غلام نبی رینہ
کنگن/ نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر قمرعلی آخون کوہفتے کے روزضلع کرگل کے علاقے سگرہ سانکو میں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ مرحوم کا کل 68 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا جس کے بعد ان کی میت کو بذریعہ ہیلی کاپٹر سرینگر منتقل کیا گیا۔
نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹرفاروق عبداللہ اور وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی اور صوبائی صدر کشمیر شوکت میر نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق میت کو پہلے سرینگر لایا گیا، جہاں سے دیر رات ہیلی کاپٹر کے ذریعے سونمرگ منتقل کیا گیا اور پھر بذریعہ سڑک کرگل پہنچایا گیا۔ آج سگرہ سانکو میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مقررین نے قمر علی آخون کی سیاسی و سماجی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ خطے کی سیاست میں ایک اہم مقام رکھتے تھے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہے۔
قمر علی آخون سپردِ خاک، نیشنل کانفرنس قیادت کی نمازِ جنازہ میں شرکت