غلام نبی رینہ
کنگن/صحت افزا مقام سونمرگ میں سرمائی کھیلوں کے فروغ کے لیے دو روزہ سنو شو چیمپئن شپ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس ایونٹ کا انعقاد محکمہ سیاحت اور نیشنل سنو شو چیمپئن کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے، جس میں مجموعی طور پر 180 بچے حصہ لے رہے ہیں۔
ڈائریکٹر سیاحت سید قمر سجاد نے چیمپئن شپ کا افتتاح کرتے ہوئے دو روزہ مقابلوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر سونمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی بلال مختار ڈار، ایس ڈی ایم کنگن، ایس ایچ او پولیس اسٹیشن سونمرگ، محکمہ سیاحت کے افسران، ٹورسٹ پولیس، سونمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر سیاحت نے کہا کہ سونمرگ میں سرمائی کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں سونمرگ موسم سرما میں بند رہنے کی وجہ سے یہاں سرمائی کھیلوں کا انعقاد ممکن نہیں تھا، تاہم اب سونمرگ سال بھر کھلا رہنے کے بعد سرمائی کھیلوں کے انعقاد اور فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو روزہ سنو شو چیمپئن شپ میں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں کے علاوہ ملک کی بیس ریاستوں سے تعلق رکھنے والے بچے بھی شرکت کر رہے ہیں، جس سے سونمرگ میں سیاحتی سرگرمیوں اور کھیلوں کو مزید تقویت ملے گی۔