ریاستی ملازمین کیلئے ہیلتھ انشورنس سکیم

جموں//گورنر انتظامیہ نے ریاستی ملازمین کے لئے ہیلتھ انشورنس سکیم کی خاطر با ضابطہ طور سے ایک لائحہ عمل اختیار کرنے کے لئے ایک سرکاری پینل تشکیل دینے کے احکامات صادر کئے ہیں۔جی اے ڈی کی طرف سے جاری کئے گئے ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ صحت و طبی تعلیم محکمہ کے انتظامی سیکرٹری اس کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔کمیٹی کے ارکان میں انتظامی سیکرٹری جی اے ڈی، سی ای او آیوشمان بھارت اور ڈائریکٹر فائنانس جی اے ڈی شامل ہوں گے۔یہ کمیٹی ریاست میں ٹی پی اے کے ذریعے سے ایک ہیلتھ انشورنس سکیم چالو کرنے کے امکانات کا جائیزہ لے گی اور سکیم کے تمام خدو خال تیار کرے گی۔حکم نامے کے مطابق یہ کمیٹی اپنی رپورٹ اس ماہ کے آخر تک پیش کرے گی۔