عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ 18 نومبر کو پرگتی میدان میں منعقد ہونے والے انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر میں کشمیر چیمبر آف انڈسٹری اینڈ کامرس کے اسٹالز کا دورہ کیا۔ میلے میں اس دن کو کشمیر دیوس کے طور پر منایا جا رہا تھا۔ ایل جی کیساتھ کے سی سی آئی کے صدر جاوید ٹینگا اور ٹریڈ فیئر کمیٹی کے چیئرمین مظفر مجید اور خزانچی زبیر مہاجن نے کیا۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا، کمشنر صنعت و تجارت وکرم جیت سنگھ، جے کے ٹی پی او کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد جہانگیر لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ تھے۔ قابل ذکر ہے کہ کے سی سی آئی پہلی بار آئی آئی ٹی ایف میں حصہ لے رہا ہے۔ LG نے ریٹیل سیلز کے آغاز کے موقع پر میلے کا افتتاح کرنے کے بعد تمام اسٹالز کا چکر لگایا اور شرکا کے ساتھ وقت گزارا۔ IITF کو سب سے زیادہ دیکھا جانے والا تجارتی میلہ سمجھا جاتا ہے جہاں شرکا بڑی فروخت کرتے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے قبل ازیں کشمیر ٹریڈ فیئر آرگنائزیشن کے نمائشی ہال کا دورہ کیا۔ IITF میں ایک بڑی تعداد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایل جی نے کشمیری دستکاروں اور بنکروں کی لاجواب فن کاری اور کاریگری کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ فخر کے ساتھ بتاتے ہیں کہ کشمیری فن، ثقافت، دستکاری اور ورثے کے دستکاری کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے اس دستکاری کو اعلی ترین سطحوں پر لے جانے پر ماہر کاریگروں کی تعریف کی۔ 10 سے زائد مصنوعات کی جی آئی ٹیگنگ کشمیر ہینڈی کرافٹس کے فروغ اور ترقی میں معاون ثابت ہوگی۔