عدنان ابن بشیر
انسان کی زندگی میں اس کے خیالات بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔ اگر ہم خوشی کے خیالات رکھتے ہیں تو ہم خوش رہیں گے، اور اگر ہم پریشانی کے خیالات پر توجہ دیں گے تو ہم پریشان اور غمگین رہیں گے۔
میرے بھائیو! آپ اپنے خیالات کا جائزہ لیں۔ اگر آپ کے ذہن میں پریشانی کے خیالات آتے ہیں تو ان خیالات کو فی الفور اپنے ذہن سے نکال دیں اور اپنے ذہن میں صرف اور صرف خوشی کے خیالات کو جگہ دیں،تاکہ آپ خوش رہ سکیں۔ ایک بات یاد رکھیں کہ آپ کا خوش رہنا بہت ضروری ہے، اس لئے کہ لوگ اُس انسان کو پسند کرتے ہیں جو خوش رہتا ہے، جب آپ خوش ہوں گے تو آپ دوسروں کے ساتھ ہمدرد اور مہربان ہوں گے اور آپ کا رویہ بھی درست اور مخلصانہ ہوگا۔ظاہر ہے آپ دوسروں میں تبھی خوشی بانٹ سکتے ہیں، جب آپ خود خوش ہوں گے۔ کسی نے کیا خوب کہا کہ’’دل کا نازک قلعہ تلوار کی طاقت سے فتح نہیں ہوتا بلکہ اس کیلئے بھی مسکراہٹ چاہیے۔‘‘
خوش باش انسان پریشان انسان سے لمبی عمر پاتا ہے۔ خوش لوگ دل کے مریض بھی نہیں ہوتے۔ اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ خوش لوگ تو دوسروں کے دل جیتنے کے فن کو پاچکے ہوتے ہیں اور خوش رہنے سے دل کی کدُورت اور نفرت مِٹ چکی ہو تی ہے، اس لئے ایسے لوگ دل کے مریض نہیں بنتے۔ اگر تم ہنستے ہو تو ساری دنیا تمہارے ساتھ ہنستی ہے۔ اگر تم روتے ہو تو یہ کام تمہیں اکیلے کرنا پڑتا ہے۔ آج اگرآپ کسی کو سب سے سستا اور نایاب تحفہ دینا چاہتے ہو تو ایک پُرخلوص مسکراہٹ دے دیجئے۔ آپ کی مسکراہٹ محبت اور اُمید بانٹی ہے۔
خوش رہنے کے دس آسان نسخے پیشِ خدمت ہیں:
۱۔ اپنے پسندیدہ کاموں میں مشغول ہوجائیں،۲۔دوسروں کا شکریہ ادا کریں،۳۔جو آپ کے پاس ہے اسی پہ نظر رکھیں،۴۔دوسروں کی غلطیوں کو نظر انداز کریں،۵۔دوسروں کی خوشیوں میں دل چسپی لیں،۶۔زندگی کا مقصد ہمیشہ سامنے رکھیں،۷۔ماضی کے غم کو بھول جائیں،۸۔جن لوگوں کو ہم نے اپنی موت کا غم دے کر جانا ہے ، کیوں نہ ان کو زندگی میں خوشی دی جائے، ( اپنے آپ کو پہنچانیں اور آپ جیسے ہیں، ویسے رہیں۔ یاد رکھیں! زمین پر آپ جیسا کوئی نہیں ہے۔ ایک قول ملتا ہے کہ’’انہیں اپنی کامیابی سے مارو اور اپنی مسکراہٹ سے دفناؤ‘‘، خوش ہو کر سوچیں اور کام کریں، آپ اپنے آپ کو خوش محسوس کریں گے۔)۹۔ کوئی ایسا دوست ہو جس کو آپ مسکراتا ہوا دیکھیں تو آپ کو بھی خوشی ہوتی ملتی ہو اس کو ہمیشہ اپنے تصور میں مسکراتا ہوا دیکھیں اس طرح آپ کا چہرہ بھی کھل اٹھے گا،۱۰۔کسی سے بھی توقعات اور امیدیں نہ رکھیں۔ کسی نے کیا خوب کہا کہ ’’جن میں اکیلے چلنے کا حوصلہ ہوتا ہے ایک دن ان کے پیچھے ہی قافلہ ہوتا ہے۔‘‘
قرآن میں رب عزوجل فرماتا ہے کہ’’میری رحمت سے نا امید نہ ہونا‘‘۔ آپ بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت پہ امید رکھیں ان شاء اللہ عزوجل وہ ذات ِ پاک آپ کو سکون سے مالا مال کردے گی۔ آخری بات یاد رکھیں کہ’’ہم لوگوں کا مقدر بدل نہیں سکتے ، بیماروں کو شفاء نہیں دے سکتے لیکن ان زندگی کے ماروں اور بے چاروں کو مسکرا کر مسکراہٹ ضرور دے سکتے ہیں‘‘۔ تو یہ مسکراہٹ اُن کو بہت خوشی دے گی۔چلیں سارے کام چھوڑیں اور تھوڑا سا مُسکرا دیں۔
فون نمبر 9541314428
[email protected]