برلن //پاکستان کے معروف کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی میں انتقال کرگئے ہیں۔ عمرشریف علاج کی غرض سے امریکا روانہ ہوئے تھے تاہم طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں جرمنی کی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔عمر شریف عارضہ قلب، گردے اور دیگر بیماریوں میں مبتلا تھے۔ عمر شریف کئی ہفتوں سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج رہے۔ ڈاکٹروں نے عمر شریف کو علاج کے لیے امریکا کے اسپتال میں داخل کرانے کا کہا تھا۔عمر شریف کو 28 ستمبر کو ایئر ایمبولینس میں روانہ کیا گیا تھا۔ عمر شریف کو لے جانے والی ایئر ایمبولینس جرمنی کے شہر نورمبرگ میں رکی تھی۔ نورمبرگ کے اسپتال میں ڈائیلاسز کے دوران عمر شریف کی حالت بگڑی اور وہ انتقال کر گئے۔کامیڈی سپر اسٹار عمر شریف 19 اپریل 1955 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ عمر شریف نے 14 سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری شروع کی۔ عمر شریف جلد ہی کامیڈی کی دنیا کے کنگ بن گئے۔