جموں//گوجربکروال دیش تحریک انصاف کے صدرنزاکت کھٹانہ نے ریاستی حکومت سے گوجربکروال طبقہ کودرپیش مسائل کے ازالہ کامطالبہ کیاہے۔ یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نزاکت کھٹانہ نے کہاکہ خانہ بدوش گوجربکروال بستیوں میں بنیادی سہولیات کی قلت ہے۔انہوں نے کہاکہ گوجربکروال بستیوں میں راشن کی قلت ،موبائل سکولوں اورویٹرنری سہولیات ندارد ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت خانہ بدوش گوجربکروال بالائی علاقوں سے نچلے علاقوں کی طرف آرہے ہیں ان کے پاس ترپالوں،ٹینٹوں،سولولائٹوں اورویٹرنری سہولیات کی سخت کمی ہے جس کی وجہ سے انہیں شدیدمشکلات جھیلنی پڑرہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموں میں آئے روزمنشیات کااستعمال کرنے والوں کی تعدادبڑھ رہی ہے اوراکثراوباش لڑکے گلیوں میں لڑکیوں کوہراساں کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ خواتین اوربچیاں منشیات سمگلروں سے محفوظ ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ منشیات سمگلرمختلف بستیوں میں جاکرچوریاں کرتے ہیں۔کھٹانہ نے ریاستی گورنرسے مطالبہ کیاکہ منشیات کی لعنت پرروک لگانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔اس دوران پریس کانفرنس میں چوہدری اسلم،مولوی عباس، چوہدری علی حسین،شوکت احمد،لیاقت چوہدری ،چوہدری سراجوودیگران بھی شامل تھے۔