سری نگر//جموں و کشمیر ایسوسی ایشن آف حج عمرہ کمپنیز ( جے کے اے ایچ یو سی ) نے سول سیکرٹریٹ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان سے ملاقات کی اور متعدد امور اور مطالبات اٹھائے ۔ اس ملاقات میں جے کے اے ایچ یو سی کے صدر شیخ فیروز احمد ، میڈیا سیکرٹری اور دیگر ممبران موجود تھے ۔ وفد نے مشیر کو کووڈ 19 وباء کی وجہ سے ٹور اینڈ اوپریٹرز کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔ وفد نے کہا کہ 200 سے زائد رجسٹرڈ لائسنس ہولڈر اوپریٹر موجودہ وبائی مرض کی وجہ سے غیر فعال ہو گئے ہیں اور ان حالات میں بے روز گاری نے ان کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے ۔ مشیر کے سامنے اپنے مسائل اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے کے اے ایچ یو سی 4000 سے زائد افراد کو روز گار فراہم کر رہی ہے جو پچھلے دو برسوں سے بے روز گار ہو گئے ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سال کا کوٹہ بھی کم ہے جس سے ان کی معاشی حالت میں شائد ہی کوئی سدھار آ سکے ۔ انہوں نے اس ضمن میں حکومت کی مداخلت کا مطالبہ کیا اور اپنی معاشی سرگرمیوں کو برقرار رکھنے کیلئے نرم قرضوں اور دیگر امداد کا مطالبہ کیا ۔وفد نے کہا کہ چونکہ ہر کمپنی کے پاس پندرہ سے بیس ملازمین ہیں، اس لئے ملازمین کو فارغ ہوجانے کے نتیجے میں ان سے جڑے ہزاروں کنبے متاثر ہوسکتے ہیں اور اس کے نتیجے میں اس تجارتی انڈسٹری کے حوالے سے نا امیدی پیدا ہوگی۔ وفد نے مشیر کو مزید جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ حج و عمرہ کمپنیاں اب اپنے ملازمین کی تنخواہوں، دفاتر کا کرایہ اور دیگر ادائیگیاں کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ دیگر ریاستوں میں حکومتوں نے مالکان مکانات سے لاک ڈاون کے عرصے یعنی 22 مارچ 2020 کے بعد کے عرصے کیلئے کرایہ داروں کی کرایہ معاف کرنے کی اپیل کی ہے۔ لیکن جموں کشمیر میں حکومت کی جانب سے ایسی کوئی اپیل یا حکم جاری نہیں کیا گیا ہے۔وفد نے انتظامیہ کو تجویز دی ہے کہ ایسے حالات میں حج و عمرہ کمپنیوں کی مدد کرنے کیلئے کسی ریلیف پیکیج کے بجائے حکومت انہیں آسان شرطوں پر قرضے فراہم کرے تاکہ وہ ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر ضروری اخراجات پورے کرنے کے اہل ہوں۔ چونکہ کمپنیوں کے پاس ضروریات پوری کرنے کیلئے فی الوقت کوئی سرمایہ میسر نہیں ہے، اس لئے انتظامیہ سافٹ لون فراہم کرتے ہوئے ان کمپنیوں کی مدد کرسکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں معاشی پہیہ کو متحرک رکھنے میں بھی مدد مل سکے۔ مشیر نے ان کو غور سے سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مناسب فورم کے سامنے اٹھایا جائے گا ۔ وفد میں جموں کشمیر ایسوسی ایشن آف حج و عمرہ کمپنیز کے صدر شیخ فیروز احمد کے علاوہ ایسوسی ایشن کے نائب صدر پرویز احمد بٹ، سیکرٹری جنرل محمد یونس، میڈیا سیکرٹری سلیم جبار، خزانچی محمد اسماعیل اور ایسوسی ایشن کے سینئر رکن مزمل بابا شامل تھے۔