جموں //جموں وکشمیر ٹورازم کو آر ڈنیشن کمیٹی کے بینر تلے سیاحت سے متعلق متعدد تنظیموں کی ایک میٹنگ جموں میں منعقد ہو ئی جس میں ان تنظیموں کے اراکین نے شرکت کی ۔ان تنظیموں نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کر تے ہوئے کہاکہ گزشتہ برس بجٹ سیشن کے دوران یہ طے پایاگیا تھا کہ ہوٹل اور ریزورٹس مالکان سے بجلی کا کرایہ انڈسٹریوں کی طرز پر لیا جائے گا اور اسی سلسلہ میں ریاست کے فائنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک حکم نامہ زیر نمبر267-FD جاری کیا گیا تھا جس کے تحت محکمہ نے ہوٹلوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا تھا لیکن کچھ ہوٹلوں کی رجسٹریشن پوری کرنے کے بعد یہ کہتے ہوئے باقی عمل پر روک لگا دی گئی کہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے اس حکم نامے کو منظوری نہیں دی گئی ہے ۔ میٹنگ میں اراکین نے محکمہ بجلی کے کا م کاج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس سے قبل اسمبلی کے بجٹ سیشن میں کئے گئے فیصلوں کے تحت ہی کرایہ وصول کیا جاتا رہا ہے لیکن اس بار محکمہ کی جانب سے اپنایا گیا موقف غیر مناسب ہے ۔انہوں نے ریاستی انتظامیہ بالخصوص گورنر ستیہ پال ملک سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ مذکورہ معاملہ میں ذاتی مداخلت کر کے محکمہ کو ہدایت جاری کریں تاکہ باقی ہوٹلوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جاسکے ۔میٹنگ میں اراکین نے مزیدکہاکہ ریاست میں سیاحت شعبہ کو ترقی دینے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں سیاحوں کو اس جانب راغب کیا جاسکے ۔اس میٹنگ میں PHDCCI کشمیر کے چیئر مین مشتاق احمد ،ہوٹل ایسوسی ایشن کٹرہ اور PHDCCIجموں راکیش وزیر ،ہوٹل ایسوسی ایشن جموں کلدیپ واہی کے علا وہ دیگران بھی موجود تھے ۔