جموں//ظفر اکبر بٹ نے کٹھوعہ کے مین بازار میں معصوم بچی آصفہ کی اغواء کاری ،عصمت ریزی اور بیہمانہ قتل کے خلاف زور دار احتجاج کیا۔تفصیلات کے مطابق جموں و کشمیر سالویشن مومنٹ چئیرمین ظفر اکبر بٹ نے معصوم بچی آصفہ کی عصمت ریزی اور قتل کے خلاف ایک زبردست احتجاجی مظاہرے، دھرنے کی قیادت کی۔ظفر اکبر سالویشن مومنٹ کے دیگر سرکردہ لیڈران نے مین چوک کٹھوعہ میں معصوم بچی آصفہ کے ساتھ آئے دلدوز واقعہ کے خلاف ایک پر امن احتجاجی مظاہرے و دھرنے کا اہتمام کیا ، ظفر اکبر نے اس موقعہ پر کہا اس وحشی، درندگی میں ملوث انسانی شکل میں درندہ صفت، حیوانوں سے بتر، شیطانی سوچ والی درندے کو فوراً سے پیشتر گرفتار کر کے اصلی قاتل و اصل حقائق سے پردہ اٹھایا جائے۔ظفر اکبر نے معصوم آصفہ کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وحشی پن، درندگی کے پیچھے ملزم کو سزا دلانے کے لئے ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ظفر نے ملوثین کو فوراً گرفتار کر کے مثالی سزائیں سنا کر معصوم آصفہ کے ساتھ انصاف دلانے کا پر زور مطالبہ کیا۔اگر چہ یہ احتجاجی مظاہرہ، دھرنا پرامن طور آصفہ کی بیہمانہ قتل کے خلاف صدائے احتجاج بلند کر رہا تھا مگر پولیس نے ظفر اکبر کو اور احتجاج میں شامل لوگوں کو جبراً، طاقت کے بل بوتے پر روک لیا۔ترجمان نے پولیس کے اس رویہ اور طرز عمل کی اور جبراً احتجاج کو روکنے کی پر زور مذمت کی ہے۔ترجمان نے ملوثین کو کیفری کردار تک پہنچانے کا زود دار مطالبہ دہرایا۔