سرنکوٹ // گورنمنٹ بوائز ہائراسکینڈری سکول سرنکوٹ میں ریاضی کے ٹیچر کی اسامی پچھلے ایک ماہ سے خالی ہے جس وجہ سے طلباء کویہ مضمون پڑھانے والاہی کوئی نہیں ۔طلبا ء کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کو پڑھانے والے ٹیچر کوایک ماہ پہلے اٹیچ کردیاگیاجس کے بعد ان کی پڑھائی بری طرح سے متاثر ہورہی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ پچھلے ایک ماہ سے ریاضی کاکوئی ٹیچر نہیں اور وہ پریشان حال ہیں۔اس سلسلے میں طلباء نے احتجا ج بھی کیا ۔ پوٹھہ کے شفقت حسین شاہ نے بتایا کہ سکول میں ریاضی پڑھنے والے طلباء کا پاس ہونا مشکل ہے کیونکہ انہیں پڑھانے والاہی کوئی نہیں ہے ۔ان کاکہناہے کہ ان کے بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ جب تحصیل صدر مقام پر واقع ادارے کا یہ حال ہے تو پھر دور دراز کے سکولوں کا کیا حشر ہوگا۔ان کاکہناہے کہ ریاضی کا ٹیچر نہ ہونے کی وجہ سے دو سو طلباء کی پڑھائی متاثر ہورہی ہے ۔وہیں طلباء کاکہناہے کہ ان کی پڑھائی کا یہی وقت ہے لیکن نہ جانے کیوں کرٹیچر کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی جارہی ۔