راجوری //فوج نے تحصیل کوٹرنکہ سے ایک گائوں کا انتخاب کرکے اس کی گلیوں کو روشن کرنے کیلئے لائٹیں نصب کی ہیں ۔ یہ روشنی سولر لائٹوںسے ہوگی جس سے نہ صرف مقامی لوگوں کو مسجد جانے اور دیگر کاموں کیلئے آسانی ہوگی بلکہ وہ جانوروںسے بھی محفوظ رہ سکیںگے اور ساتھ ہی سماجی برائیوں پر بھی نظر رہے گی ۔اس نظام کے تحت بیک اپ بیٹریوں کے ساتھ30لائٹیں نصب کی گئی ہیں جس سے پورا علاقہ جگمگاتارہے گا۔یہ کام سموٹ آرمی یونٹ کی طرف سے کیاگیاہے جس کا افتتاح مہور یونٹ کے کمانڈنگ افسر نے کیا ۔اس موقعہ پر مقامی لوگوں کے علاوہ ایس ایچ او کنڈی بھی موجود تھے ۔افتتاحی پروگرام کے دوران مقامی لوگوں کو ان لائٹوں کی حفاظت کرنے اور انہیں چلانے کیلئے بھی جانکاری فراہم کی گئی ۔اس موقعہ پرفوجی افسران نے کہاکہ اس علاقے میں بجلی کی سہولت ایک بڑا مسئلہ تھا جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات درپیش تھیں اور اسی کو دیکھتے ہوئے لائٹوں کی تنصیب کی گئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس سے نہ صرف لوگوں کو راہ چلنے میں آسانی ہوگی بلکہ وہ جانوروں کے حملوںسے بھی محفوظ رہیںگے اور چوری ودیگر سماجی برائیاں بھی نہیں ہوںگی ۔مقامی لوگوں نے فوج کی طرف سے اس اقدام پر شکریہ ادا کیاہے ۔