سرینگر //جموں و کشمیر حج کمیٹی نے سال 2021میں حج پر جانے کے خواہشمند افراد سے آن لائن ہیلتھ ویری فکیشن کا عمل شروع کردیا ہے۔ حج کمیٹی کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ زیر نمبر Haj/2021/293بتاریخ 27مئی 2021میں لکھا گیاہے کہ سال 2021میں حج پر جانے کے خواہش مند افراد کیلئے آن لائن ہیلتھ ویری فیکیشن کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ حکم نامہ میں خواہشمند افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ www.Hajcommittee.gov.inپر کورونا مخالف ٹیکہ لینے کے بارے میں تفصیلات کے علاوہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بھی جمع کریں۔حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سال 2021میں سعودی عرب حکومت کے قوائد و ضوابط کے مطابق صرف 18سے 60سال تک کے خواہشمند افراد کو حج کی اجازت ہوگی ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سال 2020میں عالمی وباء کی وجہ سے حج و عمرہ نہیں ہوسکا تھاجبکہ سال 2021میں صرف مخصوص عمر کے زمرے میں آنے والے لوگوں کو کورونا مخالف ٹیکہ لینے کے بعد حج کرنے کی جازت ہوگی۔