گاندربل// مرکزی سیکرٹری روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز گردھارنے سونہ مرگ میں زیڈ موڈ اور زوجیلہ ٹنلوں کی تعمیراتی جگہ کا دورہ کیا تاکہ اِن منظور شدہ منصوبوں پر ہونے والے کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا جاسکے۔دورے کے دوران مرکزی سیکرٹری کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا، ممبر این ایچ اے آئی منوج کمار ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر این ایچ آئی ڈی سی ایل گرجیت سنگھ کمبو، ایس ایس پی گاندربل ، اے ڈی سی ، ایس ڈی ایم کنگن اور عمل آوری ایجنسیوں کے اَفسران بھی تھے۔مرکزی سیکرٹری نے زیڈ موڑ ٹنل کے مشرقی اور مغربی پورٹلز کا زمینی جائزہ لینے کے بعد ایک میٹنگ کی صدارت کی اور تعمیراتی کام کے تمام اہم پہلوئوں اور منصوبے کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ متعلقہ اَفسران نے مرکزی سیکرٹری کو مرکزی ٹنل اور ایسکیپ ٹنل پر تعمیر اتی کاموں کی رفتا ر اور پیش رفت ، حفاظتی اِقدامات ، وینٹلی لیشن واٹر پروفنگ ورکس اور نکاسی آب نظام سے متعلق جانکاری دی ۔اُنہیں مزید بتایا گیا کہ ایس کیپ ٹنل تکمیل کے مرحلے میں ہے اور مرکزی ٹنل 2023ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔مرکزی سیکرٹری نے زیڈ موڈ ایس کیپ ٹنل کی پیش رفت کو سراہا جو موسم سرما میں سونہ مرگ تک نقل و حمل کو ممکن بنائے گا۔اِس ٹنل سے مقامی اَفراد اور سیاحوں کو سونہ مرگ تک رسائی حاصل کرنے میں آسانی ہوگی جو برفانی تودے کے علاقوں میں گزرنے کے سبب سردیوں کے دوران مکمل طور پر کٹ آف رہتی ہے۔اُنہوں نے 32کلومیٹر زوجیلہ پروجیکٹ کا بھی دورہ کیا جس میں 14 کلومیٹر لمبی ٹنلیں تھیں جو لداخ کے ساتھ کشمیر کی تمام موسمی رابطہ کے لئے ہیں ۔زوجیلہ نیل گر پور ٹلز اور ریوچ روڈ پر جاری کاموں کا بھی معائینہ کیا۔مرکزی سیکرٹری نے دونوںٹنل منصوبوں کے جاری کاموں کا معائینہ کرتے ہوئے عمل آوری ایجنسیوں کے اَفسران کو ہدایت دی کہ کام کی رفتار میں تیزی لائیں تاکہ اہداف کو مقرر ہ مدت کے اندر حاصل کیا جاسکے۔