محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن میں مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (ایم جی نریگا) کے تحت کام کرنے والے سینکڑوں مزدور گزشتہ کئی ماہ سے اپنی مزدوری سے محروم ہیں۔ جس کے باعث انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے اور عیدالفطر کے قریب آنے کے سبب یہ مزدوروں کا یہ مسئلہ مزیددشوار ہوگیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق ضلع کے مختلف بلاکوں میں دسمبر 2025 سے مزدوروں کی اجرتیں زیر التوا ہیں، حالانکہ مزدوروں نے سخت موسمی حالات اور دشوار گزار علاقوں میں حفاظتی دیواروں، سیمنٹڈ راستوں، پانی کی نکاسی اور دیگر ترقیاتی کام مکمل کیے ہیں۔ اس تاخیر کے باعث روزانہ کی مزدوری پر انحصار کرنے والے غریب خاندانوں کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور ان کے گھروں میں روزمرّہ کی زندگی اور بچوں کی پڑھائی اور علاج معالجہ کا سلسلہ بھی اثر انداز ہو رہا ہے۔ ضلع رام بن کے مقامی پنچایتی نمائندوں اور مزدوروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع کے تمام گیارہ بلاکوں کی 143پنچایتوں میں تعمیر و ترقی کے سینکڑوں کام انجام دیئے گئے لیکن لاکھوں روپئے کی رقومات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے مزدور طبقے کا بڑا حصہ پریشان ہو کر رہ گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ایم۔جی نریگا کے تحت کام کرنے والے مزدوروں بلکہ مٹیریل سپلائی کرنے والوں کی لاکھوں روپئے کی بقایا رقومات بھی محکمہ دیہی ترقی رام بن کی جانب سے ادا نہیں کی گئی ہیں، جس سے متعلقہ افراد کو مالی دباؤ کا سامنا ہے۔ انہوں نے حکام پر تاخیر کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال نے سینکڑوں خاندانوں کو عید جیسے اہم تہوار کے موقع پر مشکلات میں ڈال دیا ہے اور ان کے لیے بنیادی ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔اس دوران محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے تحت کام کرنے والے کئی ٹھیکیداروں نے بھی بلوں کی ادائیگی میں تاخیر کا الزام عائد کرتے ہوئے بقایا بلوں کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔ کنٹریکٹر ایسوسی ایشن سب ڈویژن رامسو کے نائب صدر افتیاز احمد سوہل نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر کام کرنے کے باوجود بلوں کی رقومات ادا کرنے میں بہانے بازی کی وجہ سے ٹھیکیداروں کے ساتھ کام کرنے والے مزدوروں کی ایک بڑی تعداد کو مشکلات کا سامنا ہے اور ٹھیکیداروں کو جواب دینا دشوار ہوگیا ہے ۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیاکہ پی ڈبلیو ڈی کے ٹھیکیداروں اور مختلف محکموں کے ڈیلی ویجروں کے حق میں فوری طور پر بقایا رقم واگزار کی جائے تاکہ وہ بھی عید کی خوشیاں منا سکیں ۔