نئی دہلی// وزیراعظم نریندر مودی نے آکاشوانی پر من کی بات پروگرام میں ہندوستانی خواتین ون ڈے ٹیم کی کپتان ممتالی راج کے بین الاقوامی کرکٹ میں 10،000 رن بنانے والی پہلی ہندوستانی خاتون کرکٹر بننے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور کامیابی کی کہانی ہندوستان کی نہ صرف خواتین کرکٹروں بلکہ مرد کرکٹروں کے لئے بھی ایک تحریک ہے۔ مسٹر مودی نے کرکٹر متالی راج کو نیا ریکارڈ بنانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ’’ متالی جی ، حال ہی میں بین الاقوامی کرکٹ میں دس ہزار رن بنانے والی پہلی ہندوستانی خاتون کرکٹر بن گیں ہیں۔ ان کی اس کامیابی پر بہت بہت مبارکباد۔ بین الاقوامی ون ڈے کرکٹ میچ میں سات ہزار رن بنانے والی بھی وہ واحد بین الاقوامی خاتون کھلاڑی ہیں۔ خواتین کرکٹ کے سفر میں ان کا تعاون بہت شاندار ہے۔متالی راج نے 20 سال سے زیادہ کے اپنے کرکٹ کے سفر میں لاکھوں افراد کو تحریک دی ہے۔ ان کی سخت محنت اور کامیابی کی کہانی نہ صرف خواتین کرکٹروں بلکہ مرد کرکٹروں کے لئے بھی ایک تحریک ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ مارچ کے مہینے میں یوم خواتین کافی اہمیت کا حامل رہا اور یہ ایسے موقع پر آیا کہ جب کئی خاتون کھلاڑیوں نے نئے نئے ریکارڈس اپنے نام کئے اور تمغے جیتے۔ دہلی میں آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ میں ہندوستان سرفہرست رہا۔ طلائی تمغوں کی تعداد کے معاملے میں ہندوستان سرفہرست ہے۔ یہ ہندوستان کی خواتین اور مرد نشانہ بازوں کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے ممکن ہوسکا۔انہوں نے کہا ’’ پی وی سندھو جی نے بی ڈبلیو ایف سوئس اوپن سپر 300 ٹورنامنٹ میں چاندی کا تمغہ جیتا ہے۔ آج تعلیم سے لے کر کاروبار تک ، مسلح افواج سے سائنس اور ٹکنالوجی تک ، ہر جگہ ملک کی بیٹیاں اپنی الگ پہچان بنا رہی ہیں۔ مجھے بہت خوشی اس بات سے ہے کہ بیٹیاں کھیلوں کے ذریعہ اپنا ایک نیا مقام بنا رہی ہیں ‘‘۔