راجوری //تحصیل بالا کوٹ کے سرحدی علاقہ ڈھنڈوٹ کے مکینوں نے پہلی مرتبہ اپنے گائوں میں بجلی دیکھی ۔صفرلائن پر آباد گائوں کے مکینوں کیلئے فوج کی گھمبیر بٹالین نے ’مشن ورشن مستقبل ‘کے تحت بجلی جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں اپنا رول ادا کیا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مذکورہ گائوں ضلع پونچھ کی سرحدی تحصیل بالا کوٹ کے زیر تحت آتا ہے تاہم ابھی تک اس میں بجلی کیساتھ ساتھ سڑک جیسی بنیادی سہولیات بھی دستیاب نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ فوج کی جانب سے پہلی مرتبہ کوشش کے تحت گائوں میں بجلی فراہم کرنے کیلئے محنت و لگن کیساتھ کام کیا گیا ہے ۔فوج نے بتایا کہ ’مشن ورشن مستقبل ‘انڈین آرمی کی جانب سے اٹھایا گیا ایک قدم ہے جس کے تحت سیول انتظامیہ کے اشتراک سے دیہات میں بجلی اور سڑک جیسی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کام کیا جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ مشن 2020میں شروع کیا گیا تھا تاہم سرحدی علاقہ میں پاکستانی افواج کی شدید گولہ باری ،دراندزی و دیگر خطرات کے باوجود بھی سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر مکینوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔منریگا فنڈز کیساتھ ساتھ فوجی کی مشینری اور اہلکاروں کی مدد سے سرحدی علاقہ میں دن رات کی محنت کے بعد سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔مذکور ہ سرحدی گائوں میں 2021میں ہوئے سیز فائر معاہدے کے بعد بجلی کی فراہمی کے سلسلہ میں کھمبوں کو نصب کرنے کا عمل شروع کیا گیا ۔دفاعی شعبہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحدی علاقہ میں بجلی کی فراہمی کیلئے فوج کی جانب سے مدد فراہم کی گئی ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی جانب سے افتتاح کرنے کے بعد سنیچر کی شام پہلی مرتبہ علاقہ میں بجلی کی رسائی ممکن ہو سکی ہے ۔