سرنکوٹ// سرنکوٹ کی پسماندہ پنچایت درہ سانگلہ میں دوماہ قبل بند ہوئی رابطہ سڑک کو ابھی تک بحال ہی نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے عام لوگ ضروری ساز و سامان کندھوں پر اٹھا کر پیدل اپنے گھروں میں لے جانے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ دو ماہ قبل علاقہ میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے گائوں میں جانے والی رابطہ سڑک پر پسی گر آئی تھی جبکہ بھاری پیمانے پر ملبہ گرآنے کی وجہ سے سڑک آمد ورفت کیلئے مکمل بند ہوگئی تھی لیکن ا س کے بعد متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کا جانکاری فراہم کرنے کے باوجود بھی رابطہ سڑک کو بحال نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت علاقہ میں غریب و بی پی ایل زمرے کے افراد پردھان منتری اواس یوجنا کے تحت رہائشی مکانات کی تعمیر شروع کر رہے ہیں جبکہ ان مکانات کا ساز وسامان وہن اپنے کندھوں پر اٹھا کر پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں لیکن متعلقہ محکمہ کی نا اہلی و لاپرواہی کی وجہ سے وسیع علاقہ کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کیساتھ ساتھ متعلقہ محکمہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کو جلدازجلد بحال کیا جائے تاکہ عام لوگوں بالخصوص مریضوں کو بنیادی سہولیات میسر ہو سکیں ۔