہ پر سوتیلاسلوک روا رکھنے کا الزام
جموں //آل جموں وکشمیر پلس ٹو لیکچرار فورم کی ماہانہ میٹنگ زیر صدر ات فورم صدر دیپک شرما منعقد ہو ئی جس میں اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس اجلاس کے دوران ملازمین کو درپیش مسائل اور ان کی مانگوں پر تفصیلی بات چیت کے دوران اراکین نے ریاستی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کیساتھ سوتیلا سلوک روارکھا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی مانگوں کی جانب کو ئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔فورم کے اراکین نے کہاکہ پلس ٹو لیکچراروں کو درپیش مسائل کو لے کر کئی بار انہوں نے اعلیٰ انتظامیہ اور گور نر کے مشیر خورشید احمد گنائی کیساتھ بھی ملا قات کی تھی اور انہوں نے ملازمین کو درپیش مسائل کو حل کر نے کی یقین دہانی بھی کروائی تھی لیکن اس کے باوجود بھی اس طرف کو ئی توجہ نہیں دی گئی ۔فورم نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تمام انچارج ملازمین کو ترقی دینے کے علا وہ جوائنٹ ڈائریکٹر وں کی فہرست جلداز جلد جاری کی جائے جبکہ اس کے علا وہ SRO-202 کو منسوخ کر نے کیساتھ ساتھ دیگر مانگوں کو بھی اجاگر کیا گیا ۔اس اجلاس میں این ایس جموال ،انیل شرما ،آر ایس سلاتھیہ ،چرن داس ،ڈاکٹر انیس ،سنجے بھگت و دیگران بھی موجود تھے ۔
اکھنور ملٹری ہسپتال میں طبی کیمپ کا اہتمام
اکھنور //تحصیل اکھنور میں فوج کی جانب سے سرحد ی علا قوں کی عوام کیلئے آنکھوں کی جانچ کیلئے ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔اکھنور ملٹری ہسپتال میں منعقد کئے گئے اس طبی کیمپ کے دوران 113مریضوں کی آنکھوں کی جانچ کی گئی ۔فوج کے ماہر ڈاکٹروں نے ان مریضوں کو آنکھوں کی مختلف بیماریوں سے متعلق جانکاری فراہم کرتے ہوئے احتیاطی تدبیر کے بارے میں بھی بیدار کیا ۔اس کیمپ کے دوران گزشتہ ماہ 26سے 28دسمبر تک ملٹری ہسپتال جموں میں مریضوں کے کئے گئے آپریشنوں کی جانچ بھی کی ۔مقامی لوگوں نے فوج کی طرف سے مقامی لوگوں کو دی جارہی سہولیات کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی فوج عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں اپنا رول ادا کرتی رہے گی ۔
سنجے نگر میں بیداری کیمپ کا اہتمام
جموں //جموں وکشمیر سٹیٹ وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے سنجے نگر جموں میں خواتین کیلئے ایک بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔اس کیمپ کے دوران خواتین کی اقتصادی حالت بہتر بنانے کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی فلاحی اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے وومنز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے فیلڈ سپر وائزر ششی کانت شرما نے خواتین کو NMDFC،NBCFDC اسکیموں کے علا وہ لڑکیوں کی تعلیم کیلئے شروع ایجوکیشن لون اسکیم کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے خواتین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کر دہ اسکیموں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا نے کیلئے آگے آئیں۔
ادہم پور میں عصمت دری کا ملزم گرفتار
جموں// ضلع ادہم پور کے دور افتادہ علاقے سے جمعہ کے روز پولیس نے مبینہ عصمت دری کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ضلع کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجیو پانڈے نے بتایا کہ پنچاری کے کوٹھی لیڑ علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے پنچاری پولیس تھانہ میں ایک تحریری شکایت درج کروائی تھی جس میں خاتون نے الزام لگایا کہ جب وہ گھر لوٹ رہی تھی تو رنکو نامی شخص جو پٹھی ادہم پور کا رہنے والا ہے ، گھسیٹ کر جنگل میں لے گیا اور اس کی عصمت دری کی۔عصمت دری کرنے کے بعد ملزم نے متاثرہ کو دھمکی بھی دی کہ اگر اس نے پولیس میں درج کر وانے کی کوشش کی تو اس کے سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے ۔ متاثرہ کی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے معاملہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کردی اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے ، چھاپے کے دورانن ضلع کے پٹھی علاقے سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی نے مزید کہا کہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے عصمت دری کے معاملہ کو حل کر لیا ہے اور مزید کارروائی شروع کردی ہے ۔
گور پورب کے موقعہ پر گورنر کی عوام کو مبارک باد
جمو ں//گورنر ستیہ پال ملک نے گورو گوبند سنگھ جی کے جنم دن کے سلسلے میں ریاست جموں وکشمیر کے لوگوں کو مبارک باد دی ہے۔مبارک بادی کے اپنے ایک پیغام میں گورنر نے کہا کہ گورو گوبندر سنگھ جی ایک بہادر سپاہی، فلاسفر اور شاعر تھے جنہوں نے آپسی بھائی چارے اور خواتین کے عزت محفوظ رکھنے کے لئے ایک سماج کی داغ بیل ڈالی۔انہوں نے کہا کہ گورو مہا راج کی تعلیمات عالمی سطح پر لوگوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔گورنر نے اُمید ظاہر کی کہ اس مقدس موقعہ کی بدولت ریاست میں امن، ترقی اور خوشحالی کے علاوہ آپسی میل میلاپ اور بھائی چارے کے رشتے مضبوط ہوں گے۔گورنر نے اس موقعہ پر ریاست کے لوگوں کی خوشحالی و بہبودی کے لئے دُعا کی۔
ریاستی گریوینس سیل
39321 شکایات کا ازالہ کیاگیا
جمو ں// جے کے گورنر گریوینس سیل نے20 جون 2018 سے40444 شکایات موصول کیں جن میں سے39321 شکایات کا نپٹارہ کیا گیا جبکہ776 شکایات کا ازالہ کرنے کا عمل جاری ہے۔اسی طرح گورنر کی ہدایت پر گورنر کے تینوں مشیر پروگرام کے مطابق سرینگر اور جموں میں باقاعدہ طور پر وفود اور افراد کی شکایات سُنتے ہیں اور ان کا نپٹارہ کرنے کے عمل کا جائیزہ بھی لیتے ہیں۔
ڈاکٹروید نے ای ۔ چالان پروجیکٹ کا افتتاح کیا
جموں//کمشنرٹرانسپورٹ ڈاکٹر ایس پی وید نے جموں میں ای۔ چالان پروجیکٹ کا افتتاح کیا ۔اس پروجیکٹ کی بدولت ٹرانسپورٹ شعبے میں مختلف خدمات تک رسائی میں کافی مدد ملے گی۔اس موقعہ پر آئی جی ٹریفک ، ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنر اور دیگر متعلقین بھی موجود تھے۔ڈاکٹر وید نے کہا کہ واہن اور سراتھی ایپلی کیشنوں سے لنک اس سسٹم میں عوام دوست ٹرانسپورٹ اور ٹریفک محکموں سے جڑی خدمات دستیاب ہیں ۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ پروجیکٹ کی بدولت موجودہ نظام میں شفافیت ، جواب دہی اور تیزی لانے میں مدد ملے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر ملک کی چھٹی ایسی ریاست ہے جہاں ای۔ چالان پروجیکٹ عملایا جارہا ہے۔اس سے قبل میٹنگ میں متعلقہ افسران نے پروجیکٹ کے حوالے سے مدلل پرزنٹیشن دی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ اب موبائیل اپلی کیشن کے ذریعے ٹرانسپور ٹ اور ٹریفک سے جڑی مختلف خدمات دستیاب کرائی جائیں گی اور آن لان چالان کی ادائیگی کے عمل میں آسانی ہوگی ۔