ریاسی//گزشتہ تین روز سے ریاسی ضلع کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانوں علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری تھا جس کی وجہ سے کئی ایک سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ درجنوں دیہات میں بجلی بھی غائب ہے اورژالہ باری اور بارشوں سے فصلوں،میوہ جات اور کئی ایک رہاشئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ تین روز سے درماڑی،مہور،چسانہ اور گلابگڑھ کے درجنوں دیہات میں بجلی غائب ہے جس کی وجہ سے لوگ گھپ اندھیرے میں ہے۔اس کے علاوہ مہور سے جموں،مہور سے گلابگڑھ،درماڑی سے بدھن اور دیگر کئی اندرونی سڑکیں پھسلن،پسیوں اور تغیانی نالوں کی وجہ سے بند ہوگئی ہیں۔مہور سے جموں سڑک ملائی میں پسی گرنے کی وجہ سے بند ہوگئی ہے۔اس حوالے سے گرئف کے او آئی سی شیو رمن نے نمائندہ کو بتایا کہ ملائی کے مقام پر کافی پسی گر آئی ہے جس کو بحال کرنے میں دو دن لگ سکتے ہیں۔مہور کے بلاک گلابگڑھ کا ائرٹیل ٹاور بھی دو دن سے بند پڑا ہے جس کی وجہ سے ائر ٹیل صارفین کے آپسی رابطے ٹوٹ چکے ہیں اور فون ملانے پر گلابگڑھ کے ہر ایک ائر ٹیل یوزر کا فون سوچ آف آرہا ہے۔تین روز سے لگاتار بارشوں کے بعد سہ پہر بعد موسم میں بہتری آگئی جس کے بعد لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔بارشوں کے باعث مہور ہیڈکوارٹر کا بازار تالاب میں تبدیل ہوگیا ہے اور بازار میں چلنا محال ہوگیا ہے۔تین روز سے لگاتار بارشوں کے بعد گزشتہ شب شدید ژالہ باری ہوئی اور دو سے تین انچ تک اولے جمع ہوگئے جس کی وجہ سے فصلوں اور میوہ جات کو کافی نقصان پہنچا ہے۔نقصان کے حوالے سے جب کشمیر عظمیٰ نے سب ڈویڑنل مجسٹریٹ مہور فیصل حسیب سے بات کی انہوں نے کہا کہ ان کے پاس کچھ نقصان کی اطلاعات ملی ہے اور وہ پتہ لگا رہے ہیں کہ کہاں کہاں پر نقصان ہوا ہے۔