جموں //فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ نے وائٹ نائٹ کارپس کمانڈر لفٹنٹ جنرل پرمجیت سنگھ کے ہمراہ راجوری اور اکھنور سیکٹر وں کادورہ کرکے حد متارکہ پر آپریشن تیاریوں اور موجودہ سیکورٹی صورتحال کاجائزہ لیا ۔اس دوران حد متارکہ پر تعینات فوجی کمانڈروں نے رنبیر سنگھ کوسرحد پر پائی جارہی موجودہ صورتحال اور اس سے نمٹنے کیلئے کی گئی تیاریوں کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔انہیں جنگجوئوں کی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیاگیا ۔دورے کے دوران آرمی کمانڈر نے فوج کے اہلکاروں سے تبادلہ خیال کیا اور انہیں مزید جانفشانی اور پیشہ وارانہ طریقہ سے ڈیوٹی دینے کی تلقین کی ۔انہوں نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے دوران کم سے کم جانی نقصان ہونے کیلئے کئے گئے اقدامات پر مقامی یونٹوں کی سراہنا کی اور سیکورٹی فورسز اور سیول انتظامیہ کے درمیان بہترین تال میل کو سراہا ۔انہوں نے اہلکاروں اور افسران پر زور دیاکہ وہ ملک دشمن عناصر کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے مستعد رہیں ۔