سرینگر// لداخ کو جموں و کشمیر سے علیحدہ کرنے اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنانے کے دو سال سے زائد عرصہ بعد ، انتظامیہ نے اتوار کو ایک حکم جاری کیا کہ تمام غیر گزیٹیڈاسامیوں پر تقرری کے مقصد کے لیے عارضی طور پر’’ لداخ یوٹی کا مستقل باشندہ‘‘ سے متعلق آرڈر جاری کیا۔سرکاری ملازمتوںمیں براہ راست داخلے کیلئے بغیر گزیٹیڈ، سبھی اسامیوں کی بالائی عمر کی حد میں نرمی بھی برتی گئی ہے۔بھرتی اور دیگر مقاصد کے لیے لداخ کے مستقل باشندوں کی وضاحت کے لیے قوانین کا اجرا ان مطالبات میں سے ایک تھا جو لیہہ اپیکس باڈی اور کارگل ڈیموکریٹک الائنس نے مشترکہ طور پر مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نیتیانند رائے سے ملاقات کے دوران کیا تھا۔لداخ یوٹی میں پچھلے دو سالوں سے سرکاری محکموں میں کوئی بھرتی نہیں ہوئی ہے کیونکہ لداخ کو جموں و کشمیر سے الگ کر دیا گیا ہے اور رہائشی سرٹیفکیٹ کی عدم موجودگی میں اسے ایک مرکزی علاقہ بنا دیا گیا ہے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ لداخ کے مرکزی علاقہ کے رہائشی کو عارضی طور پر متعین کیا جائے گا تاکہ کسی بھی محکمہ یا سروس کے قیام پر اٹھنے والی تمام غیر گزیٹیڈ پوسٹوں پر تقرری کی جا سکے۔ UTکی انتظامیہ لداخ ریذیڈنٹ سرٹیفکیٹ آرڈر 2021 کے مطابق ، کوئی بھی شخص جو لیہہ اور کرگل کے اضلاع میں مجاز اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ رکھتا ہے یا ان افراد کے زمرے سے تعلق رکھتا ہے جو مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے اہل ہوں، ملازمتوں کیلئے درخواستیں دے سکتے ہیں۔ رہائشی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے اس حکم کی دفعات تحصیلدار یا انتظامیہ کی طرف سے مطلع کردہ کسی دوسرے افسر کو بااختیار اتھارٹی کے طور پر رہائشی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اختیار دیتی ہے۔دریں اثنا ، یونین ٹیریٹری لداخ کی انتظامیہ نے سرکاری خدمات میں داخلے کے لیے عمر کی حد کو بڑھا دیا ہے جو کہ گزیٹیڈ آفیسرز کے علاوہ دیگر براہ راست بھرتیوں کے لیے ہے۔مخصوص زمرے کے امیدواروں کے لیے عمر کی بالائی حد 43 سال سے بڑھا کر 45 سال ، جنرل زمرے کے امیدواروں کے لیے 40 سے 42 سال اور جسمانی طور پر معذور امیدواروں کے لیے 42 سے 44 سال کر دی گئی ہے۔آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ اس عمر میں نرمی ایک وقت کی رعایت ہوگی اور یہ نرمی دو سال کی مدت تک نافذ رہے گی۔یونین ٹیریٹری لداخ کے رہائشی کی وضاحت کرنے سے انتظامیہ کو یو ٹی میں غیر گزیٹیڈ کیڈر میں پوسٹوں کی تشہیر کرنے میں مدد ملے گی اور ان نوجوانوں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا جو رہائشی سرٹیفکیٹ کی عدم موجودگی میں پوسٹوں کی بھرتی میں اس طرح کی طویل تاخیر پر مشتعل تھے۔