جموں//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے اساتذہ برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ان میں اخلاقی اقدار بھی پیدا کریں تاکہ وہ ملک کے ذمہ دار شہری بن سکیں۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار ٹیچرس بھون جموں میں دوسری ریاستی سطح کی کانفرنس کے دوران پرائیویٹ سکولوں کے سربراہوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جنگلات و ماحولیات کے وزیرچودھری لال سنگھ ، تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی ، سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ ، چیئرپرسن بورد آف سکول ایجوکیشن وینا پنڈتا کے علاوہ کئی دیگر شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔وزیر نے کہا کہ حکومت نے ہائیر سکینڈری سطح تک میوزک اور فائن آرٹ مضامین متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ علاوہ ازیں تعلیمی نظام میں اصلاحات لانے کے لئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیںاور بنیادی تعلیم میں بہتری لانے کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ وزیر نے اس موقعہ پر کہا کہ حکومت نجی سکولوں کے معاملات حل کرنے میں سنجیدہ ہے کیونکہ ان سکولوں کو ریاست کے تعلیمی ڈھانچے میں کلیدی اہمیت حاصل ہے ۔اس موقعہ پر چودھری لال سنگھ نے کہا کہ حکومت نے تعلیمی سیکٹر کو دوبارہ ترقی کی پٹری پر لانے اور مختلف سکولوں میں بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوادینے کے لئے کئی اختراعی اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے اساتذہ برادری پر زور دیا کہ وہ مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے طلاب کی صلاحیتوں کو ایک صحیح سمت دیں ۔وزیر نے تعلیم کے نور کو عام کرنے کے لئے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے اقدامات کی ستائش کی اور کہا کہ کچھ اداروں نے تعلیمی شعبے میں اپنا نام کمایا ہے ۔انہوں نے پرائیویٹ سکولوں پر زور دیا کہ وہ غریبی کی سطح کے نیچے سے گزر بسرکرنے والے کنبوںکے بچوں کو بھی اپنے تعلیم اداروں میں داخلہ دیں۔تعلیم کی وزیرمملکت پریاسیٹھی نے کہا کہ حکومت ریاست میں تعلیمی معیار میں مزید بہتری لانے کے لئے ایک جامع منصوبہ مرتب کرر ہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیمی سیکٹرکو دوام بخشنے کے لئے کئی اصلاحاتی اقدامات کئے اور شام کو ریمیڈیل کلاسوں کا سلسلہ شروع کرنا اس سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ طلاب کو حصول تعلیم میں دِقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔