جموں//سرجیکل سٹرائیک کے دوبرس مکمل ہونے پر حکومت کی طرف سے جاری حکمنامہ کے مطابق متعدد پروگراموں کا اہتمام کیا گیا جس میں فوجی اہلکاروں کے ساتھ یکجہتی ظاہر کی گئی۔ ڈویژنل کمشنر سنجیو ورما نے مہاراجہ ہری سنگھ پارک سے ایک ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جو بلیدان ستمبھ پر جا کر اختتام پذیر ہوئی۔ اس ریلی میں شہر کے متعدد نجی اور سرکاری اسکولوں کے طلباء نے حصہ لیا۔ فرائض منصبی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کو خرائد عقیدت پیش کرنے کے علاوہ ڈویژنل کمشنر نے پسماندگان کو توصیفی اسناد بھی پیش کیں۔ اس موقعہ پر ڈی سی جموں رمیش کمار، آئی جی پی ایس ڈی سنگھ جموال، ایس ایس پی وویک گپتا، اے ڈی ڈی سی ثریا جبین، اے سی آر نثار حسین اور دیگران موجود تھے۔ اس دوران متعدد تعلیمی اداروں کی طرف سے بھی تقاریب کے اہتمام کی خبریں موصول ہوئی ہیں جس دوران وہاں پر ریلیوں اور جلوسوں کے علاوہ دیگر کئی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ واضح رہے کہ مرکزی سرکار نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ اسکولوں میں سرجیکل سٹرائیک کے حوالہ سے پروگراموں کا اہتمام کیا جائے۔