عظمیٰ نیوز سروس
جموں//بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل نتن اگروال نے اتوار کو جموں سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر تعینات فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔اگروال ہفتہ کو بین الاقوامی سرحد پر سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے دو روزہ دورے پر یہاں پہنچے اور اسپیشل ڈائریکٹر جنرل بی ایس ایف، ویسٹرن کمانڈ، وائی بی کھرانیہ اور انسپکٹر جنرل، بی ایس ایف، جموں فرنٹیئر، ڈی کے بورا کے ساتھ ایک مشترکہ سیکورٹی جائزہ میٹنگ میں شرکت کی۔ پولیس ہیڈکوارٹر میں مشترکہ سیکورٹی جائزہ اجلاس، جس کی صدارت آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی نے کی اور دیگر نیم فوجی دستوں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان نے شرکت کی، دہشت گردی کی سرگرمیوں اور سرحد پار سے دراندازی میں حالیہ اضافے کے تناظر میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بلایا گیا تھا۔ بی ایس ایف کے سربراہ نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی ملاقات کی، جنہوں نے انسداد دہشت گردی آپریشنز پر سینئر افسران کے ساتھ ایک الگ میٹنگ کی۔اتوار کو، بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے کہا کہ ڈی جی نے جموں کے سرحدی علاقے میں تعینات فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا اور یونٹ کمانڈنٹ کے ساتھ آپریشنل پہلوں پر تبادلہ خیال کیا۔قبل ازیں خرانیہ، بورا اور دیگر سینئر افسران نے ڈی جی بی ایس ایف کے ساتھ جموں پہنچنے کے فورا بعد موجودہ سیکورٹی صورتحال پر بات چیت کی۔ ترجمان نے بتایا کہ بی ایس ایف جموں آئی جی نے ڈی جی کو سرحدی سیکورٹی کے اہم پہلوں اور جموں سرحد پر تسلط برقرار رکھنے کے لیے بی ایس ایف کی حکمت عملیوں کے بارے میں بتایا۔بی ایس ایف کے ڈی جی نے اپنے دورے کے دوران فوجیوں سے بھی بات چیت کی اور ان کی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔