عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے، موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ کی طرف سے جموں ڈویژن بھر میں مسافر گاڑیوں کے اوور لوڈنگ اور موٹر وہیکل ایکٹ اور سنٹرل موٹر وہیکل رولز کے تحت دیگر بڑی خلاف ورزیوں کے خلاف زبردست انفورسمنٹ مہم چلائی گئی۔ موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ کی ٹیموں نے بھوانی رکوال، ٹرانسپورٹ کمشنر جموں و کشمیر کی رہنمائی میں خصوصی نفاذ مہم کا آغاز کیا، جموں ڈویژن میں خاص طور پر جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ناکے لگائے۔ مہم کا خصوصی فوکس اوور لوڈنگ، آر سی کی خلاف ورزی، روٹ پرمٹ کی خلاف ورزیوں وغیرہ کو چیک کرنا تھا۔انفورسمنٹ ڈرائیو کے دوران تقریباً 1240گاڑیوں کو چیک کیا گیا جن میں بسیں، ٹپر، سکول بسیں، منی بسیں، ٹورسٹ بسیں، گڈز کیریئر، ٹریکٹر، پرائیویٹ گاڑیاں، روٹ پرمٹ کی خلاف ورزیاں، اوور لوڈنگ، اوور اسپیڈنگ، بغیر سیٹ بیلٹ، بغیر ایس ایل ڈی وغیرہ شامل تھیں۔مجموعی طور پر598گاڑیوںکا چالان کیاگیا ۔خلاف ورزی کرنے والوں سے مجموعی طور پر 19.26 لاکھ روپے جرمانے کے طور پر وصول کیے گئے۔یہ نفاذ پنکج بھگوترا، آر ٹی او، جموں کی براہ راست نگرانی میں ایم وی آئی، ایس ایم وی آئی اور ایم وی ٹی اے کے ساتھ جموں ڈویژن کے متعلقہ اضلاع کے اے آر ٹی او کی سربراہی میں کئی انفورسمنٹ ٹیموں کے ذریعے کیا گیا۔