جموں //یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے حال ہی میں یونیورسٹیوں سے این اے اے سی گریڈنگ ، این آئی آر ایف کے تحت رینکنگ اور یونیورسٹی کے دیگر امور کے بارے میں تفصیلی جانکاری طلب کی تھی ۔ یو جی سی نے سنٹرل یونیورسٹیوں ، سٹیٹ یونیورسٹیوں ، پرائیویٹ یونیورسٹیوں اور آٹھ کالجوں پر مشتمل 62 اعلیٰ تعلیمی اداروں کی ایک فہرست جاری کی ہے جنہیں مکمل طور سے اُن کے معیار کے مطابق خود مختاری دی جائے گی ۔ یونیورسٹی آف جموں ملک کی اُن 12 ریاستوں میں شامل ہے اور یہ ریاست کی واحد یونیورسٹی ہے جسے یو جی سی نے خود مختاری دینے کے نئے اقدام کے تحت تسلیم کیا ہے ۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر آر ڈی شرما نے گورنر این این ووہرا جو یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں ، کو یو جی سی کے اس فیصلے کے بارے میں جانکاری دینے کے بعد گورنر نے وائس چانسلر اور اُس کے رفقاؤں کو یونیورسٹی کی اس حصولیابی کیلئے انہیں مبارکباد دی ۔علاوہ ازیں ریاستی وزیراعلیٰ نے بھی نئی حصولیابی کیلئے وائس چانسلرجموں یونیورسٹی کومبارکبادپیش کی ہے۔ اس عمل سے یونیورسٹی نئے کورس شروع کرنے ، نئے شعبے وجود میں لانے ، غیر ملکی طلاب کو داخل کرنے ، غیر ملکی فیکلٹی کو تعینات کرنے ، کیمپس مراکز قایم کرنے کے حوالے سے یو جی سی کو رابطہ کئے بغیر خود مختار ہو گی ۔ این اے اے سی گریڈنگ کی بناء پر یونیورسٹی کو ایم ایچ آر ڈی کی طرف سے روسا کے تحت خصوصی گرانٹ دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے اور ایم ایس سی فزکس پروگرام کو عالمی سطح کے تقاضوں کے عین مطابق بڑھاوا دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے