فکر و فہم
شاہین فاطمہ زہرائی
اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا فضل و احسان ہے کہ اس نے ہمیں مسلمان پیدا فرمایا اور اُمت محمدیہؐ بنا کر تمام امتوں سے افضل و اعلی مقام بخشا اور عظیم و برکت والا مہینہ پیدا فرما کر ہم گنہگار بندوں کے لئےبخشش کا ذریعہ بنایا۔ ان مہینوں میں سے ایک عظیم مہینہ رمضان المبارک کا ہے۔ اللہ عزوجل ارشاد فرماتاہے:’’رمضان کا مہینہ (وہ ہے) جس میں قرآن اُتارا گیا ہے جو لوگوں کے لیے ہدایت ہے اور (جس میں) رہنمائی کرنے والی اور (حق و باطل میں) امتیاز کرنے والی واضح نشانیاں ہیں، پس تم میں سے جو کوئی اس مہینہ کو پالے تو وہ اس کے روزے ضرور رکھے اور جو کوئی بیمار ہو یا سفر پر ہو تو دوسرے دنوں (کے روزوں) سے گنتی پوری کرے، ﷲ تمہارے حق میں آسانی چاہتا ہے اور تمہارے لیے دشواری نہیں چاہتا، اور اس لیے کہ تم گنتی پوری کر سکو اور اس لیے کہ اس نے تمہیں جو ہدایت فرمائی ہے اس پر اس کی بڑائی بیان کرو اور اس لیے کہ تم شکر ادا کرو۔‘‘(البقرة، 2: 185)
حدیث پاک میں ہے: ’’حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرمؐ نے فرمایا،’’جب رمضان کا مہینہ آتا ہے تو آسمان کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں اور شیاطین کو زنجیروں سے جکڑ دیا جاتا ہے۔‘‘(بخاری شریف )یہ حدیث متفق علیہ ہےکہ یہ مہینہ اتنا عظیم اور برکت والا ہے کہ اس مہینے میں اللہ تعالیٰ آسمان کے تمام دروازے کو کھول دیتا ہے شیاطین کو زنجیروں میں جکڑ دیتا ہے ۔ماہ رمضان برکتوں والا مہینہ ہے۔ قرآن مقدس کا نزول اسی مہینے میں ہوا ہے۔رمضان کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرہ عشرہ جہنم کی آگ سے نجات کا ہے۔حدیث مبارک میں ہے کہ رمضان اﷲ تعالیٰ کا مہینہ ہے اور اس مہینے سے رب ذوالجلال کا خصوصی تعلق ہے، جس کی وجہ سے یہ مبارک مہینہ دوسرے مہینوں سے ممتاز اور جدا ہے۔حضرت جابر بن عبداﷲؓ سے روایت ہے کہ حضوراکرم ؐ کا فرمان ہے کہ میری امت کو ماہِ رمضان میں پانچ چیزیں ایسی عطا کی گئیں جو مجھ سے پہلے کسی نبی ؑ کو نہ ملیں۔پہلی ، جب رمضان کی پہلی رات ہوتی ہے تو اﷲ تعالیٰ اُن کی طرف رحمت کی نظر فرماتا ہے اور جس کی طرف اﷲ نظر رحمت فرمائے ،اُسے کبھی بھی عذاب نہ دے گا۔دوسری، شام کے وقت اُن کے منہ کی بو (جو بھوک کی وجہ سے ہوتی ہے) اﷲ تعالیٰ کے نزدیک مشک کی خوشبو سے بھی بہتر ہے۔تیسری ، فرشتے ہر رات اور دن اُن کے لئے مغفرت کی دعائیں کرتے رہتے ہیں۔چوتھی، اﷲ تعالیٰ جنت کو حکم دیتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں ’’میرے (نیک) بندوں کے لئے مزین ہوجا، عنقریب وہ دنیا کی مشقت سے میرے گھر اور کرم میں راحت پائیں گے۔پانچویں، جب ماہ رمضان کی آخری رات آتی ہے تو اﷲ تعالیٰ سب کی مغفرت فرمادیتے ہیں۔ رسول اللہؐ کا فرمان ہے کہ رمضان ہمدردی و غم خواری کا مہینہ ہے۔اس مہینےمیں ایمان والوں کے رزق میں اضافہ کیا جاتا ہے، جس نے کسی روزے دار کو افطار کرایا تو یہ اس کے لئے گناہوں کی مغفرت اور جہنم کی آگ سے آزادی کا سبب ہوگا اور اُسے اس روزے دار کے برابر ثواب دیا جائے گا بغیر اس کے کہ اس روزے دار کے ثواب میں کوئی کمی کی جائے۔اِس مبارک ماہ کی ان تمام فضیلتوں کو دیکھتے ہوئے مسلمانوں کو اس مہینہ میں عبادت کا خاص اہتمام کرنا چاہیے اور کوئی لمحہ ضائع اور بے کار جانے نہیں دینا چاہیے۔
��������������������