عظمیٰ نیوز سروس
جموں //جموں پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (جے پی ڈی سی ایل) نے گرمی کے عروج کے موسم میں بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لئے کامیابی کے ساتھ اضافی 2000 لاکھ یونٹ بجلی فراہم کی ہے۔ اس سے بجلی کی کل سپلائی 14000 لاکھ یونٹس تک پہنچ گئی، جو پچھلے سال کی 12000 لاکھ یونٹس کی سپلائی کے مقابلے میں 16.71 فیصد کا نمایاں اضافہ ہے۔ایم ڈی جے پی ڈی سی ایل وکاس کنڈل نے بتایا کہ ’’ہم جموں کے لوگوں کو ہموار اور بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیںجبکہ ہماری ٹیم نے ٹرانسفارمر کی مرمت کے وقت کو کم کرنے کے لئے انتھک محنت کی ہے، اور ہم اضافی بجلی فراہم کرنے کے لئے آر ڈی ایس ایس کے تحت اپنے بنیادی ڈھانچے کو بڑھا رہے ہیں‘‘۔کنڈل نے مزید کہا کہ ’’ہم گرمی کے مہینوں میں قابل اعتماد بجلی کی فراہمی کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اور ہم رکاوٹوں کو کم کرنے کے لئے سمجھداری سے کام کر رہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی اضافی فراہمی جے پی ڈی سی ایل کے مختلف ونگز کے درمیان ہم آہنگی کا نتیجہ ہے۔جے پی ڈی سی ایل کی کوششوں کے نتیجے میں بجلی کی بندش میں نمایاں کمی آئی ہے۔آفیسر موصوف نے کہاکہ کارپوریشن جموں کے لوگوں کو قابل اعتماد اور معیاری بجلی فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہاکہ گرمیوں کے موسم میں گھروں اور کاروباری اداروں میں بجلی کی مانگ بڑھ جاتی ہے۔ یہ بنیادی طور پر کولنگ ایپلائینسز جیسے ایئر کنڈیشنر، ایئر کولر وغیرہ کی ضرورت کی وجہ سے ہے۔انہوں نے کہاکہ کئی سالوں سے مانگ میں اس اضافے نے جے پی ڈی سی ایل کو خطے کی توانائی کی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کرنے کے لئے حکمت عملی بنانے اور اضافی بجلی کے وسائل میں سرمایہ کاری کرنے پر اکسایا ہے۔ایم ڈی وکاس کنڈل کے مطابق ’’گرمیوں کے عروج میںجے پی ڈی سی ایل کو جن دو اہم مسائل کا سامنا ہے وہ خام گیجٹس کا استعمال ہیں خاص طور پر کم کارکردگی والے ایئر کنڈیشنر اور غیر قانونی کنکشن انہوں نے کہاکہ ’’ ہم چاہتے ہیں کہ صارفین تعاون کریں تاکہ ہم اپنی بہترین سروس دے سکیں‘‘۔