راجوری //ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین اور این سی لیڈران نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کو جلداجلد تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین راجوری ایڈوکیٹ نسیم لیاقت اور نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر راجوری شفاعت خان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کو جلدازجلد تبدیل کیا جائے ۔پریس کانفرنس کے دوران مقررین نے کہاکہ ڈی سی راجوری کو آئندہ دو دنوںمیں ہی تبدیل کیا جائے نہیں تو اس سلسلہ میں پُر امن احتجاج شروع کیا جائے گا ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جب سے آفیسر موصوف کو راجوری میں تعینات کیا گیا ہے تب سے ہی آفیسر موصوف نیشنل کانفرنس کو سائڈ لائن کرنے کی کوشش کررہا ہے تاہم دوسری جانب عوام نے ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات میں پارٹی کو منڈیٹ دیا ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے یوتھ صوبائی سیکریٹری وقار لون کو ڈپٹی کمشنر راجوری کی ہدایت پر ایگز یکٹو مجسٹریٹ نے حراست میں لیا ۔انہوں نے کہاکہ یوتھ صوبائی سیکریٹری کی حراست غیر قانونی ہے ۔ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین نے کہاکہ مذکورہ کارکن کی حراست پوری طرح سے آئین کیخلاف ہے ۔دوسری جانب ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے ایک واٹس اپ گروپ میں لکھا ہے کہ ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین اپنی مرضی کا آفیسر چاہتے ہیں ۔