بسوہلی //نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوںکا مثبت استعمال کرنے کی تلقین کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈران اجے کمار سڈھوترہ اور ٹھاکر کشمیرا سنگھ نے آج کہا کہ انہیں نظم و نسق کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہئے ۔ سبھاش چندر بوس نیتا جی ایجوکیشن اکادمی کے سالانہ دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں اور انہیں ملک کی تعمیر میں اہم رول ادا کرنا ہوگا۔ سڈھوترہ نے نوجوان طبقہ میں حب الوطنی کے جذبہ کو فروغ دئیے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں یکجہتی، بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی نہایت ہی اہم ہو کر رہ گئی ہے ۔ نیتا جی سبھاش چندر بوس کے حالات زندگی اور ان کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی جنگ آزاد ی میں ملک کے تمام طبقوں نے متحد ہو کر انگریزوں کے خلاف جنگ لڑکی تھی۔ نیتا جی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ٹھاکر کشمیر ا سنگھ نے کہا کہ نیتا جی کے دیش بھگتی کے راستہ پر چلنا ہی ان کو صحیح معنوں میں شردھانجلی ہوگی۔ اس موقعہ پر بچوں نے ایک رنگا رنگ پروگرام بھی پیش کیا اور عمدہ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔