مینڈھر//گوجر بکروال ایڈوائزری بورڈ کے ریاستی ممبر و سابق سرپنچ چوہدری محمد صادق اور پی ڈی پی کے ضلع پونچھ کے سینئر وائس صدر محمد دین پسوال نے برما میں مسلمانوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے برما حکومت کے خلاف کارروائی کرنے کی مانگ کی ہے ۔اپنے بیانات میں انہوںنے عالمی برادری پر زوردیا کہ اس ظلم و ستم کو فوری طور پر رکوایا جائے۔انہوں نے کہا کہ برما میں اس ملک کی فوج اور بلوائیوں کی طرف سے ظلم کی انتہا کر دی گئی ہے اور روہنگیائی مسلمانوں کو بربریت کا نشانہ بنا کر قتل کیا جا رہا ہے ، افسوس کی بات ہے کہ مائوں بچوں سمیت مسلم اقلیت کو مارا جا رہا ہے اور انسانیت کا قتل عام ہو رہا ہے لیکن عالمی برادری بالخصوص مسلم ممالک خاموش بیٹھے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ مسلمان ممالک کو اس موقعہ پر اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اقوام متحدہ اور دیگر پلیٹ فارم پر اس مسئلے کو زور شور سے اجاگر کرنا چاہیے تاکہ مزید قتل و غارت نہ ہو پائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں کسی اقلیت کے خلاف اس قدر ظلم و ستم کی کوئی مثال نہیں ملتی اور بری حکومت مسلمانوں کو بے گھر کرنے کے در پہ ہے۔انہوںنے کہا کہ برما کے مسلمانوں کو کوئی دوسرا ملک بھی اپنانے کو تیار نہیں اور وہ جائیں تو جائیں کہاں ۔ان کاکہناتھاکہ اس موقعہ پر تمام مسلم ممالک کو اکٹھا ہو کر قتل عام رکوانا چاہیے۔اقوام متحدہ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوںنے کہاکہ نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیموں کو برما میں ظلم کیوں دکھائی نہیں دے رہا ہے۔انہوں نے فوری طور قتل عام کو بند کروانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہی حالت رہی تو یہ ظلم و ستم سارے ممالک میں پھیل جائے گا ۔انہوں نے تمام مسلمان لوگوں سے اپیل کی کہ جمعہ کے ورز برما حکومت کے خلاف احتجاج کیا جائے تاکہ اقوام متحدہ احتجاج کو دیکھتے ہوئے کوئی اہم فیصلہ لے ۔