ریت وبجری کی کان کنی پر عائد پابندی ہٹائی جائے:اپنی پارٹی

 جموں//اپنی پارٹی نے جموں میں ریت وبجری کی کان کن پر عائد لگاتار پابندی کی وجہ سے تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں ہوئے بے تحاشہ اضافے پر گہر ی تشویش ظاہر کی ہے۔ محمد اشرف چوہدری نے ایک میٹنگ کا اہتمام کیا جس میں پارٹی صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ، صوبائی صدرخواتین ونگ نمرتہ شرما، ریاستی کارڈی نیٹر او بی سی مدن لال چلوترہ اور صوبائی صدر یوتھ ونگ گورو کپور وغیرہ موجود تھے۔ اس موقع پر بولتے ہوئے سابقہ وزیر منجیت سنگھ نے کہاکہ معدنیات ریت وبجری کی نکاسی پر عائد پابندی ہٹائی جائے۔انہوں نے کہاکہ جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں جن لوگوں کا اِس کاروبارپر انحصار ہے، وہ بے روزگارہوگئے ہیں۔اِس بندش نے لوگوں سے روزی روٹی کمانے کا حق چھین لیا ہے اور اِس کاروبار میں غیر مقامی افراد کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے جوکہ انتہائی قابل ِ اعتراض ہے۔انہوں نے کہا’’چند مقامات جہاں پر سے پابندی ہٹائی گئی ہے، وہاں غیر مقامی حکومت کی طرف سے منظور کردہ قیمتوں کے برعکس بازار میں سامان کی قلت کے پیش نظر مہنگے داموں تعمیراتی سامان سپلائی کرنے کام کر رہے ہیں، لوگ مہنگے داموں سامان خریدنے پر مجبور ہیں جوکہ متعلقہ انتظامیہ اور پولیس کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے۔