جموں//شری ماتا ویشنودیوی شرائین بورڈ کے رُکن میجر جنرل ( ر) ایس کے شرما نے کل راج بھون میں گورنر این این ووہرا جو شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں کے ساتھ ملاقات کی۔میجر جنرل شرما جو کالج آف نرسنگ کی گورننگ باڈی کے چیئرمین بھی ہیں نے گورنر کو کالج آف نرسنگ کے کام کاج سے جڑے مختلف معاملات کے بارے میں جانکاری دی جن کالج کے ویژن منصوبہ ، کالج کے طلاب کے لئے ہوسٹل سہولیات اور دیگر معاملات شامل تھے۔بورڈ کے ایک اور ممبر ڈاکٹر اشوک بھان نے گورنر سے ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے گورنر کو بڑھتی یاترا کے پیش نظر بنیادی ڈھانچے کی سہولیات سے جڑے معاملات کے بارے میں جانکاری دی۔انہوںنے شرائین بورڈسپورٹس کمپلیکس کے کام کاج کے بارے میں بھی گورنر کو آگاہ کیا۔ادھرسابق وزیر غلام حسن میر نے کل راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ اس دوران انہوں نے ریاست میں آنے والے پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کے علاوہ ریاست میں امن اور معمول کے حالات بحال کرنے کے اقدامات کو بھی زیر بحث لایا۔دریں اثناڈائریکٹر جے کے ای ڈی آئی ڈاکٹر ایم آئی پرے نے گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے گورنر کو جے کے ای ڈی آئی کی طرف سے ریاست کے نوجوان کار خانہ داروں کی بہبودی کے لئے اُٹھائے جارہے اقدامات اور ریاست میں صنعت کاری کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو صنعت کاری کی طرف راغب کرنے کے لئے لازمی اقدامات کرنے کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے ڈائریکٹر موصوف پر زور دیا ہے کہ وہ نئے کارخانہ داروں کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے عمل میں تیزی لائیں تاکہ ریاست میں اقتصادی ترقی ممکن ہوسکے۔